لاہور (نیوز رپورٹر) آبروئے صحافت، امام صحافت، معمار نوائے وقت مجید نظامی کی 11ویں برسی آج نہایت عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر ان کے مداح ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کریں گے اور خصوصی دعائیں مانگیں گے۔ مجید نظامی 26 جولائی 2014ء کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ مجید نظامی مرحوم ایک عہد ساز شخصیت تھے۔ انہوں نے پوری زندگی نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے گزاری۔ میدان صحافت میں ان کی جرات مندی کی مثالیں دی جاتی ہیں۔ اس کی جھلک نوائے وقت میں ہمیشہ نظر آتی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کو آگے بڑھایا اور نوجوان نسل کو دو قومی نظریہ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ مجید نظامی ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے درد دل رکھنے والے انسان تھے۔