اسلام آباد اور ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور بارش کا نیا سلسلہ شروع
اشاعت کی تاریخ: 19th, April 2025 GMT
شہر اقتداراسلام آباد اور گردونواح میں شدید ژالہ باری کے بعد وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ، جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید کمی واقع ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ بھی مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ تین روز میں خیبرپختونخوا میں ہونے والی بارشوں میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 9 زخمی ہوئے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اور بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ طورخم سرحد پر شدید ژالہ باری کے باعث کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ نوشہرہ میں تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جبکہ ہری پور میں طوفانی ہواؤں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، متعدد مقامات پر درخت گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ مظفرآباد میں تیز آندھی سے کئی مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں۔ راڑو امبور میں درخت گرنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ غذر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد سردی کی شدت ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا میں پچھلے تین روز سے جاری بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں تین خواتین، چار مرد اور دو بچے شامل ہیں۔ بارشوں سے مجموعی طور پر گیارہ گھروں اور بیس دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ حادثات چارسدہ، خیبر، شانگلہ، بٹگرام اور لوئر چترال میں پیش آئے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اداروں کو بارش کے باعث بند شاہرائیں کھولنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ان کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور وہ تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور امدادی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ عوام کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چترال دیر شاہراہ بروز کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ژالہ باری بارش کا کے باعث گئی ہے
پڑھیں:
آزاد کشمیر اور کے پی میں بارش سے موسم سرد
—فائل فوٹوآزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری اور بیشتر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
آزادکشمیر اور خیبرپختون خواں کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے۔
وادیٔ نیلم میں آٹھ مقام سمیت زیریں علاقوں میں رات گئے سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ رات سے جاری ہے، بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
بالائی علاقوں شونٹھر ویلی، گریس ویلی، ہلمت، تاوبٹ کے پہاڑوں پر برف باری سے نظارے خوبصورت ہو گئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں تیز آندھی سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، تمام فیڈرز پر بجلی کی سپلائی معطل ہے۔
متعدد مقامات پر ژالہ باری سے سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب چترال میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، گزشتہ رات تیز بارش کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی ریلا گزرا، جس سے راستے اور گھر متاثر ہوئے ہیں۔
ادھر سندھ میں حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیر پور، جیکب آباد سمیت اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔