لاہور ہائیکورٹ نے آوارہ کتوں کو مارنے کی اجازت دے دی
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
لاہور:
لاہور ہائیکورٹ نے آوارہ کتوں کو مارنے کی اجازت دیتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے کہا کہ لاعلاج کتوں کو بہتر طریقے سے اور آرام دہ موت دی جائے۔ جسٹس جواد حسن نے چھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں ہدایت دی گئی کہ کتوں کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی گائیڈ لائنز کے مطابق مارا جائے۔
یہ فیصلہ شہری انیلا عمیر اور دیگر درخواست گزاروں کی درخواست پر سنایا گیا جنہوں نے راولپنڈی میں آوارہ کتوں کے خلاف جاری آپریشن روکنے کی استدعا کی تھی۔ درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ متعلقہ حکام کو کتوں کو مارنے کے خلاف درخواستیں دی گئیں لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق متعلقہ حکام نے عدالت کو بتایا کہ شہریوں کی شکایات پر آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا۔
ویٹرنری آفیسر راولپنڈی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کی متعدد شکایات موصول ہوئیں جس کے باعث یہ آپریشن شروع کیا گیا۔ ویٹرنری آفیسر نے مزید کہا کہ آوارہ کتوں سے صحت، مذہبی اور دیگر سنگین نوعیت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جبکہ یہ شہریوں پر حملے بھی کرتے ہیں جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
وکیل درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ حکومت کتوں کے کاٹنے کے مسئلے کے حل کے لیے متبادل طریقہ کار اپنا سکتی ہے۔ ان کے مطابق آوارہ کتے خوراک کی قلت کے باعث لوگوں کو کاٹتے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کتوں کے لیے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائے، بجائے اس کے کہ انہیں مارا جائے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین جانوروں کے حقوق، عوامی مفاد اور حفاظت کی پالیسی پر سختی سے عمل کریں۔ مزید برآں لاعلاج کتوں کو بہتر اور آرام دہ طریقے سے مارا جائے تاکہ غیر ضروری تکلیف سے بچا جا سکے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ اس عمل کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی گائیڈ لائنز کے مطابق سرانجام دیا جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آوارہ کتوں کے مطابق کتوں کو کتوں کے
پڑھیں:
فلپائن: مچھر مارنے پر انعام کا اعلان
فلپائن کے ایک گنجان آباد شہری علاقے میں حکام نے ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے بعد انوکھی کوشش شروع کر دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں حکام ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کے طور پر مچھروں کو مارنے پر نقد انعام کی پیشکش کر رہے ہیں۔
منیلا کے علاقے برانگے ایڈیشن ہلز کے علاقے میں 5 مچھر لانے پر ایک پیسو (2 امریکی سینٹ) انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ پیشکش ایک ماہ تک جاری رہے گی اور اس دوران مردہ یا زندہ مچھروں اور ان کے لاروا دونوں پر انعام دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد ازاں زندہ مچھروں کو الٹرا وائلٹ لائٹ کے ذریعے مار دیا جائے گا، اب تک 21 افراد 700 مچھر اور لاروا لا کر انعام حاصل بھی کر چکے ہیں۔
یہ پروگرام علاقے میں ڈینگی کے باعث 2 طلباء کی موت کے بعد شروع کیا گیا ہے۔
مقامی حکام نے اس اقدام سے متعلق کہا ہے کہ یہ مقامی آبادی کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ فلپائن میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔