کراچی میں واٹر ٹینکر سے کچل کر ایک اور شہری جاں بحق، مشتعل افراد نے 5 ٹینکروں کو جلا دیا
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
کراچی: شہرقائد میں ہوی ٹریفک سے حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، جیل چورنگی سے حسن اسکوائر جانے والے روڈ پر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، مشتعل افراد نے پانچ ٹینکر جلا دیئے۔
پولیس کے مطابق جیل چورنگی سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک پر ہونے والے حادثے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔نامعلوم مشتعل افراد نے واقعہ کے بعد 5 واٹر ٹینکروں کو آگ لگا دی ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے ریکارڈ کے مطابق شہر میں رواں سال ہونے والے مختلف ٹریفک حادثات میں 45 دنوں میں 107 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والے 107 افراد میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں سال اب تک 78 مرد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے، بے ہنگم اور بے قابو ٹریفک نے 14 خواتین کی جان لے لی جبکہ ٹریفک حادثات میں معصوم بچے بھی محفوظ نہ رہے۔
مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 11 بچے اور 4 بچیاں جاں بحق ہوئیں، اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث 15 کے قریب شہری زخمی ہوئے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ٹریفک حادثات
پڑھیں:
کراچی؛ بلدیہ ٹاؤن میں ٹینکر نے 4 سالہ بچے کی جان لے لی
کراچی:بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں ٹینکر نے 4 سالہ بچے کی جان لے لی۔
ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے عابد آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 4 سالہ عفان ولد جاسم کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ کھیلتے ہوئے سڑک پار کررہا تھا کہ ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، تاہم واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔