پیکا ایکٹ کیخلافبھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے دن بھی جاری
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر پیکا ایکٹ کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے دن بھی جاری رہا جس میں صحافیوں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سمیت سول سوسائٹی نے شرکت کی۔ اس موقع شرکاءکی پیکا ایکٹ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پی ایف یو جے کے رہنما خالد کھوکھر کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کالا قانون ہے جو اظہار رائے کی آزادی پر قدغن کے مترادف ہے، حکمرانوں میں سچ سننے کی ہمت نہیں ہے اسی لیے اس طرح کا قانون نافذ کیا گیا ہے، پیکا ایکٹ کے خاتمے تک صحافیوں کی تحریک جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری حکومت نے آمرانہ طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے ایسے قوانین آمرانہ دورمیں بھی نافذ نہیں کیے گئے ،پی ایف یو جے پلے بھی زباں بندی کے خلاف جدوجہد میں رہی ہے اور کالے قانون کے خلاف بھی اس کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اپنے خطاب میں نیشن پارٹی سندھ کے صدر تاج مری نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد سے مسلسل زباں بندی کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں اور ہم آزادی اظہار رائے کے لیے ہر محاذ پر صحافیوں کے ساتھ ہیں ۔کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری امداد قاضی نے کہا کہ صحافیوں کی تحریک میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، حکمرانوں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ وہ عوام کو ان کے بنیادی اور آئینی حقوق سے محروم رکھیں لیکن ہم ہرایسی کوشش کے خلاف میدان عمل میں موجود ہیں۔ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد وسیم خان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں جب اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو اظہار آزادی اظہار رائے پر پابندی کی مخالف ہوتی ہیں، اقتدار میں آتے ہی سیاسی جماعتیں صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش کرتی ہیں۔ ایچ یو جے کے جنرل سیکرٹری جام فرید لاکھو نے کہا کہ پیکا ایکٹ کے خلاف احتجاج کی آخری حد تک جائیں گے، قیادت کے حکم پر ایکٹ کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ ہا¶س تک بھی جائیں گے ۔علاوہ ازیں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے یونٹس کی جانب سے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی بھوک ہڑتالی کیمپس کا سلسلہ جاری رہا ۔ایچ یو جے کے یونٹ ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، دادو،سجاول، جامشوروپریس کلب کے سامنے صحافیوں نے بڑی تعدادمیں بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی۔
پیکا ایکٹ
حیدرآباد: یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پیکا قانون کے خلاف دوسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری ہے
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: یونین آف جرنلسٹس پیکا ایکٹ کے بھوک ہڑتالی نے کہا کہ کے خلاف
پڑھیں:
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، لیاقت بلوچ
اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ پی ٹی آئی دور میں بھی غلط تھا۔ انکا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعت اسلامی پیکا ایکٹ کیخلاف صحافتی برادری کیساتھ کھڑی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے بھی پیکا ایکٹ میں ترمیم کرکے بڑی غلطی کر دی۔جماعت اسلامی کے نائب امیر نے کہا کہ پیکا ایکٹ پی ٹی آئی دور میں بھی غلط تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعت اسلامی پیکا ایکٹ کے خلاف صحافتی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔