گنداواہ، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی برآمد
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
متعدد تنظیموں کیجانب سے جھل مگسی میں فلسطین اور پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ اسلام ٹائمز۔ فلسطین اور غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا اہتمام مرکزی امام بارگاہ نقویہ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ضلع جھل مگسی، معرفت فاؤنڈیشن گنداواہ اور المہدی اسکاؤٹس کے اشتراک سے کیا گیا۔ ریلی کا آغاز مرکزی امام بارگاہ نقویہ سے ہوا جو پُرامن طریقے سے شاہی بازار تک پہنچی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے اور مظلومین فلسطین کی حمایت میں تحریریں درج تھیں۔ ریلی میں بچوں اور بزرگوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔ ریلی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلوچستان کے سابقہ صوبائی صدر اور قم کے طالب علم سید امانت نقوی، مجلس علماء مکتب اہلبیت کے ضلعی صدر مولانا علی نواز عرفانی اور معرفت فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری مولانا سعید احمد سعیدی نے خطاب کیا۔
مقررین نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین محض ایک سرزمین نہیں بلکہ مزاحمت، مقاومت مظلومیت اور آزادی کا استعارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، خصوصاً مسلم ممالک کو فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی کھلی جارحیت اور امریکہ و دیگر ممالک کی انسانی حقوق کی پامالی پر خاموشی اختیار کرنا بھی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ ریلی کے دوران فضاء مسلسل "اللہ اکبر"، "لبیک یا حسین"، "لبیک یا اقصیٰ"، "مرگ بر اسرائیل"، " مرگ بر امریکہ" اور "فلسطین زندہ باد" کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر پاراچنار کے مومنین کے حق میں بھی آواز بلند کی گئی جہاں 8 ماہ سے راستے بند کرکے 7 لاکھ انسانوں کو محصور کیا گیا ہے۔ اشیاء خوردونوش اور ادویات کے نہ ملنے کی وجہ سے آئے دن راستوں کی بندش سے اموات ہو رہی ہیں لیکن ریاست کی خاموشی قابلِ تعجب ہے۔ شرکاء نے یہ عزم ظاہر کیا کہ جب تک فلسطینی عوام پر ظلم جاری ہے اور کہیں پر بھی انسانوں پر ظلم ہوگا ان کے حق میں اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: فلسطینی عوام
پڑھیں:
فلسطین میں جاری انسانی سوز مظالم عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں،ایاز صادق
استنبول: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ فلسطین کی تشویش ناک صورتحال اور جاری انسانیت سوز مظالم انسانیت کے منہ پر تمانچہ ہے۔
وہ استنبول میں ترکیہ کے ،سپیکر کی زیر صدارت فلسطین کی نازک صورت حال پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
ایاز صادق نے کہاکہ فلسطین پر اسرائیلی قبضہ عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہے، فلسطین میں جاری انسانی سوز مظالم عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ فلسطین میں نسل کشی انسانیت کا بحران بن چکی ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے،قائداعظم نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جو آج تک برقرار ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نےکہاکہ پاکستان تمام علاقائی اور عالمی سطح پر فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، اسرائیلی مظالم انسانی تاریخ پر بدنما داغ ہیں،غزہ میں خواتین، بچوں اور طبی اہلکاروں کا قتل ناقابل برداشت ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہاکہ مورگ کوریڈور پر اسرائیلی قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،جبالیہ میں اقوامِ متحدہ کے کلینک پر حملہ سب سے بڑا جنگی جرم ہے، عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ تاریخ ساز ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اسرائیل عالمی اداروں کو چیلنج کر رہا ہے، اسرائیل عالمی قوانین کی کھل کر دہجیاں آڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 7 اکتوبر 2024 کے بعد اسرائیلی حملوں میں 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، عید الفطر کے موقع پر مسجد اقصیٰ پر حملہ مسلم اُمہ کی توہین ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کا قیام ہی مستقل حل ہے۔
انہوںنے کہاکہ کشمیر اور فلسطین، دونوں مقامات پر نوآبادیاتی قبضہ جاری ہے، پاکستانی پارلیمنٹ نے فلسطین کی حمایت میں متعدد قراردادیں منظور کیں فلسطینی مسئلہ تاریخی، سیاسی، انسانی اور قانونی پہلوؤں کا حامل ہے،بین الاقوامی برادری کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ غزہ میں معصوم بچوں کا خون اقوام عالمی کی خاموشی کا نتیجہ ہے، مسلم ممالک متحد ہوں تو دنیا ہماری آواز نظر انداز نہیں کر سکتی،ظلم پر خاموشی درحقیقت ظلم کی حمایت ہے، یہ فورم صرف مذمت پر نہ رکے، عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر فورم پر فلسطین کی حمایت کرتا رہے گا،فلسطین میں امن، انصاف اور فلسطینی عوام کی آزادی کیلئے دعا گو ہوں۔