کیا ہو رہا ہے؟پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ہمیشہ سے ہی پیچیدہ مگر باہمی دلچسپیوں پر مبنی رہے ہیں۔ کبھی یہ تعلقات دوستی اور تعاون کی معراج پر ہوتے ہیں تو کبھی شک اور بداعتمادی کی دھند میں لپٹے دکھائی دیتے ہیں۔ آج ایک بار پھر پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ لیکن اس دفعہ منظرنامہ روایتی سے کچھ مختلف ہے۔
جب 2025 ء کے آغاز میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ امریکی صدارت کا منصب سنبھالا تو دنیا کو ایک بار پھر امریکہ کی جارح مزاج اور واضح ترجیحات والی خارجہ پالیسی ملی۔ ٹرمپ نے اپنے پہلے ہی خطاب میں افغانستان سے بگرام ایئر بیس واپس لینے اور وہاں چھوڑا گیا اسلحہ اور جنگی ساز و سامان واپس لانے کا اعلان کیا۔ بظاہر یہ ایک سادہ اعلان تھا مگر اس کے پیچھے چھپی حکمت عملی نے خطے کے ماہرین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔بگرام کی واپسی کا مطلب صرف افغانستان میں موجودگی نہیں بلکہ ایک وسیع تر پلان کا عندیہ تھا۔ایسا پلان جس میں امریکہ نہ صرف افغانستان بلکہ ایران، چین اور روس جیسی طاقتوں کو قریب سے مانیٹر اور ممکنہ حد تک قابو میں رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت ایک بار پھر مرکزی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
صدر ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے کے کچھ ہی دن بعد امریکہ کا ایک اعلیٰ سطحی انویسٹمنٹ وفد پاکستان پہنچا۔ اس وفد کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ نے کی۔ دورے کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے جن میں توانائی، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبے شامل تھے۔یہ دورہ محض ایک سرمایہ کاری مشن نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے سفارتی، اقتصادی اور دفاعی حکمت عملی کا ایک گہرا تناظر موجود تھا۔ابھی حال ہی میں امریکی کانگریس کے ایک تین رکنی وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس وفد میں نمایاں نام جوناتھن جیکسن، جیک برگ مین اور ٹام سوازی کے ہیں۔ ٹام سوازی امریکہ کی آرمڈ فورسز ملٹری یونٹ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں جس سے ان کی عسکری بصیرت اور اسٹرٹیجک سوچ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ جو ظاہر کرتا ہے کہ یہ محض رسمی سفارتی دورہ نہیں بلکہ ایک اسٹرٹیجک مشن ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد معاشی تعاون، تجارتی مواقع، دفاعی اور عسکری تعلقات، تعلیم، ٹیکنالوجی، اور سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں گفتگو کرنا ہے۔
پاکستان کی جغرافیائی حیثیت ہمیشہ سے دنیا کی بڑی طاقتوں کے لیے کشش کا باعث رہی ہے۔ ایک طرف افغانستان، دوسری طرف ایران، تیسری طرف چین اور شمال میں روس۔ایسے میں پاکستان کی سرزمین امریکہ کے لیے ایک خواب کی تعبیر بن سکتی ہے، خاص طور پر اگر وہ اس خطے میں دوبارہ کسی قسم کی فوجی موجودگی قائم کرنا چاہتا ہے۔اگرچہ پاکستان نے ماضی میں ’’ڈو مور‘‘ کے دبائو کا سامنا بھی کیا ہے مگر اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان ایک واضح اور متوازن خارجہ پالیسی مرتب کرے جو قومی خودمختاری، علاقائی امن، اور اقتصادی استحکام کی ضمانت دے۔پاکستان کے لیے چیلنج یہ ہے کہ وہ افغانستان، امریکہ، چین، روس اور ایران جیسے ممالک کے درمیان کس طرح توازن برقرار رکھتا ہے۔ امریکہ کی قربت سے اقتصادی فائدے حاصل کیے جا سکتے ہیں لیکن اس کے ساتھ چین ، ایران اور روس کی ناراضگی مول لینا ممکنہ طور پر مہنگا سودا بھی بن سکتا ہے۔امریکی کانگریس کے حالیہ دورے، سرمایہ کاری وفود کی آمد، اور صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے واضح ہے کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ مگر اب پاکستان وہ نہیں جو پہلے تھا۔ اگر پاکستان نے دانشمندی، تدبر اور خودداری کا مظاہرہ کیا تو یہ وقت پاکستان کی تاریخ کا ایک نیا، سنہرا باب بن سکتا ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی تاریخ اگرچہ اتار چڑھائو سے بھرپور رہی ہے مگر ہر موڑ پر یہ تعلقات عالمی سیاست کی دھڑکنوں کے عین مطابق بدلتے رہے ہیں۔ کبھی یہ اتحاد جنگی حکمت عملیوں کی بنیاد پر قائم ہوا تو کبھی صرف سفارتی رسموں تک محدود رہا۔ مگر حالیہ چند ہفتوں میں جس تیزی سے پاکستان میں امریکی وفود کی آمد ہوئی ہے وہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک گہرے اور باقاعدہ منصوبے کی عکاسی کرتی ہے۔ ان غیر معمولی حرکات نے سیاسی و عسکری تجزیہ کاروں کو ایک بار پھر اس بحث میں ڈال دیا ہے کہ کیا امریکہ ایک مرتبہ پھر جنوبی ایشیا میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے لیے پر تول رہا ہے؟
جب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2025 ء کے آغاز میں دوسری مدت کے لیے امریکی صدر کا منصب سنبھالا ہے عالمی سیاست میں ایک واضح تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی ہمیشہ سے جارحانہ اور یک طرفہ رہی ہے۔
امریکی وفدکے حالیہ دورے کا شیڈول اور دائرہ کار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکہ پاکستان میں صرف سفارتی دلچسپی نہیں رکھتا بلکہ وہ سٹریٹیجک سطح پر تعلقات کو ازسرنو ترتیب دینے کی کوشش کر رہا ہے۔اگر ہم نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا تو پاکستان نہ صرف ایک علاقائی طاقت کے طور پر ابھر سکتا ہے بلکہ بین الاقوامی برادری میں بھی اپنی قدر و قیمت میں اضافہ کر سکتا ہے۔ مگر اگر ہم نے یہ موقع گنوا دیا تو ایک بار پھر ہم عالمی طاقتوں کی شطرنج کا مہرہ بن کر رہ جائیں گے۔

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: پاکستان اور امریکہ کے سرمایہ کاری ایک بار پھر پاکستان کی سکتا ہے رہا ہے رہی ہے کے لیے

پڑھیں:

پاک امریکہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئےپاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس قائم

شکاگو: امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس قائم کرلیاہے،جس کا مقصدپاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینااور تاجروں کے مسائل اجاگرکرکے انہیں فوری طور پرحل کرانے کی کوششیں کرناہے۔ اس سلسلے میں شکاگومیں ایک تقریب منعقدہوئی جس میں معروف بزنس مین نوید انورچوہدری کو پاکستانی امریکن چیمبرآف کامرس کا صدر اور طارق بٹ کوچیئرمین بنایاگیااوران پر اعتماد کا اظہار کیاگیا۔تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم،امریکہ کی اہم شخصیات انا والنسیا، میلیسا ایرون، فرٹز کیگی، ڈینی ڈیوس کے علاوہ معروف پاکستانیوں راناجاوید،رانازاہد،رضوان خان،چوہدری منیر،ڈاکٹرمحمدانور،آصف ملک اور ڈاکٹرآصف سمیت بڑی تعدادمیں پاکستانیوں نے شرکت ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نویدانورچوہدری نے کہاکہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم چیمبرآف کامرس کے قیام میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس کا سہراطارق بٹ، قونصل جنرل، کمیونٹی لیڈرز اورتاجروں کو جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ یہاں بیٹھے ہوئے تمام افراد کاتعلق مختلف صنعتوں سے ہے لیکن اس سے پہلے ہمارے پاس کوئی باضابطہ فورم موجود نہیں تھاجہاں ہم اپنی تجاویزدے سکیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں یہ چیمبراپنافعال کرداراداکرے گا۔ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھایاجاسکتاہے اور اس کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس فورم کے ذریعے امپورٹ ،ایکسپورٹ میں جو بھی ایشوز آتے ہیں انہیں اجاگرکرنے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دیاجائے گا۔اس موقع پر شرکاء نے چیمبر آف کامرس کے قیام کاخیرمقدم کرتے ہوئے اس توقع کااظہارکیاکہ نہ صرف اقتصادی شعبے میں دونوں ممالک میں تعاون بڑھے گابلکہ دونوں ممالک کے تاجروں کو جن مسائل کاسامناکرناپڑتاہے انہیں حل کرانے میں آسانی ہوگی۔

 

Post Views: 1

متعلقہ مضامین

  • چھٹی جماعت سے آئی ٹی مضمون کو نصاب کا حصہ قرار دینے کے لیے حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم کی ہدایت
  • منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، محسن نقوی
  • وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان پر 29فیصد ٹرمپ ٹیرف پر بات چیت کیلئے امریکہ جائیں گے
  • مسلسل تین فائنل ہارنے کے بعد اس بار ملتان سلطانز کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ اسامہ میر نے بتادیا
  • پاک امریکہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئےپاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس قائم
  • دہشتگردی کے خلاف کثیر الجہتی بین الاقوامی حکمت عملی تیار کی جائے: محسن نقوی
  • دہشتگردی کیخلاف کثیر الجہتی بین الاقوامی حکمت عملی تیار کی جائے، محسن نقوی
  • پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا، امریکی اراکین کانگریس
  • ’پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا‘، امریکی اراکین کانگریس نے دورہ پاکستان کو کامیاب اور مثبت قرار دیدیا