چین تجارتی جنگ میں جوابی وار، امریکی بوئنگ طیارے نہ خریدنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
بیجنگ: چین اور امریکا کے درمیان تجارتی کشیدگی بڑھنے لگی ہے۔ چین نے اپنی تمام ائیرلائن کمپنیوں کو امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے طیارے نہ خریدنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی کمپنیوں سے اسپیئر پارٹس اور دیگر آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ چین کے اس فیصلے کو امریکا کی اقتصادی جارحیت کا جواب قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ چین سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اب فیصلہ بیجنگ کو کرنا ہے کہ وہ ڈیل چاہتا ہے یا نہیں۔
امریکی جریدے کی ایک رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے چین کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے لیے ٹیرف مذاکرات کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاکہ امریکا کے تجارتی شراکت دار چین سے تجارت محدود کریں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا دنیا کے 70 سے زائد ممالک پر زور دے رہا ہے کہ وہ چینی کمپنیوں کو اپنی سرزمین پر کام کرنے سے روکیں اور چین کو سامان کی ترسیل کی اجازت نہ دیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاک امریکا تجارتی تعلقات اور ٹیرف ریلیف پر کلیدی پیشرفت
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے امریکی کانگریس کے وفد کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں پاکستان کی معاشی صلاحیتوں، صدر ٹرمپ کی ٹیرف معطلی، اور ٹیکنالوجی، معدنیات و قابلِ تجدید توانائی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر روشنی ڈالی۔
بیرسٹر دانیال نے کہا، ’’ٹیرف ریلیف دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو تاریخی رفتار دینے کا بے مثال موقع ہے۔ ہم عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے شفافیت، اصلاحات، اور جدید پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ ’’سبز توانائی اور معدنی شعبوں میں امریکا کے ساتھ اشتراک خطے کی ترقی کا نیا باب کھولے گا۔‘‘
امریکی وفد نے پاکستان کے معدنی ذخائر اور عالمی سپلائی چین کو مستحکم کرنے میں اس کے کردار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کاوشوں، تکنیکی تعاون، اور پائیدار ترقی کے منصوبوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے ان شعبوں میں فوری اقدامات کے لیے مشترکہ ٹاسک فورسز تشکیل دینے کا اعلان کیا۔
Post Views: 3