ویب ڈیسک — 

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے محکمہ خزانہ کو ایک سینٹ کا سکہ بنانے سے روکنے کی ہدایت دی ہے کیونکہ اسے ڈھالنے کی لاگت ، سکے کی اپنی قیمت سے زیادہ ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’ امریکہ طویل عرصے سے ایک سینٹ کے جو سکے ڈھال رہا ہے، ہمیں اس کی قیمت دو سینٹ سے زیادہ پڑتی ہے۔ اس سے بہت نقصان ہوتا ہے‘۔

اتوار کو شائع ہونے والی ان کی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ میں نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک سینٹ کے سکے ڈھالنا روک دیں۔

صدر ٹرمپ کا یہ تازہ ترین اقدام ان کی نئی انتظامیہ کی جانب سے ایگزیکٹو آرڈرز اور اعلانات کے ذریعے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک سینٹ کا سکہ ختم کرنے کی اپنی خواہش کا کبھی ذکر نہیں کیا تھا لیکن ان کے حکومتی کارکردگی کے محکمے کے نگران ایلون مسک نے پچھلے مہینے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں ایک پینی (سینٹ) کا سکہ ڈھالنے پر اٹھنے والے اخراجات سے متعلق سوال اٹھایا تھا۔

امریکی ٹکسال نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ 2024 کے مالی سال کے دوران جو 30 ستمبر کو ختم ہوا تھا، ایک سینٹ کے تین ارب 20 کروڑ سکے ڈھالنے پر 8 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ تفصیل کے مطابق ایک سینٹ کا سکہ ڈھالنے پر لگ بھگ پونے چار سینٹ خرچ ہوئے ۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پانچ سینٹ مالیت کے ہر سکے کے ڈھالنے پر، جسے امریکہ میں نکل (nickel) کہا جاتا ہے، 14 سینٹ کے اخراجات اٹھتے ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ آیا صدر ٹرمپ کے پاس سب سے کم قیمت سکے، ایک سینٹ کو یک طرفہ طور پر ختم کرنے کا اختیار موجود ہے۔ کیونکہ اس وقت امریکہ میں زیر گردش سکوں کے سائز اور ان میں استعمال ہونے والی دھات کا تعین کانگریس کی جانب سے کیا گیا تھا۔

میساچوسٹس کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں شعبہ معاشیات کے پروفیسر رابرٹ کے ٹریسٹ کہتے ہیں کہ ان کے خیال میں یہ گنجائش موجود ہے۔

امریکہ کے محکمہ خزانہ کی عمارت کا بیرونی منظر۔ فائل فوٹو

پچھلے مہینے ٹریسٹ نے کہا تھا کہ امریکہ میں سینٹ کے سکے کا استعمال ترک کرنے کا عمل قدرے غیر واضح ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اس کے لیے کانگریس کے کسی ایکٹ کی ضرورت ہو، لیکن ممکنہ طور پر محکمہ خزانہ کا وزیرایک سینٹ کے نئے سکے ڈھالنے کا عمل روک سکتا ہے۔

کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق کانگریس کے ارکان جست کے سکے پر تانبا چڑھانے کے عمل کے بارے میں متعدد بار قانون سازی کر چکے ہیں۔ گزر جانے والے کئی برسوں کے دوران قانون سازی کی تجاویز کے ذریعے ایک سینٹ کے سکے کی تیاری عارضی طور پر معطل کرنے ، گردش سے نکالنے یا اس کی قیمت پانچ سینٹ کے سکے کے قریب ترین رکھنے کی کوششیں کی گئیں۔

ایک سینٹ کے سکے کا استعمال ختم کرنے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس سے سکہ ڈھالنے کے اخراجات میں کفایت ہو گی، خریداری کرتے وقت بل کی ادائیگی میں کم وقت صرف ہو گااور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان سمیت کئی ملک اپنی کرنسی کا سب سے چھوٹا سکہ متروک کر چکے ہیں۔ مثال کے طور پر کینیڈا نے 2012 میں اپنا ایک سینٹ کا سکہ ڈھالنا ختم کر دیا تھا۔ امریکہ میں بھی سب سے کم قیمت کے سکے کا استعمال ترک کرنے کا یہ پہلا موقع نہیں ہو گا کیونکہ کانگریس نے 1857 میں اپنا آدھے سینٹ کا سکہ ختم کر دیا تھا۔

امریکہ کے محکمہ خزانہ کی ٹکسال کی عمارت کی بیرونی دیوار، جہاں سکے ڈھالے اور کرنسی نوٹ چھاپے جاتے ہیں۔

نئی ٹرمپ انتظامیہ اخراجات کم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ٹرمپ نے اس مہم کی قیادت ایلون مسک کو سونپی ہے اور وہ زیادہ تر ایجنسیوں اور وفاقی حکومت کی افرادی قوت کے ایک بڑے حصے کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ 2 ٹریلین ڈالر کی بچت کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

ٹرمپ نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ آیئے ہم اپنی عظیم قوم کے بجٹ میں موجود نقصان سے چھٹکارہ حاصل کریں، چاہے وہ ایک سینٹ ہی کیوں نہ ہو۔

ٹرمپ نے یہ پیغام اس وقت جاری کیا جب وہ نیو آرلینز میں کھیلے جانے والے سپربال کا پہلا ہاف دیکھنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔

(اس رپورٹ کی تفصیلات اے پی سے لی گئیں ہیں)

.

ذریعہ: Al Qamar Online

کلیدی لفظ: پاکستان کھیل ایک سینٹ کا سکہ سینٹ کے سکے ایک سینٹ کے امریکہ میں ڈھالنے پر پوسٹ میں اپنی ایک کہ میں

پڑھیں:

ٹرمپ، عالمی لبرل نظام کیلئے خطرہ

اسلام ٹائمز: اگرچہ یورپ، امریکہ اور ان کے اتحادی ممالک جیسے کینیڈا وغیرہ لبرل حکومتیں جانی جاتی ہیں اور سرمایہ دارانہ اقتصاد کی حامل ہیں لیکن ان کے تجارتی ڈھانچے قدرے ایکدوسرے سے مختلف ہیں جس کے باعث امریکہ کی جانب سے ان ممالک کی درآمدات پر ٹیکس عائد کیا جانا ممکن ہے۔ اس سوال کے کئی جواب ممکن ہیں کہ امریکہ نے ایسا کیوں کیا ہے؟ کیونکہ اس کے مدنظر مختلف اہداف ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ پروٹیکشن ازم کا حامی ہے اور یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ ملکی مصنوعات کی حمایت ضروری ہے اور گلوبلائزیشن کے عمل نے امریکہ کے مزدور طبقے اور ملکی مصنوعات کو نقصان پہنچایا ہے۔ اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ اس نتیجے پر پہنچ چکا ہے کہ لبرل ازم کے اصولوں کے تحت فری ٹریڈ کا زیادہ فائدہ چین، جرمنی، کینیڈا اور حتی میکسیکو جیسے ممالک کو ہوا ہے۔ لہذا اب ٹرمپ کا جھکاو لبرل ازم سے ہٹ کر نیو مرچنٹلزم اور پروٹیکشن ازم کی جانب بڑھتا جا رہا ہے۔ تحریر: ڈاکٹر رکسانا نیکنامی
 
امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں قدم رکھتے ہی لبرل اقدار اور روایات کی دھجیاں اڑانا شروع کر دی ہیں۔ ان کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک اور حتی اپنے اتحادی مغربی ممالک کی جانب سے درآمدات پر ٹیکس عائد کرنا ایسا اقدام ہے جسے عالمی حلقے ایک قسم کی تجارتی جنگ قرار دے رہے ہیں اور اس بارے میں پابندیوں کا لفظ استعمال نہیں ہو سکتا۔ البتہ ہم اس بات کی بھی وضاحت کریں گے کہ ٹرمپ نے پابندیوں کو بھی مدنظر قرار دے رکھا ہے۔ لیکن اگر ہم گذشتہ مدت صدارت نیز حالیہ مدت صدارت کے دوران سیاسی اقتصاد کے شعبے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور اقدامات کا درست تجزیہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں نیو مرچنٹلزم کی اصطلاح بروئے کار لانی پڑے گی۔ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نظر میں حکومت کی جانب سے تجارتی سرگرمیوں میں مداخلت کا بنیادی مقصد ملکی معیشت اور صنعت کی حمایت کرنا ہے۔
 
کسی بھی حکومت کی جانب سے تجارتی سرگرمیوں میں مداخلت کے اہم ترین ہتھکنڈوں میں سے ایک درآمدات پر ٹیکس عائد کرنا ہے جبکہ دیگر ہتھکنڈے بھی پائے جاتے ہیں۔ درحقیقت مرچنٹلزم کے حامی اور پیروکار تجارت کی بنیاد ایسا کھیل تصور کرتے ہیں جس کا نتیجہ صفر نکلتا ہو۔ اس نقطہ نظر کے حامی افراد بین الاقوامی اقتصادی کیک کو ایک مستقل مقدار سمجھتے ہیں لہذا ان کی نظر میں اقتصاد کے کھیل میں آپ کا حصہ جس قدر زیادہ ہو گا اسی نسبت سے دیگر ممالک کو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بھاری ٹیکس عائد کرنا ایک ایسے ہتھکنڈے میں تبدیل ہو جاتا ہے جو مطلوبہ تجارتی سطح اور اقتصادی فائدے کے حصول کے لیے بروئے کار لایا جاتا ہے۔ آسان الفاظ میں یوں کہیں گے کہ اس طرز فکر کے حامی یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ درآمدات پر ٹیکس عائد کرنے سے دیگر ممالک کے مقابلے میں اپنے ملک کی معیشت مضبوط ہوتی ہے۔
 
البتہ زیادہ گہرائی میں سمجھنے کی خاطر یا دوسرے الفاظ میں بہتر نظریہ پیش کرنے کے لیے ہمیں نیو مرچنٹلزم مکتب فکر کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہنا ہو گا کہ ٹرمپ کی اقتصادی پالیسیاں اسٹریٹجک تجارت کے نظریات کی روشنی میں بھی جانچی جا سکتی ہیں جو مرچنٹلزم کے نظریے سے زیادہ جدید ہیں۔ اس نظریے کے حامی یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ خاص اہداف مدنظر قرار دے کر تجارتی سرگرمیوں میں مداخلت کرے اور درآمدات پر ٹیکس عائد کرے یا ملکی صنعت کو سبسیڈ فراہم کرے اور یوں ملکی صنعت کے فائدے میں عمل کرنے کی کوشش کرے اور اس طرح بین الاقوامی حریفوں کے مقابلے میں ملکی پیداوار کی حفاظت کرے۔ اس قسم کی پالیسیاں عام طور پر ایسی مصنوعات کے بارے میں اپنائی جاتی ہیں جن پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ بازی زیادہ ہوتی ہے۔
 
اسی طرح مختلف مصنوعات کا خام مال جیسے فولاد اور ایلومینیم بھی انہی پالیسیوں کے زمرے میں آتا ہے کیونکہ یہ ایسی مصنوعات ہیں جن میں دوسری مصنوعات کی نسبت غیر یقینی صورتحال زیادہ پائی جاتی ہے۔ لہذا سیاسی اقتصاد کے شعبے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا نقطہ نظر نیو مرچنٹلزم اور اسٹریٹجک تجارے کے نظریے کا مرکب قرار دیا جا سکتا ہے۔ البتہ اس نکتے پر توجہ ضروری ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران فولاد اور ایلومینیم جیسی اسٹریٹجک مصنوعات جن پر مقابلہ بازی بہت زیادہ ہے، 25 فیصد ٹیکس عائد کیا تھا۔ لہذا ایسا نہیں تھا کہ ٹرمپ درآمدات پر ٹیکس عائد کرنے کی پالیسی پر گامزن ہوتے ہوئے اس بات کو مدنظر قرار دے کہ کون سے ممالک امریکہ یا مغرب کے ہمنوا ہیں اور کون سے ہمنوا نہیں ہیں۔ ٹرمپ نیو مرچنٹلزم اور بین الاقوامی تعلقات عامہ کو تاجروں کے انداز میں دیکھنے کا عادی ہے۔
 
یہی وجہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دوسرے ممالک کے مقابلے میں امریکی تجارت کی سطح کم دیکھتا ہے اور اس عدم توازن کا احساس کرتا ہے لہذا حریف ممالک کے مقابلے میں امریکی تجارت کی سطح بڑھانے کے درپے ہے۔ اس کی نظر میں امریکہ کی تجارتی سطح جس قدر اوپر جائے گی اسی قدر زیادہ زرمبادلہ امریکہ میں منتقل ہو گا اور اس کے نتیجے میں امریکی معیشت ترقی کرے گی اور ملکی صنعت کی حمایت ہو گی اور بے روزگاری کی شرح بھی کم ہوتی جائے گی۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ امریکہ کی کچھ مصنوعات خود کو بین الاقوامی حریفوں کی جانب سے شدید دباو میں محسوس کرتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ملکی صنعت کی رضامندی حاصل کرنے کے درپے ہے۔ اسی طرح ٹرمپ کی نظر میں درآمدات پر ٹیکس لگانا ایک مذاکراتی ہتھکنڈہ بھی ہے۔ ٹرمپ کو امید ہے کہ وہ اس اقدام کے ذریعے یورپی حکمرانوں سے مراعات لے سکتا ہے۔
 
اگرچہ یورپ، امریکہ اور ان کے اتحادی ممالک جیسے کینیڈا وغیرہ لبرل حکومتیں جانی جاتی ہیں اور سرمایہ دارانہ اقتصاد کی حامل ہیں لیکن ان کے تجارتی ڈھانچے قدرے ایکدوسرے سے مختلف ہیں جس کے باعث امریکہ کی جانب سے ان ممالک کی درآمدات پر ٹیکس عائد کیا جانا ممکن ہے۔ اس سوال کے کئی جواب ممکن ہیں کہ امریکہ نے ایسا کیوں کیا ہے؟ کیونکہ اس کے مدنظر مختلف اہداف ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ پروٹیکشن ازم کا حامی ہے اور یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ ملکی مصنوعات کی حمایت ضروری ہے اور گلوبلائزیشن کے عمل نے امریکہ کے مزدور طبقے اور ملکی مصنوعات کو نقصان پہنچایا ہے۔ اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ اس نتیجے پر پہنچ چکا ہے کہ لبرل ازم کے اصولوں کے تحت فری ٹریڈ کا زیادہ فائدہ چین، جرمنی، کینیڈا اور حتی میکسیکو جیسے ممالک کو ہوا ہے۔ لہذا اب ٹرمپ کا جھکاو لبرل ازم سے ہٹ کر نیو مرچنٹلزم اور پروٹیکشن ازم کی جانب بڑھتا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • ٹرمپ نے اسٹیل، ایلومینیم پر 25 فیصد محصولات عائد کر دیں
  • امریکا میں ایک سینٹ کا سکہ ختم؟ ٹرمپ کا نیا حکم جاری
  • ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا فیصلہ: ایک سینٹ کے سکے کی تیاری بند
  • سپر بول میں فلاڈیلفیا کی کنساس کے خلاف فتح؛ ٹرمپ بھی اسٹیڈیم میں تماشائیوں میں موجود
  • امریکہ سعودی تعلقات نیا موڑ
  • ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟ جان کر حیران رہ جائیں گے
  • ممنوعہ بلندی!
  • روس اور امریکہ کے مابین یوکرین کے معاملے پر رسہ کشی
  • ٹرمپ، عالمی لبرل نظام کیلئے خطرہ