اورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل شہری کی والدہ بچوں کی تعلیم کیلئے فکرمند
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
کراچی:
اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہری کی غم سے نڈھال بوڑھی والدہ کو مقتول کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے حوالے سے فکر ستانے لگی۔
مقتول کی والدہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی روٹی کا بندوبست تو خود کرلوں گی، حکومت سے مطالبہ ہے کہ بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھائے۔ بچے ان پڑھ رہ گئے تو ایک دن یہ بھی ڈاکو بن جائیں گے۔ واقعہ کیسے پیش آیا، واقعے کے وقت مقتول کے ساتھ اس کے کمسن بیٹے نے پورا واقعہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ، بابا ولایت علی شاہ کالونی گلی نمبر 10 میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہری ظفر ولد عبدالستار کی غم سے نڈھال بوڑھی والدہ کو مقتول کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے حوالے سے فکر ستانے لگی۔
بوڑھی والدہ نے بتایا کہ وہ ایک بنگلے میں کھانا پکانے کا کام کرتی ہیں۔ مقتول ظفر کے چھ بچے ہیں جن میں پانچ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں، ایک بیوی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مجھے بتایا جائے کہ میں ان بچوں کو لے کر کہاں جاؤں؟ ان بچوں کو کیسے پڑھاؤں گی؟، غریب انسانوں کی کوئی سیکیورٹی نہیں ہے۔
حکومت سے مطالبہ ہے کہ مقتول کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھائے۔ بچوں کو پڑھاؤں لکھاؤں گی نہیں تو یہ جاہل رہ جائیں گے اور ایک دن یہ بھی ڈاکو بن جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کے لیے کچھ اقدامات کیے جائیں۔
واقعے کے وقت مقتول کے ساتھ موجود اس کا کمسن بیٹا بھی موجود تھا۔ بچے نے واقعہ کیسے پیش آیا، پورا سنا دیا۔ مقتول کے کمسن بیٹے نے بتایا کہ ہم برف لے کر واپس آ رہے تھے، ڈاکو ایک شخص سے لوٹ مار کر رہے تھے، بابا اس شخص کو بچانے کے لیے گئے، بابا نے ڈاکو کو پیچھے سے برف ماری اور ایک ڈاکو کو پکڑ کر گرا دیا۔ پیچھے والے ڈاکو نے بابا کو قتل کر دیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بچوں کے تعلیمی اخراجات مقتول کے
پڑھیں:
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات جاری
اسلام آباد:رواں مالی سال 25-2024 کے پہلے 9 ماہ(جولائی تا مارچ )کےترقیاتی اخراجات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جس کے مطابق اس دوران مجموعی طور 399 ارب 37 کروڑ روپے کے ترقیاتی اخراجات کیے گئے ہیں جو سالانہ ہدف کے مقابلے میں صرف 36 اعشاریہ 3 صفر فیصد بنتی ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ اسی عرصے میں حکومت نے 664 ارب 62 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی اور وفاقی ترقیاتی پروگرام کا نظرثانی شدہ سالانہ ہدف 1100 ارب روپے مقرر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 34 ارب 96 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جبکہ 48 ارب 54 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی، صوبوں اور خصوصی علاقوں میں 98 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ آبی وسائل کے منصوبوں پر 51 ارب 84 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 54 ارب 29 کروڑ روپے اور پاور ڈویژن نے 51 ارب سے زائد رقم استعمال کی۔
اسی طرح ریلوے کو 20 ارب 97 کروڑ روپے فراہم کیے گئے، اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں پر 20 ارب 22 کروڑ، قومی صحت پر 7 ارب 65 کروڑ اور آئی ٹی منصوبوں پر دو ارب 53 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران وزارت داخلہ نے اپنے ترقیاتی منصوبوں پر دو ارب 76 کروڑ اور وزارتِ منصوبہ بندی نے دو ارب 96 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔