’منی بجٹ‘: حکومت نے عوام پر 34 ارب روپے ماہانہ کا بوجھ ڈال دیا، مفتاح اسماعیل
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے 2 ماہ میں عوام کو فائدہ دینے کی بجائے 34 ارب روپے ماہانہ ٹیکس بڑھا دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرا ہمیشہ خیال رہا کہ جب بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھیں تو پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی جائیں اور اس کے برعکس جب یہ قیمتیں کم ہوتی ہیں تو حکومتوں کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن لگاتار 2 ماہ سے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھا دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مارچ میں انہوں نے لیوی میں 10 روپے کا اضافہ کیا اور اپریل میں انہوں نے دوبارہ لیوی میں مزید 10 روپے اضافہ کیا جس سے کل لیوی 80 روپے ہو گئی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سب سے بری بات حکومت کا یہ جھوٹ ہے کہ یہ رقم بلوچستان کے کچھ منصوبوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اضافی ٹیکس عام سرکاری فنڈز میں جائے گا جبکہ بلوچستان کے لیے کسی نئے منصوبے کی منظوری نہیں دی گئی۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اس کے علاوہ جیسا کہ میں ٹی وی پر ایک سے زیادہ بار کہہ چکا ہوں کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کرے گی اور ٹیکسوں میں اضافہ جاری رکھے گی لہٰذا یہ واقعی یہ ایک منی بجٹ ہے۔
مزید پڑھیں : سرکاری نرخ مسترد، ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کا دودھ کی قیمت میں اضافے کا اعلان
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: حکومت نے انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
حکومت کا آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
اسلا م آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم قیمتوں میںکمی نہیں کی گئی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 258روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار ہیں۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو پیٹرولیم لیوی بڑھا کر ایڈجسٹ کردیا گیا۔ پیٹرول پر لیوی 8 روپے 72 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔پیٹرول پرلیوی 70 روپے سے بڑھا کر 78روپے 72 پیسے کردی گئی ہے۔ڈیزل پر لیوی 7 روپےایک پیسےفی لیٹربڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل پرلیوی 70 روپے سے بڑھا کر 77 روپے ایک پیسےفی لیٹرکر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم لیوی میں اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کیا گیا۔اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، اس کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان پرلگائیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے، آج پیٹرول قیمتیں کم ہونے جارہی ہیں ہم نے سوچا کے ہم اسے برقراررکھیں گے اور پیٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کریں گے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان پیسوں سے قوم کے زخموں پرمرہم رکھیں گے، اس رقم سے کچھی کینال اور کوئٹہ کراچی ایم 25 بنائیں گے۔