کندھکوٹ: ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے ضلع کے تعلیمی اداروں میں ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کشمور ستار سردار نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں ’’ووٹ کی اہمیت‘‘ پر لیکچر دیا اور پروگرام میں معزز شرکاء نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18 سال سے زائد ہو اور اس کے پاس قومی شناختی کارڈ ہو ووٹ ڈالنے کا اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین ووٹرز کی تعداد مرد ووٹرز سے کم ہے، ووٹ کی رجسٹریشن میں مکمل تعاون کریں، اپنے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کی ووٹر رجسٹریشن چیک کریں، اگر ان کا ووٹ رجسٹرڈ نہیں ہے تو اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے شرکاء، طلباء کو الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری، ووٹ کی اہمیت، ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی کے بارے میں آگاہ کیا اور سیاسی عمل، نوجوانوں کے کردار اور ذمہ داری پر خصوصی زور دیا۔ الیکشن کمشنر کشمور نے اپنے لیکچر کے اختتام پر طلباء کے سوالات کے جوابات دیے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
دنیا کی چھٹی بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کا نشان عمران خان ہے، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دنیا کی چھٹی بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا نشان عمران خان ہیں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جا رہا حالاں کہ پارٹی سرٹیفکیٹ ان کا حق ہے، پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جس نے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے، جس پر الیکشن کمیشن نے ایک نوٹس جاری کرکے آئینی و قانونی سوال اٹھائے تو ہم نے جواب جمع کرایا، الیکشن کمیشن میں کیس انہوں نے فائل کیا جنہوں نے پارٹی الیکشن لڑا ہی نہیں، ان 5 درخواست گزاروں نے پارٹی انتخابات میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔ بیرسٹر گوہر کہتے ہیں کہ پارٹی کے مرکزی دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے دستاویز ساتھ لے گئی تھی، ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ ہمیں پارٹی کی دستاویز واپس دی جائے، امید ہے پارٹی کے دفتر سے لی گئی دستاویز ہمیں واپس مل جائے گی، جس کے بعد امید ہے الیکشن کمیشن سے ہمیں پارٹی کا سرٹیفکیٹ ملے گا، پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، امید ہے الیکشن کمیشن کی اگلی سماعت کے بعد سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ آئین میں لکھا ہے پارلیمنٹری کمیٹی بنے گی جس میں چیف الیکشن کمشنر کے نام جائیں گے، عمر ایوب نے سپیکر اور شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی کمیٹی کے لیے خط لکھا ہے، نئی تقرری کے لیے اپوزیشن اور حکومت نے تین تین نام کمیٹی میں بھیجنے ہیں، ہم چاہتے ہیں کمیٹی بن جائے اور ہم اپنے تین نام بھیجیں، امید ہے چیف الیکشن کمشنر اور ممبر الیکشن کمیشن کا عمل جلد مکمل ہوگا، تاہم آئین میں ہے چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ ہو جائے تو نئے چیف الیکشن کمشنر تک کام کرے گا۔