بلوچستان: طوفانی گرد آلود ہواؤں سے درخت، سائن بورڈ، دیواریں گر گئیں
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
— فائل فوٹو
بلوچستان کے شمالی سرحدی علاقوں میں طوفانی گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
لیویز حکام کے مطابق بلوچستان کے شمالی اور سرحدی علاقوں میں غیر معمولی موسمی صورتِ حال ہے۔
بلوچستان کے شمالی بالائی سرحدی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
تیز گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سائن بورڈ، درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
لیویز فورس کو دور دراز علاقوں میں الرٹ رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
اس موسمی صورتِ حال میں کہیں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: سرحدی علاقوں میں
پڑھیں:
خیبرپختونخوا اور پنجاب طوفانی بارش کی تباہ کاریاں،نظامِ زندگی کو درہم برہم
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید موسلادھار بارش نے نظامِ زندگی کو درہم برہم کردیا۔ خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں نے ندی نالوں میں طغیانی پیدا کردی۔ خیبر اور تھاکوٹ بازار سمیت کئی علاقوں میں سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ لنڈی کوتل اور گرد و نواح میں پہلے تیز آندھی، پھر ژالہ باری نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا۔ پاک افغان شاہراہ پر سیلابی ریلے بہنے لگے، جب کہ لنڈی کوتل بازار میں تیز ریلہ ایک گاڑی کو بہا کر لے گیا۔ تخت بھائی میں گھنے بادل چھا گئے اور دن میں ہی رات کا منظر پیدا ہوگیا۔ دیر لوئر میں موسلادھار بارش کے باعث کچے مکانات زمین بوس ہوگئے، جب کہ کوہاٹ میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ مری اور گلیات میں بھی تیز آندھی اور شدید بارش نے تباہی مچائی۔ پنجاب میں بھی صورتحال تشویشناک رہی۔ جہلم کے قریب سوہاوہ میں ایک گھر کی دیوار ٹریکٹر ٹرالی پر آگری، جس کے نتیجے میں ٹرالی پر سوار دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جب کہ دو شدید زخمی ہوئے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں کئی فیڈرز ٹرپ ہوگئے، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ لاہور میں اگرچہ ہلکی بوندا باندی ہوئی، تاہم اس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث مزید خطرات لاحق ہیں۔