وزیراعلیٰ سندھ کے اعلان کے باوجود سائٹ کے ملازمین عید سے قبل ملنے والی تنخواہ سے تاحال محروم
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
کراچی:
وزارت صنعت سندھ کے ادارے سائٹ کے ملازمین تنخواہوں کے لیے رُل گئے، وزیراعلیٰ کے عید سے قبل تنخواہ دینے کے اعلان کے باوجود ملازمین کو آج تک تنخواہ نہ مل سکی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت صنعت سندھ اور صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کے ماتحت ادارے سائٹ (سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ) میں ملازمین کو گزشتہ ماہ مارچ میں عیدالفطر پر بھی تںخواہیں ادا نہ کی جاسکیں جبکہ اپریل کا مہینہ بھی تقریبا نصف سے زیادہ گزر چکا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہ نہ ملنے کی بڑی وجہ ادارے میں نااہل افسران کی سفارش پر بھرتیاں ہیں، ڈیڑھ ماہ کے دوران سائٹ لمیٹڈ میں مختلف کوٹیشنز، فیول الائونسز اور ٹھیکے داروں کو تقریبا 7 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کی جاچکی ہے۔
ملازمین کے مطابق متعدد صنعتی پلاٹس کو غیر قانونی این ڈی سیز جاری کی جاچکی ہیں مگر کراچی، سکھر، نواب شاہ اور حیدرآباد اسٹیٹس کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارے کی انتظامیہ نے تنخواہوں کی ادائیگیوں پر توجہ دینے کے بجائے الٹا ملازمین کو حاضری کے نام پر ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے اور غریب ملازمین کی تنخواہوں پر کٹ لگانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
سائٹ ملازمین کے مطابق ڈیپوٹیشن پر آئے افسران کو اہم عہدے دیے جانے، افسران کی مبینہ کرپشن کے سبب تنخواہوں میں تاخیر کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا جس کے لیے تیاری شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عید الفطر کے موقع پر سندھ کے تمام سرکاری اداروں کو 21 مارچ تک تنخواہیں ادا کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا مگر سائٹ انتظامیہ نے تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
تاج حیدر کے انتقال سے خالی ہونےوالی سینیٹ کی نشست کیلئے الیکشن شیڈول کا اعلان
الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا۔
کراچی سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹ انتخاب 6 مئی کو سندھ اسمبلی میں ہوگا۔ نشست پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خالی نشست پر انتخاب کےلیے پبلک نوٹس 17 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار کاغذات نامزدگی 18 اپریل سے 19 اپریل تک جمع کراسکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان سینیٹ انتخاب کے ریٹرننگ آفسیر ہوں گے۔