مالدیپ میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے داخلے پر پابندی عائد
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
مالے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)مالدیپ نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مالدیپ نے یہ اقدام غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھایا ہے۔رپورٹ میں مالدیپ کے صدارتی دفتر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملک کے ویزا قوانین میں اس ترمیم کی منظوری پارلیمنٹ نے پیر کو اور صدر محمد معیزو نے منگل کو دی تھی۔
(جاری ہے)
رپورٹ کے مطابق مالدیپ کی امیگریشن سروس نے واضح کیا کہ دہری شہریت رکھنے والے اسرائیلی دوسرے پاسپورٹ سے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔اس حوالے سے حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ توثیق غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مالدیپ کی حکومت کے مضبوط موقف کی عکاسی کرتی ہے۔خوبصورت سیاحتی مقامات کے لیے مشہور مالدیپ میں ہر سال اسرائیلی شہریوں کی بڑی تعداد سیاحت کی غرض سے آتی ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فروری میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے 59 افراد مالدیپ میں داخل ہوئے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے رکھنے والے
پڑھیں:
خیبرپختونخوا میں بارشوں سے شدید جانی و مالی نقصان؛ چترال میں سیلابی صورتحال
چترال اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور برف پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔
چترال کے علاقے تورکھو اجنو ریپن گول میں بارشوں کے نتیجے میں ایک بار پھر سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی، جس کے باعث ریچ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ہے۔ سڑک کی بندش کے باعث آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسی طرح وادی بروزگول میں سیلاب کے باعث 3گھروں سمیت سڑکیں بھی بہہ گئیں۔ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اُدھر پشاور میں پی ڈی ایم اے نے بارشوں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 16 اپریل سے جاری بارشوں کے باعث پیش آئے حادثات میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 9 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 4 مرد، 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بارشوں سے مجموعی طور پر 11 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ حادثات چارسدہ، خیبر، شانگلہ، بٹگرام اور چترال لوئر میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ علاوہ ازیں بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارہ تمام ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جب کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔