بانی پی ٹی آئی سے جیل میں بیرسٹر سیف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
فائل فوٹو۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پشاور سے ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت پر اب تک کی پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔ بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ سے بات نہ بننے کی وجوہات بتائیں۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھک ضروری ہے۔ ملاقات میں بیرسٹر سیف پر سوشل میڈیا میں پارٹی رہنماوں کےاعتراضات بھی زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سیف پر اعتماد کا اظہار کیا اور انھیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
بیرسٹر سیف اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات میں دہشتگردی اور افغانستان کے ساتھ بات چیت پر گفتگو ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی نے امن و امان کے حوالے سے افغانستان سے مذاکرات کو ناگزیر قرار دیا۔
واضح رہے کہ مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی سیف کی بانی پی ٹی آئی سے چند روز قبل بھی ملاقات ہوئی تھی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی بیرسٹر سیف
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتار: بیرسٹر سیف کی وزیر اعلیٰ پنجاب پر ایک بار پھر شدید تنقید
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت 26ویں آئینی ترمیم کی آڑ میں عدلیہ کی آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے سامنے جو کچھ ہو رہا ہے، وہ عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب پولیس عدلیہ کے فیصلوں کا مذاق اڑا رہی ہے، جو ایک خطرناک روایت کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کو 26ویں ترمیم کی زنجیروں کو توڑتے ہوئے آئین و قانون کی پامالی پر نوٹس لینا چاہیے۔ بانی چیئرمین کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک قابل مذمت ہے۔ ان کی گرفتاری اور ویرانے میں چھوڑ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عدالتی احکامات کی توہین کے مترادف ہے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین سے ان کی بہنوں کی ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، جسے طاقت کے زور پر سلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اتنا ظلم کریں کہ کل کو اسے برداشت بھی کر سکیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو ’حواس باختہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بانی چیئرمین کی بہنوں سے بھی خوفزدہ ہو چکی ہے، جو اس کی کمزوری اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔