کویت نے پاکستان کیلئے ادھار تیل سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی، مہنگائی کو لگام ڈال دی: علی پرویز ملک
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کویت نے پاکستان کے لیے تیل کریڈٹ کی سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی۔ یہ سہولت کویت پیٹرولیم کی جانب سے پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کو دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے اسلام آباد میں کویتی سفیر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت اور دیگر برادر ممالک کی سپورٹ کی بدولت مشکل معاشی اصلاحات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کویتی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی ترقی حاصل کی ہے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان کے لیے خصوصی رعایت پر کویت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کویت کے عوام، امیر کویت اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ بعدازاں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا، پوری دنیا پاکستان کے مشکل مگر بہتر معاشی فیصلوں کو سراہ رہی ہے، پاکستان کی ریٹنگ عالمی ایجنسی کی جانب سے بڑھائی گئی، پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں یکجہتی اور اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر مستقبل قریب میں عالمی منڈی میں مزید کوئی ریلیف ملا تو وزیراعظم عوام کا سب سے زیادہ درد رکھتے ہیں، اور انشاء اللہ آئندہ ملنے والا ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علی پرویز ملک وفاقی وزیر نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم نے اختلافات بھلاکر دہشت گردی کیخلاف قومی اتحاد ناگزیر قرار دے دیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے اختلافات بھلاکر دہشت گردی کیخلاف قومی اتحاد ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے جہاد جاری رہے گا، انسانیت دشمنوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثنااللہ ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اختلافات بھلاکر دہشت گردی کیخلاف قومی اتحاد ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے جہاد جاری رہے گا، انسانیت دشمنوں کو ایسی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام صوبوں کی استعداد بڑھانے کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اب تک کی گئی کارروائیوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بھی تعریف کی، امن و امان کے اعلیٰ سطح اجلاس میں اسمگلنگ کیخلاف اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے اداروں کو اسمگلنگ کیخلاف کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیف سٹی منصوبے جلد مکمل کرنے پر زور دیا،اجلاس کو سیف سٹی منصوبوں میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 10 شہروں میں سیف سٹی منصوبہ کام کر رہا ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص اور نواب شاہ میں سیف سٹی منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ منظور ہو چکا، اگلے مرحلے میں ڈیرہ اسماعیل خان ، بنوں، لکی مروت میں سیف سٹی منصوبے لگائے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا جبکہ قومی شاہراہ این 25 اور قومی شاہراہ این 40 پر واقع تمام اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے گا، اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مختلف شاہراہوں اور پلوں پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں فارنزک سائنس ایجنسی قائم کی جاچکی ہے جبکہ پنجاب میں فارنسک سائنس ایجنسی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک کے اہم شہروں کے گردونواح میں موجود تمام غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرنے کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں کاروائیاں کر رہی ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نیکٹا میں نیشنل اینڈ پرونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمینٹ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مختلف شاہراہوں اور پلوں پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز قائم کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کو اہم شہروں کے گردو نواح میں قائم غیر قانونی تعمیرات اور بھکاریوں کے خلاف آپریشنز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں بھکاریوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور ایسے عناصر کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Post Views: 3