ماحولیاتی تحفظ فورس کا قیام وقت کا تقاضہ ہے: مریم اورنگزیب
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
مریم اورنگزیب—فائل فوٹو
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ فورس کا قیام وقت کا تقاضہ ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ملک کی پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس بنائی گئی، ماضی میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام نہیں کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے روز سے ماحول کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ماحولیاتی تحفظ فورس کا قیام وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے عزم کا عکاس ہے۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز لاہور کے تاریخی، تہذیبی، ثقافتی رنگ دنیاکو دیکھانا چاہتی ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پہلی بار پنجاب میں فیول ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں، ماحولیاتی تحفظ فورس جدید آلات سے لیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خوش حالی کے لیے جاری پروگرام بھی مثبت نتائج دے رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پنجاب میں عوامی فلاح اور زندگیاں بچانے کے لیے متعدد پروگرام جاری ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز سے پہلے کسی حکومت نے ماحولیات کی بہتری کے لیے کام نہیں کیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
’ایئر پنجاب‘ پراجیکٹ اور بلٹ ٹرین چلانے کی منظوری
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز— فائل فوٹووزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’ایئر پنجاب‘ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں پہلی صوبائی ایئر لائن ’ایئر پنجاب‘ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا۔
’ایئر پنجاب‘ کے لیے فوری طور پر 4 ایئر بس طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے ’ایئر پنجاب‘ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
اجلاس میں لاہور یلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا جبکہ جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ یلو لائن پراجیکٹ اسٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ اسٹڈی کے لیے 15جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
علاوہ ازیں لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی، پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے لیے مختلف آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کا ٹاسک سونپ دیا، بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب کے مزید 6 روٹس پر ہائی اسپیڈ ٹرین کے لیے بھی پلان طلب کر لیا، لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک بھی ہائی اسپیڈ ٹرین چلے گی۔
شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا، ہائی اسپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا چلائی جائے گی۔
لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا۔