کراچی، سعدی ٹاؤن میں ماڈل کالونی پولیس کا چھاپہ، چھینی گئی کار برآمد
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے سعدی ٹاؤن میں ماڈل کالونی پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں چند گھنٹے قبل چھینی گئی کار برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق، ملزمان چھینی گئی کار کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ہو گئے تھے، لیکن پولیس نے کامیابی سے ان کا پیچھا کیا اور کار قبضے میں لے لی۔
ماڈل کالونی کے ایس ایچ او، عرفان سہتو نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماڈل کالونی سے چھینی گئی کار کا پیچھا کرتے ہوئے سعدی ٹاؤن پہنچے۔ یہاں ایک خالی گھر کے باہر ٹریکر بند ہو چکا تھا۔
گھر کی تلاشی لی تو اندر سے نہ صرف چھینی گئی کار برآمد ہوئی بلکہ دیگر سامان بھی ملا، جن میں ٹریکر بند کرنے والا کیمرہ، لیپ ٹاپ، جعلی نمبر پلیٹیں اور دیگر مشتبہ مواد شامل ہیں۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ یہ گھر ایک ماہ قبل کرائے پر لیا گیا تھا اور ملزمان یہاں چھپ کر رہ رہے تھے۔ پولیس کو گھر سے بلیک ماسک بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان کا یہ گروہ منظم نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ہے۔
پولیس نے کار قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چھینی گئی کار ماڈل کالونی
پڑھیں:
حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، 8 ہزار ڈالرسمیت دیگر غیرملکی کرنسی برآمد
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی( ایف آئی اے) کراچی زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے نشترپارک نمائش کے علاقے میں واقع ایک فلیٹ سے ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت کاظم رضا کے نام سے ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملزم حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے میں تھا۔ چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 90 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔اس کے ساتھ 8 ہزار امریکی ڈالر، 37 ہزار عراقی دینار ، 110 سعودی ریال اور 2000 تنزانیہ شلنگ بھی برآمد ہوئے۔2عدد موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کیا گیا۔
ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ چھاپہ مار کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔