ملالہ نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے۔ افغان حکومت کو قانونی حیثیت نہ دی جائے۔ ایک دہائی سے لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھا۔ یہ اپنے جرائم کو مذہب اورکلچر کے پیچھے چھپاتے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ کا پورا تعلیمی نظام تباہ کردیا۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا بیانیہ اسلام آباد میں گزشتہ دنوں تعلیمی کانفرنس میں خطاب اس خطے میں تعلیم کی زبوں حالی، افغانستان اور غزہ میں تعلیمی نظام کی تباہی کی حقیقی عکاسی کر رہا ہے۔
ملالہ نے اس کانفرنس میں بتایا کہ دنیا میں 12کروڑ اور پاکستان میں ایک کروڑ لڑکیاں اسکول نہیں جاتیں۔ ملالہ یوسف زئی 12جولائی 1997 کو خیبر پختون خوا کے سیاحتی مقام سوات کے شہر مینگورہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی نوجوانی سے بائیں بازو کے نظریات سے متاثر تھے، یوں وہ لڑکیوں اور لڑکوں میں کوئی تفریق نہیں رکھتے تھے۔ ضیاء الدین یوسفزئی نے اپنی بڑی بیٹی کی تربیت پر خصوصی توجہ دی۔
انھوں نے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سوات میں ایک اسکول بھی قائم کیا تھا، یوں ملالہ کو ابتدائی عمر سے تعلیم کی اہمیت کا احساس ہوا۔ وہ ابھی سیکنڈری اسکول تک پہنچی تھی کہ ایک منظم منصوبے کے تحت سوات پر طالبان نے قبضہ کرلیا اور مولوی فضل اللہ نے ایف ایم ریڈیو کے ذریعے رجعت پسندانہ پروپیگنڈہ شروع کیا۔ مولوی فضل اللہ عورتوں کی تعلیم کے مخالف تھے۔ وہ اپنی تقاریر میں خواتین کو گھروں میں مقید رکھنے اور مردوں کو رجعت پسندانہ نظریات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کرتے تھے۔ طالبان نے پورے سوات میں اپنے قوانین نافذ کیے۔ خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کی سہولتوں سے محروم کردیا۔ طالبان جنگجو سوات میں شہروں میں چوک پر عدالتیں لگاتے ۔
جو شخص ان کے نظریے پر عمل پیرا نہیں ہوتا، اس کو کوڑوں کی سزاؤں کے علاوہ سزائے موت بھی دیتے۔ مولانا فضل اللہ اپنے ریڈیو پر اعلان کرتے تھے کہ آج ان مجرموں کو پھانسی دی جائے گی اور ان کے اس اعلان پر باقاعدہ عمل ہوتا تھا ۔ جب سوات کے شہروں اور دیہاتوں میں لوگ علی الصبح باہر نکلتے تو کھمبوں پر لٹکی لاشیں نظر آتی۔ طالبان نے اخبارات پر بھی پابندی لگائی اور جو رپورٹر دوسرے شہروں اور غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں، ریڈیو اور ٹیلی وژن کے لیے کام کرتے تھے ان کے گرد گھیرا تنگ ہوا۔
جب پوری دنیا میں یہ خبریں عام ہوئیں کہ سوات اسلام آباد سے صرف 340 کلومیٹر دور ہے اور طالبان اسلام آباد کی طرف نظریں گاڑے ہوئے ہیں اور اسلام آباد اور راولپنڈی کی اعلیٰ قیادت میں اس امر پر اتفاق رائے ہوا کہ سوات کو طالبان سے خالی کرایا جائے۔ یوں اس سوات کو خالی کرانے کے لیے ایک محدود نوعیت کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اس آپریشن سے پہلے سوات میں آبادی کو جو لاکھوں افراد پر مشتمل ہے مردان اور دیگر میدانی علاقوں میں منتقل کیا گیا۔
ملالہ کا خاندان سوات چھوڑنے پر مجبور ہوا۔ اس طرح ملالہ کی تعلیم میں رخنہ پیدا ہوا۔ ملالہ کو اپنے خاندان والوں کے ساتھ اپنا آبائی گھر چھوڑ کر مردان کے علاقے میں ایک کیمپ میں منتقل ہونا پڑا۔ ملالہ نے اس ساری صورتحال کو اپنی ڈائری میں لکھنا شروع کی۔ پشاور میں مقیم بی بی سی کے ایک نمایندہ کو خبر ہوئی کہ سوات کی ایک نوجوان دختر اردو میں اپنی ڈائری باقاعدہ لکھ رہی ہے جس میں تمام حالات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
بی بی سی کے اس نمایندہ نے ملالہ کے والد سے رابطہ کیا ۔ ملالہ کی ڈائری گل مکئی کے نام سے بی بی سی کی اردو ویب سائٹ پر وائرل ہونے لگی۔ گل مکئی کی اس ڈائری میں طالبان کے مظالم کا بھی ذکر ہوتا تھا اور حکام کی نااہلی اور آپریشن کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات بھی تحریر کی جاتی تھیں مگر گل مکئی کی اس ڈائری نے پوری دنیا کے سامنے سوات کے حالات کو آشکار کردیا تھا، پھر سوات میں کسی حد تک امن قائم ہوا۔ مولوی فضل اللہ اور ان کے حواریوں کو افغانستان میں منتقل ہونے کا موقع دیا گیا۔
اب سوات میں زندگی معمول پر آئی، خواتین کو تعلیم کا حق مل گیا۔ طالبات اپنے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے لگیں مگر طالبان نے ملالہ کو معاف نہ کیا۔ ملالہ اور ان کے اہلِ خانہ طالبان کے مذموم عزائم سے ناواقف تھے ۔ ملالہ کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کا جنون تھا، یوں ملالہ نے اسکول جانا شروع کیا۔ ملالہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ 9 اکتوبر 2012ء کو اسکول وین میں اسکول سے واپس آرہی تھی تو طالبان جنگجوؤں نے ملالہ پر حملہ کیا۔ ملالہ اس حملے میں شدید زخمی ہوئیں۔ حملے میں ان کی ساتھی بھی زخمی ہوئیں۔ ملالہ پر قاتلانہ حملہ کی خبر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
اس وقت پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم کے عہدے پر فائز تھے، یوں حکومت کی ہدایت پر ملالہ کو ہیلی کاپٹر میں پشاور منتقل کیا گیا مگر ملالہ شدید زخمی ہوگئی تھیں تو ان کو علاج کے لیے خصوصی طیارے میں برطانیہ منتقل کیا گیا۔ اس زمانے میں سوشل میڈیا ارتقاء پذیر تھا اور رجعت پسند عناصر روایتی میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا کو بھی اپنے مقاصد کے لیے بھرپور طریقے سے استعمال کرتے تھے۔ ان رجعت پسند عناصر نے ملالہ کے خلاف مہم شروع کردی ۔
ملالہ کے خلاف منظم انداز میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی۔ رجعت پسند طالبان کے حامیوں نے یہ بیانیہ اختیار کیا کہ ملالہ پرکوئی حملہ ہوا ہی نہیں، نہ ہی اسلحہ کا استعمال ہوا۔ کئی نام نہاد استاد اور ماہرین نے ملالہ کی زخمی حالت میں کھینچی جانے والی تصاویر سے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ملالہ پر حملہ ہوا ہی نہیں۔ یہ پروپیگنڈہ اتنا منظم تھا کہ صرف عام آدمی ہی نہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد جن میں یونیورسٹیوں کے پروفیسر، صحافی اور ڈاکٹرز بھی شامل تھے سبھی متاثر ہوئے مگر برطانوی ڈاکٹروں کی کوششوں سے ملالہ کی جان بچ گئی۔
اس وقت کے برطانیہ کے وزیر اعظم نے ملالہ کا نام نوبل انعام کے لیے پیش کیا۔ سویڈن کی نوبل انعام کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی نے تیسری دنیا کی ایک لڑکی کی تعلیم کے لیے قربانی کی اہمیت کو تسلیم کیا اور ملالہ اس نوبل انعام کی مستحق قرار پائیں۔ ملالہ سے پہلے پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام کو فرانس کا نوبل پرائز دیا گیا تھا۔
ملالہ کی اس کامیابی پر پڑوسی ممالک میں خوشی کا اظہارکیا گیا مگر ملک میں رجعت پسند قوتیں اتنی مضبوط تھیں کہ کسی یونیورسٹی،کالج یا اسکول میں ملالہ کو نوبل پرائز ملنے کی خوشی میں تقریب نہ ہوسکی مگر صدر اور وزیر اعظم نے ملالہ کو نوبل انعام ملنے پر ضرور مبارکباد دی۔ ملالہ نے اضافی رقم سے ایک انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا اور یہ انڈوومنٹ فنڈ پاکستان کے علاوہ غزہ اور دوسرے ممالک میں تعلیم کے لیے وقف کردیا گیا۔
کابل حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کو پاکستان میں دہشت گردی کا موقع دیا۔ یہی وجہ ہے کہ خیبر پختون خوا کے سابقہ قبائلی علاقے میں ٹی ٹی پی کے جنگجو روز معصوم لوگوں کو قتل کرتے ہیں مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملالہ کے خلاف ہونے والا پروپیگنڈہ جھوٹا ثابت ہوا۔ ملالہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسلام آباد طالبان نے خواتین کو میں تعلیم ملالہ پر ملالہ کے ملالہ نے تعلیم کے کی تعلیم ملالہ کو سوات میں فضل اللہ ملالہ کی نے ملالہ کے ساتھ کیا گیا
پڑھیں:
لاہور میں اے آئی یونیورسٹی کا قیام، مستقبل کا تعلیمی منظرنامہ بدل رہا ہے، مریم نواز
ANKARA:پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ترکیے میں منعقدہ ڈپلومیسی فورم میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے عالمی سطح پر عہد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں اے آئی (آرٹیفیشنل انٹیلیجینس) یونیورسٹی کا قیام اور اے آئی پر مبنی تعلیم کے فروغ سے مستقبل کا تعلیمی منظرنامہ بدل رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ڈپلومیسی فورم 2025 فورم کے فورتھ ایڈیشن میں ‘خواب دیکھنے، ان کی تعبیر حاصل کر لینے اور کر دکھانے والے راہنماؤں’ کے اجتماع سے خطاب کیا اور اس سے اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم سب دنیا کو منصفانہ بنانے اور اجتماعی بہتری کی سوچ کے ساتھ یہاں جمع ہیں، ترکیہ کی خاتون اول محترمہ امینہ اردوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، معارف فاؤنڈیشن لائق تحسین ہے جس نے ایک فیصلہ کن مرحلے پر یہ اجلاس منعقد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو قومیں لیکن ان کے دل ملے ہوئے ہیں اور وہ ایک مشترکہ سوچ اور مقصد کے لیے متحد ہیں، پنجاب کے عوام کی طرف سے ترک بہن بھائیوں کے لیے محبت بھرا سلام اور یک جہتی کا پیغام لے کر آئی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری حکومت بچوں، خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں تعلیم و ترقی کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لیے پورے جذبے، عزم اور محنت سے کام کر رہی ہے، خواتین اور بچوں کی سماجی بہتری کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مارچ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان مضبوط بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جو نواز شریف اور شہباز شریف اپنے پہلے ادوار میں تاریخی خدمت کرتے ہوئے قائم کر گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک نئے جذبے اور رفتار سے معاشی ترقی، تعلیم، صحت کے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کا آغاز کیا، 4 ہزار سے زائد پرائمری اسکولوں کو اپ گریڈ کیا، روایتی رکاوٹوں کو مٹا کر نئی بنیادیں تشکیل دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یقینی بنانا ہے کہ کوئی بچہ خاص طور پر دیہات میں تعلیم اور اسکول سے محروم نہ رہے، پنجاب بھر میں 6 ہزار اسکولوں میں ڈیجیٹل لرننگ رومز بنائے جا رہے ہیں، چاک کے بجائے ٹچ اسکرینز کا سفر شروع کر دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بند اسکولوں کو دوبارہ بحال کرکے علم کے گہواروں یں بدلا جا رہا ہے، 50 ہزار طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپس کا آغاز کیا گیا تاکہ ہر طالب علم کا خواب حقیقت بنے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول میں بچوں کو دودھ کی فراہمی، غذائیت کی کمی دور کرنے کا پروگرام شروع کیا گیا، معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے 30 ہزار نئے اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، اے آئی پر مبنی لرننگ پلیٹ فارمز مہیا کیے گئے تاکہ جدید دنیا کی رفتار کے ساتھ ہمارے بچے اور بچیاں ترقی کریں۔
انطالیہ میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کی پہلی اے آئی یونیورسٹی کا قیام اور اے آئی پر مبنی تعلیم کا فروغ مستقبل کا تعلیمی منظرنامہ بدل رہا ہے۔
وزیر اعلی مریم نواز نے قصور کی ندا اور اس کے شوہر، جنوبی پنجاب کے اکرام کی تعلیم کا واقعہ بھی سنایا جنہیں پنجاب حکومت کے تعلیم دوست اقدامات سے فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی 'نواز شریف انٹرنیٹ سٹی' ڈیجیٹل پاکستان کا نیا چہرہ بنے گی، تعلیم صرف نصابی مواد نہیں بلکہ زخموں کو بھرنے اور محرومیوں کو ختم کرنے کی دوا بھی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ہر بچی کو تعلیم دینا مریم نواز شریف کا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں فلسطینی، کشمیری، افغان اور سوڈان کے بچوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ فلسطین کے ملبے تلے معصوم بچے دفن ہیں، افغانستان میں بچیوں پر تعلیم کے دروازے بند ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے بچے تعصبات اور ظلم کا شکار ہیں، سوڈان میں خوراک کے لیے میلوں چلنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ مسائل ہیں جو تمام انسانیت بالخصوص ہم سب کے لیے باعث فکر و تشویش ہیں لیکن ہم سب کو مل کر ان مسائل کے حل کے لیے کام کرنا ہوگا، ہم ان کی آواز بنیں گے جن کی آواز دبا دی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے، آئیں عزت و وقار کی سفارت کاری کا آغاز کریں، خارجہ تعلقات میں انسانیت کو اولیت دی جائے، مراکش سے ملتان، دہلی سے ڈھاکہ تک لڑکیوں کی تعلیم کے لیے عالمی عہد کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کی یونیورسٹیوں کو پنجاب میں اپنی تعلیمی خدمات کے آغاز کی دعوت دیتی ہوں۔
مریم نواز نے ترک زبان میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم صرف لیڈر نہیں، نجات دہندہ بن کر آئے ہیں، اصلاحات سے ہی نیا مستقبل تعمیر ہو سکتا ہے، پاک-ترک دوستی دلوں کو ملانے اور نسلوں تک قائم رہنے والا رشتہ ہے جو ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہے گا۔