اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی کابینہ میں 21 نئے وزراء کو شامل کرلیا گیا، اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے اراکین سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ حلف اٹھانے والے12 وفاقی وزراء میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفیٰ کمال، سردار یوسف، علی پرویز، شزہ فاطمہ، جنید انور، خالد مگسی، اورنگزیب کھچی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج، طارق ٖ فضل چودھری شامل ہیں۔ حلف اٹھانے والے9 وزراء مملکت میں طلال چودھری، بیرسٹر عقیل، ملک رشید، کھیل داس کوہستانی، عبدالرحمن کانجو، بلال اظہر کیانی، مختار بھرت، عون چودھری اور وجیہہ قمر شامل ہیں۔ پیر عمران شاہ نامزد وفاقی وزیر ہیں تاہم وہ ٹریفک جام کی وجہ سے تقریب حلف وفاداری میں نہیں پہنچ سکے۔ کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے 28 وزراء، مشیران اور معاون خصوصی کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔ علی پرویز ملک اور شیزہ فاطمہ خواجہ کو وفاقی وزیر بننے کے بعد وزیر مملکت کا عہدہ خالی قرار دیدیا گیا ہے۔ ایک اور نوٹیفکیشن میں وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے سید توقیر حسین شاہ، محمد علی اور پرویز خٹک کو مشیر مقرر کر دیا ہے۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ہارون اختر، حضفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برکی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کر دیا ہے۔