پنشن میں کٹوتی کے خلاف سی بی اے کا احتجاجی مظاہرہ
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل سندھ ایگریکلچر ریسرچ ریجنل ایمپلائز یونین( سی بی اے) ٹنڈو جام کی جانب سے پنشن میں کمی، الائونسز میں کٹوتی اور فوتی کوٹہ ختم کیے جانے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرے میں شریک ملازمین بنیادی مسائل کے حل اور مطالبات کے حق میں سخت نعرے بازی کر رہے تھے جبکہ مظاہرے سے ایمپلائز یونین ٹنڈو جام کے صدر علی روشن چنہ،آل سندھ ٹریڈ یونینز آرگنائزیشن کے رہنما کامریڈ اقبال ، غلام رسول، دھنی بخش اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکار کے انتظامی امور کی انجام دیہی دینے والے ملازمین عالمی اداروں کی ہدایات کی بھینٹ چڑھائے جارہے ہیں ، پنشن کم کرنا ، الائونسز میں کٹوتی اور فوتی کوٹہ ختم کرنا ملکی آئین اور لیبر قوانین کے منافی عمل ہے ،یہ فیصلے واپس لیکر ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ ایک طرف ملکی حکمران عالمی سامراجی مالیاتی اداروں کی ہدایت پر ملک بھر کے لاکھوں سرکاری ملازمین کی مراعات میں کٹوتی کرکے انہیں فاقہ کشی کی دلدل میں ڈالنے کی حکمت عملی پر کار فرما ہیں تو دوسری طرف اراکین پارلیمنٹ اپنی تنخواہوں ، الائو نسز و دیگر مراعات میں اضافہ کرکے ملکی آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ لہذاسرکاری ملازمین حکمرانوں کے ان ملازمین دشمن فیصلوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کی تمام مراعات ، پنشن ، الائونسز بحال کیے جائیں ورنہ ملازمین اپنی مستقل جدوجہد جاری رکھیں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: میں کٹوتی
پڑھیں: