ابو سفیان کو تھانے میں موٹرسائیکل چوری کی ایف آئی آر درج کرانی تھی جو اس کے گھر کے باہر سے چوری ہو ئی،وہ ایف آئی آر درج کرانے محلے والوں کے ہمراہ تھانے پہنچا اور محررکو واردات کی جتنی بھی تفصیل بتاسکتا تھا، بتائی،محرر کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او کی اجازت کے بغیر ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیاجاسکتا۔چونکہ ایس ایچ او تھانے سے باہر ہیں۔اس لئے محرر نے صبح سے پہلے ایف آئی آر کے اندراج سے معذرت کر لی۔ اس وقت رات کے دس بج رہے تھے جبکہ صبح ہونے میں ابھی کئی گھنٹے باقی تھے-محرر جو اے ایس آئی رینک کا افسر تھا،مقدمہ کے اندراج میں مسلسل لیت ولعل سے کام لےرہا تھالیکن ابو سفیان بھی بضد تھاکہ ایف آئی آر درج کرائے بناتھانے سےواپس نہیں جائےگا-کافی بحث و تکرار کےبعد بالآخر محرر نے وائرلیس پر ایس ایچ او کو وقوعہ کی اطلاع دی اور واپس تھانہ آنے کی درخواست کی۔کچھ ہی دیرگزری ہو گی کہ ایس ایچ او کی سرکاری گاڑی تھانہ میں داخل ہوئی۔ابو سفیان نے ان کےسامنے اپنا مدعابیان کیا۔تاہم ایس ایچ او نےکوئی خاص نوٹس نہ لیا- اندراج مقدمہ کے لیئے شرط عائد کی کہ وہ کسی پر شک کا اظہار کرے۔ تب ابو سفیان گویا ہوا کہ بلا یقین وہ کسی پر کیسے شک کا اظہار کرسکتا ہےلیکن ایس ایچ او اپنے مدعا پر قائم رہا۔باربار شک کی گردان دہراتارہا۔ بالآخر ابوسفیان تنگ آکر بولا ایس ایچ او صاحب ! سچ پوچھیں تو مجھے آپ پر ہی شک ہے کہ موٹرسائیکل کی چوری میں آپ کا ہاتھ ہے۔ یہ سن کر ایس ایچ او کے اوسان خطا ہو گئے۔ وہ لال پیلا نظر آنے لگا۔ ابوسفیان نے ایس ایچ او کی یہ حالت دیکھی تو مزید کہاایف آئی آر درج نہیں ہونی تو ایس پی کا آفس زیادہ دور نہیں ہے۔ میں ایک صحافی ہوں۔ میری ایف آئی آر درج نہیں ہو گی تو دن چڑھتے ہی بڑے صاحب (ایس پی)کے آفس پہنچ جائوں گا اور آپ کی شکایت کروں گا۔
اس مکالمے کے بعد ایس ایچ او اندراج مقدمہ کے لئے راضی ہوا اور نامعلوم چور کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی۔ یہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ کا سچا واقعہ ہے۔ جو کئی سال پہلے پیش آیا۔ یہ بات خود ابوسفیان نے مجھے بتائی، جو ایک ماہنامہ میگزین کا ایڈیٹر و پبلشر تھا۔ ایف آئی آر کے موضوع پر یہ کالم تحریر کرتے وقت مذکورہ واقعہ اس لئے کوٹ کیا کہ آپ سب ایف آئی آر کی نزاکت اور اہمیت کو سمجھ سکیں۔ یہ ایک واقعہ نہیں اس جیسے بے شمار واقعات روزانہ کی بنیاد پرتھانوں میں پیش آتے ہیں اور لوگوں کو اندراج مقدمہ کے لئے در بدر ہونا پڑتا ہے۔ پتہ نہیں، کہاں کہاں کی خاک چھاننا پڑتی ہے۔ ایف آئی آر ہے کیا؟ایف آئی آر سے مراد فرسٹ انفارمیشن رپورٹ اورمعنوی اعتبار سے پہلی اطلاعی رپورٹ ہے۔ جرم ناقابل دست اندازی ہو تو روزنامچے میں رپورٹ تحریر کرکےمحرر کی جانب سے سائل کو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے لیےکہاجاتا ہے۔ موجووہ قانون میں کسی بھی فوجداری مقدمہ کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ جس میں جرم، وقت، جائے وقوعہ اور چشم دید گواہان پر بہت زور دیا گیا ہے۔ یہ چاروں چیزیں ایف آئی آر کی بنیاد بنتی ہیں۔ یعنی جرم، وقت، جائے وقوعہ اور چشم دید گواہان۔ ایف آئی آر کا متن جتنے کم الفاظ میں ہوگا، مدعی یااستغاثہ اتنے ہی اچھے انداز میں اسے ٹرائل کے وقت عدالت میں ثابت کرسکے گا۔ عدم ثبوت کی بنیاد پر ملزم یا ملزمان کے بری ہونے کے سو فیصد چانسز ہوتے ہیں۔ اس لئے جب بھی کسی وقوعہ کی ایف آئی آر درج کرائی جائے ، اس کی نوعیت عمومی ہو یا سنگین، کم سے کم الفاظ میں درج کرانی چاہیے ۔ مثال کے طور پر فلاں وقت اور فلاں مقام پر ایک نامعلوم شخص (کسی کو نامزد بھی کیاجا سکتاہے)نے یہ جرم کیا۔ جرم کی نوعیت کے مطابق ہی دفعات لاگو کی جاتی ہیں جو قابل ضمانت بھی ہو سکتی ہیں اور ناقابل ضمانت بھی۔پاکستان میں مخالفین کو پھنسانےکے لئےفرضی کہانیوں پرمبنی جھوٹی ایف آئی آرزکا اندراج عام سی بات ہے۔ تعزیرات پاکستان میں کسی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا ایک جرم قرار دیا گیا ہے۔ جس کی سزا سات سال تک قید ہو سکتی ہے۔
پاکستان پینل کوڈ سیکشن 193 اور 194 کے تحت جھوٹی گواہی دینے والے کو سزائے موت تک دی جا سکتی ہے-کسی کے خلاف اگر جھوٹی ایف آئی آر درج ہو جائے تو اسے کیا کرنا چاہیے؟ ایسی ایف آئی آر کے اندراج کے بعد اگر چالان متعلقہ عدالت میں پیش نہیں ہوا تو آئین کے آرٹیکل 199اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 561اے کے تحت جھوٹی ایف آئی آر کے اخراج کے لئے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی جا سکتی ہے۔ اگر ملزم اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہو جائے تو ہائی کورٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ ایسی ایف آئی آر کے اخراج کا حکم جاری کر سکتی ہے۔اس کی مثال 2008ء میں ہائی کورٹ کے جسٹس کاظم علی ملک کے ایک فیصلے سے دی جاسکتی ہے۔ اس کیس میں مخالفین کا آپس میں لین دین کا مسئلہ تھا۔ فیکٹری کے مالک نے ایک شخص سے تیل خریدا اور ادائیگی نہیں کی۔ یہ دیوانی نوعیت کا معاملہ تھا لیکن مدعی نے پولیس کی ملی بھگت سے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 406 کے تحت مقدمہ درج کرا دیا۔ عدالت نے دونوں طرف کے دلائل سننے کے بعد ایف آئی آر کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 406 کے خلاف قرار دیتے ہوئے ایف آئی آر کے اخراج کا حکم جاری کر دیا، کہا یہ صریحا دیوانی مسئلہ ہے۔ اس میں پولیس نے اپنے اختیار سے تجاوز کیا۔ نہ صرف یہ کہ ایف آئی آر کے اخراج کا حکم سنایا گیا بلکہ جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے والے لاہور کے تھانہ باغبانپورہ کے سب انسپکٹر اور تفتیشی افسر پر 50ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ یہ بھی حکم دیا کہ جرمانہ کی رقم مدعی کو ادا کی جائے۔ تاہم اگر کسی جھوٹی ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ملزم کاچالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہو اور ٹرائل شروع ہو جائے تو پٹیشن کی صورت میں ہائی کورٹ متعلقہ عدالت سے ریلیف حاصل کرنے کی ہدایت دے سکتی ہے۔ ایسی صورت میں علاقہ مجسٹریٹ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265کے تحت ملزم کو کسی بھی وقت مقدمہ سے ڈسچارج کر سکتا ہے۔ پولیس رولز 1934 میں درج قانون کی شق 24 اعشاریہ 7بھی متعلقہ تفتیشی افسر کو درج شدہ جھوٹی ایف آئی آر کو منسوخ یا خارج کرنے کا اختیار دیتی ہے۔ پاکستان میں ہر روز ایسی سینکڑوں ایف آئی آرز درج ہوتی ہیں جن کا حقیقت یا سچ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ بدقسمتی سے تفتیشی پولیس افسر کو پتہ چل بھی جائے کہ ایف آئی آر جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔ پھر بھی اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے وہ اسے خارج نہیں کرتا۔ تفتیشی افسر کی یہ قانونی ذمہ داری ہے کہ اگر وہ ایف آئی آر کو بے بنیاد سمجھے اور مدعی سے شواہد طلب کرنے پر شواہد نہ ملنے کی صورت میں وہ اپنے قانونی اختیار کو استعمال کر کے مقدمہ خارج کر سکتا ہےلیکن عمومی طور پر ایسا نہیں ہوتا۔ ایک بےگناہ کو بھی جھوٹی ایف آئی آر میں نامزد ہوکربڑی مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: ایف آئی آر کے اخراج ایف آئی آر درج کر ایس ایچ او کے اندراج ابو سفیان ہائی کورٹ مقدمہ کے نہیں ہو سکتی ہے کی دفعہ کے خلاف کے تحت کے بعد کہ ایس کے لئے
پڑھیں:
فلسطین کی صورتحال اور امتِ مسلمہ کی ذمہ داری
غزہ کی صورتحال، فلسطین کی صورتحال، دن بدن نہیں لمحہ بہ لمحہ گھمبیر سے گھمبیر تر ہوتی جا رہی ہے اور اسرائیل تمام اخلاقیات، تمام قوانین، تمام معاہدات کو پامال کرتے ہوئے اس درندگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اس پر دنیا کی خاموشی بالخصوص عالمِ اسلام کے حکمرانوں پر سکوتِ مرگ طاری ہے۔ مجھے تو بغداد کی تباہی کا منظر نگاہوں کے سامنے آ گیا ہے، جب تاتاریوں کے ہاتھوں خلافتِ عباسیہ کا خاتمہ ہوا تھا، بغداد کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی تھی، اور اس وقت بھی کم و بیش یہی صورتحال تھی، آج پھر ’’بغداد‘‘ کی تباہی کا منظر ہمارے سامنے ہے، اسرائیل اور اس کے پشت پناہ، آج وہ چادر جو انہوں نے اوڑھ رکھی تھی، مغرب نے، امریکہ نے، یورپی یونین نے، عالمی طاقتوں نے، انسانی حقوق کی، بین الاقوامی معاہدات کی، انسانی اخلاقیات کی، وہ آج سب کی چادر اسرائیلی درندگی کے ہاتھوں تار تار ہو چکی ہے۔لیکن اس سے زیادہ صورتحال پریشان کن، اضطراب انگیز یہ ہے کہ مسلم حکمران بھی اسی مصلحت کا، مصلحت نہیں بے غیرتی کا شکار ہو گئے ہیں۔ آج او آئی سی (اسلامی تعاون تنظیم) کو، عرب لیگ کو، مسلم حکمرانوں کو، جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ اس کے لیے مل بیٹھ کر سوچنے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں۔ اور امتِ مسلمہ، عالمِ اسلام سناٹے کے عالم میں اپنے حکمرانوں کو دیکھ رہی ہے کہ یہ ہمارے ہی حکمران ہیں، کون ہیں یہ؟لے دے کے دینی حلقوں کی طرف سے دنیا بھر میں کچھ نہ کچھ آواز اٹھ رہی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ ملتِ اسلامیہ بحیثیت ملتِ اسلامیہ اپنے حکمرانوں کے ساتھ نہیں، اپنی دینی قیادتوں کے ساتھ ہے جو کسی نہ کسی انداز میں اپنی آواز بلند کر رہے ہیں، اس آواز کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔میں اس موقع پر دنیا بھر کے دینی حلقوں سے، علماء کرام سے، یہ گزارش کرنا چاہوں گا کہ آج کی صورتحال کو سمجھنے کے لیے تاتاریوں کی یلغار اور بغداد کی تباہی کا ایک دفعہ پھر مطالعہ کر لیں، کیا ہوا تھا؟ کس نے کیا کیا تھا؟ اور کون سے حلقے تھے جنہوں نے ملتِ اسلامیہ کی تباہی کی راہ ہموار کی تھی اور کون سے لوگ تھے جنہوں نے اس وقت ملتِ اسلامیہ کو سہارا دیا تھا؟ مجھے اس وقت کی دو بڑی شخصیتیں ذہن میں آ رہی ہیں (۱) شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ تعالیٰ اور (۲) شیخ الاسلام عز الدین بن عبد السلام رحمہ اللہ تعالیٰ، دینی قیادت تھی، سامنے آئے تھے، امت کو سنبھالا تھا، مقابلہ کر سکے یا نہ کر سکے، امت کو سنبھالنا، امت کا حوصلہ قائم رکھنا، اور اپنے مشن کے تسلسل کو قائم رکھنا، یہ تو بہرحال بہرحال دینی قیادتوں کی ذمہ داری ہے، علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ حمیت کو باقی رکھیں، غیرت کو باقی رکھیں۔تو میری پہلی درخواست تو علماء کرام سے ہے، کسی بھی مکتبِ فکر سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی فقہی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی علاقے سے تعلق رکھتے ہوں، کہ آج شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ اور شیخ الاسلام عز الدین بن عبد السلامؒ کے کردار کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور یہی ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ ویسے تو فقہاء نے لکھا ہے کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں مسلمان مظلوم ہوں، ذبح ہو رہے ہوں، تو دنیا بھر کے مسلمانوں پر جہاد فرض ہو جاتا ہے، ہماری فقہی صورتحال تو یہ ہے، درجہ بدرجہ ’’ علی الاقرب فالاقرب‘‘ ، ’’الاول فالاول‘‘۔ لیکن بہرحال مجموعی طور پر ہم امتِ مسلمہ پر جہاد کی فرضیت کا اصول اس وقت لاگو نہیں ہو گا تو کب لاگو ہو گا۔
لیکن بہرحال ہمیں اپنے اپنے دائرے میں امتِ مسلمہ کا حوصلہ قائم رکھنے کے لیے، بیدار رکھنے کے لیے، فکری تیاری کے لیے۔اور دو تین محاذ ہمارے ہیں: ایک تو یہ ہے کہ علماء کرام ہر علاقے میں ہر طبقے میں ہر دائرے میں اپنے کردار کو اپنے حوصلے کو قائم رکھتے ہوئے امت کا حوصلہ قائم رکھنے کی کوشش کریں۔ دوسری بات یہ ہے کہ آج ایک محاذ میڈیا وار کا بھی ہے، لابنگ کا بھی ہے، اس میں جو لوگ صلاحیت رکھتے ہیں ان کو کوتاہی نہیں کرنی چاہیے، اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اور تیسرا محاذ بائیکاٹ کا ہے، اب تو یہ مرحلہ آ گیا ہے، اسرائیل نہیں، اس کے سرپرستوں کے معاشی بائیکاٹ کی بھی ضرورت پیش آ رہی ہے، اور یہ معاشی بائیکاٹ کوئی نئی چیز نہیں ہے، جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں معاشی بائیکاٹ حضورؐ کا بھی ہوا ہے، حضورؐ نے بھی کیا ہے۔ شعبِ ابی طالب میں حضورؐ کا ہوا تھا، غزوہ خندق میں حضورؐ نے کیا تھا۔ اور اس کی مختلف مثالیں موجود ہیں۔تو لابنگ کی جنگ، میڈیا کی جنگ، حوصلہ قائم رکھنے کی جنگ، اور معاشی بائیکاٹ، اس میں جس قدر ہم زیادہ توجہ دے سکیں۔ کوئی لکھ سکتا ہے تو لکھے، بول سکتا ہے تو بولے، خرچ کر سکتا ہے تو خرچ کرے، کوئی لوگوں کے ساتھ رابطے کر سکتا ہے تو رابطے کرے۔ جو بھی کسی میں صلاحیت ہے، آج یہ وقت ہے، جو بھی کسی کے پاس موقع ہے، توفیق ہے، صلاحیت ہے، وہ اس کو اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے، فلسطین کی آزادی کے لیے، اسرائیلی درندگی کی مذمت کے لیے، اس میں رکاوٹ کے لیے، مسجد اقصیٰ بیت المقدس کی آزادی کے لیے، جو بھی کر سکتا ہے وہ کرے۔ہمارے والد محترم حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمۃ اللہ علیہ ایک مثال دیا کرتے تھے کہ حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کو جب آگ میں ڈالا گیا تو ایک چڑیا چونچ میں پانی ڈالتی تھی، ایک پرندہ تھا، اس سے کسی نے پوچھا، تیرے پانی ڈالنے سے کیا ہو گا؟ اس نے کہا، ہو گا یا نہیں ہو گا، میری جتنی چونچ ہے اتنا پانی تو میں ڈالوں گی۔ یہ کم از کم کہ جو ہم کر سکتے ہیں وہ تو کریں، میں دیانت داری کے ساتھ (کہوں گا) کہ مجھے، سب کو اپنے اپنے ماحول کو دیکھنا چاہیے، اپنی اپنی توفیقات کو دیکھنا چاہیے اور جو کر سکتے ہیں اس میں کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔اللہ تبارک و تعالیٰ ہمارے مظلوم فلسطینی بھائیوں پر رحم فرمائے، ہم پر رحم فرمائے۔ مولا کریم! فلسطین کی آزادی، غزہ کے مسلمانوں کی اسرائیلی درندگی سے گلوخلاصی، اور اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کی بدمعاشی سے نجات دلانے کے لیے اللہ پاک ہمیں توفیق عطا فرمائیں اور خود مہربانی فرمائیں، فضل فرمائیں کہ اس مرحلے پر عالمِ اسلام کی، امتِ مسلمہ کی دستگیری فرمائیں، ان کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔