Express News:
2025-04-16@04:49:01 GMT

کیا وہ واقعی پاگل تھا؟

اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT

ایک پاگل تھا، پاگل ہی تھا کیوں کہ وہ جو کچھ کرتا تھا، بولتا تھا ، وہ پاگل ہی کرتے ، دانا، ہوشیار اورعقل مند نہیں کرتے۔ وہ نہ جانے کہاں سے آیا تھا ، گاؤں کے کنارے قبرستان کے پاس جوتے گانٹھنے کا اڈہ لگائے ہوئے تھا، جوتے بڑے کمال کے گانٹھتا تھا اورپیسے بھی بہت کم لیتا تھا، اس لیے لوگ اچھی تعداد میں آتے تھے۔

ایک دن گاؤں کے کچھ شریر لڑکوں نے سوچا کہ یہ بہت کماتا ہے، اس کے پاس بہت مال ہوگا لیکن اڈے کی تلاشی لی تو کچھ بھی نہ ملا چنانچہ غصے میں اس کے سارے آوزار لے جاکر کہیں دبادیے۔ بیچارے کے پاس آوزار نہ رہے تو مزدوری کرنے لگا لیکن یہاں سارے مزدور اس کے دشمن ہوگئے کہ وہ ان کی طرح کام چوری نہیں کرتا تھا، جی جان لگا کر کام کرتا تھا۔ مزدوروں نے اسے اپنے ڈھب پر لانا چاہا لیکن اس نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں حق حلال روزی کماؤں گا ۔

آخر مزدوروں نے جب دیکھا کہ وہ پورا کام کرکے مالکوں کوخوش کرتا ہے اورہمارے بارے میں بدظن کررہا ہے تو ایک دن اس کی جھونپڑی میں گھس کر اسے خوب مارا پیٹا اورجو کچھ ہاتھ لگا، وہ بھی لے گئے لیکن اسپتال میں اس نے کسی پر الزام نہیں لگایا، تشدد کرنے والے مطمئن ہوگئے کہ ہماری نقاب پوشی کی وجہ سے اس نے ہمیں پہچانا نہیں ہے لیکن جب وہ دکھاوے کی عیادت کے لیے گئے تو اس نے کہا، میں نے تم سب کو پہچانا ہے اورمعاف بھی کردیا ہے لیکن استدعاکرتا ہوں کہ راہ راست پر آجاؤ، حرام کی مت کماؤ ،حلال میں برکت ہوتی ہے ۔

وہ متعجب ہوکر بولے، جب تم نے ہمیں پہچان لیا تھا تو پولیس کے سامنے ہمارا نام کیوں نہیں لیا۔ جواب میں اس نے کہا ، پولیس والے تمہیں لے جاتے تو پیچھے تمہارے بچے پریشان ہوجاتے ، بھوک کاشکار بھی ہوجاتے، اس لیے ۔وہ لوگ اتنے ممنون اورمتاثر ہوگئے کہ انھوں نے بھی ایمانداری سے کام شروع کر دیا۔ وہ لڑکے جو اس کے اوزار لے گئے تھے، برے نہیں تھے، صرف بگڑے بچے تھے اوران ہی لوگوں کے تھے، انھوں نے بھی ایک دن چپکے سے اوزار اس کی چھونپڑی میں رکھ دیے ۔

اسپتال سے فارغ ہوکر اس نے پھر اپنا کام شروع کردیا، لوگوں کو اس بات پر حیرانی تھی کہ وہ پیسے کما کر لے جاتا کہاں ہے؟ اپنے اوپر تو ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرتا، پھر لوگوں کو آہستہ آہستہ پتہ چل گیا کہ وہ چپکے چپکے سے گاؤں کے غریبوں ، بیواؤں ، یتیموں اورمعذوروں پر اپنی کمائی خرچ کرتا ہے ۔ایک اورکام وہ یہ بھی کرتا تھا کہ گاؤں میں جہاں جہاں وہ راستے خراب دیکھتا، اسے ٹھیک کردیتا تھا، کوڑا کرکٹ بھی صاف کرتا تھا، کسی کے ہاں میت ہوتی، قبرکھودنے بھی لگ جاتا ، قبرستان کی شکستہ قبریں بھی ٹھیک کرتا تھا اوراس میں درخت بھی لگاتا تھا ،تھوڑے ہی عرصے میں قبرستان سایہ دار درختوں سے بھر گیا اورتجہیز و تکفین کو آنے والے جو پہلے دھوپ میں جلتے تھے ،اب سائے میں آرام سے رہتے۔ اپنے اڈے کے قریب قبرستان میں اس نے ایک کنواں بھی کھدوایا ، لوگ اب وہاں آسانی سے وضو بھی کرتے اورپانی بھی پیتے ۔ آہستہ آہستہ خاموشی سے لوگ اس سے متاثر ہونے لگے اوراسی کی طرح بننے کی کوشش کرنے لگے۔ لڑائی جھگڑے، حرام خوری کم ہوگئی۔ لوگ جو پہلے ایک دوسرے سے لڑتے تھے، حسد کرتے تھے، نفرت کرتے تھے، آپس میں شیر وشکر ہوگئے حالانکہ وہ کسی کو کچھ کہتا نہیں تھا ، لوگ خود بخود اس کے جیسے ہوتے گئے ۔ لیکن لوگوں کو اس بات سے بڑی حیرت ہوتی تھی کہ ایک تو وہ داڑھی نہیں رکھتا تھا، دوسرے نماز بھی نہیں پڑھتا تھا اور روزے بھی نہیں رکھتا تھا ۔

آخر ایک دن کچھ لوگ اس کے پاس گئے اورکہا کہ تم اتنے اچھے ہو،کبھی کوئی برا کام نہیں کرتے ہو، اتنا لوگوں کے کام آتے ہو، لوگوں کی مدد کرتے ہو یعنی ہرلحاظ سے اچھے ہو تو داڑھی کیوں نہیں رکھتے؟ نماز کیوں نہیں پڑھتے؟ اورروزے کیوں نہیں رکھتے؟ تھوڑی دیر تک وہ چپ رہا، سکون سے سب کچھ سن رہا تھا، پھر آہستہ آہستہ بولنے لگا ۔داڑھی میں اس لیے نہیں رکھتا کہ یہ میرے محبوب نبیﷺ کی پیاری سنت ہے اوراگر میں اسے اپنے اورگناہگارچہرے پر رکھ لوں اورپھر بھی گناہ کروں گا تو یہ میرے نبیﷺ کی اوران کی اس پاک محترم اور بابرکت سنت کی توہین ہوگی، تضحیک ہوگی، بے حرمتی ہوگی، لہٰذا کوشش کرتا ہوں خود کو اوراپنے چہرے کو اس کے لائق بناؤں اوراگر بن سکا تو پھر محبت، احترام اورفخر سے اپنے چہرے کی زینت بنالوں گا۔

 اور نماز؟ لوگوں نے پوچھا ۔ہاں نماز۔۔۔ ؟ میرا خیال ہے کہ یہ نہایت بے شرمی اور ڈھٹائی نہیں ہوگی کہ میں نمازی بن کر بھی ناجائز منافع خوری کروں، جھوٹ بولوں، اس کے احکام کی خلاف ورزی کروں، پیٹ میں حرام رکھوں ۔ اورہاں روزے؟ روزہ بھی صرف منہ کا نہیں ہوتا ، آنکھوں، زبان ،کانوں، ہاتھوں، پیروں اورذہن ودل کابھی ہوتا ہے اورخدا کو عملی طور پر یہ ثبوت دینا ہوتا ہے کہ ’’تمہارے حکم ‘‘پر میں جائزحلال چیزیں بھی استعمال کرنا بند کرسکتا ہوں تو ناجائز، ناروا اورحرام چیزیں کیوں نہیں چھوڑوںگا۔

میں ان محترم چیزوں کامنکر نہیں اورجب بھی خود کو ان کے قابل بناسکا، شروع کردوں گا ۔جب تک میں خود کو سدھار نہیں لیتا، دوسروں کو سدھرنے کے لیے کسے کہہ سکتا ہوں۔

 کیا وہ واقعی پاگل تھا؟

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: کیوں نہیں کرتا تھا ا ہستہ ایک دن کے پاس

پڑھیں:

عوام خود کھڑے ہوں,حکمرانوں کی پروا کیے بغیر اسرائیلی ظلم و جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں:مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں منعقدہ اسرائیل مردہ باد ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے جمعیت علمائے اسلام کی آواز پر لبیک کہہ کر اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اجتماع قائم کیا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک اہلِ غزہ اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آج کا یہ اجتماع اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو غیرت دلا رہا ہے۔ اگر بیس ہزار بچوں اور بیس ہزار خواتین کی شہادت بھی انہیں بیدار نہیں کر سکی، تو ہم اور آپ انہیں کیسے جگائیں گے؟انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام خود کھڑے ہوں اور حکمرانوں کی پروا کیے بغیر اسرائیلی ظلم و جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں۔مولانا نے تاریخی تناظر میں اسرائیل کی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پہلی جنگ عظیم کے بعد فلسطین میں یہودی آبادی صرف دو فیصد تھی۔ اسرائیل کوئی ملک نہیں، بلکہ عرب سرزمین پر ایک غاصب قبضہ ہے۔ یہ ایک خنجر ہے جو عربوں کی کمر میں گھونپا گیا۔”انہوں نے عالمی قوتوں پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئیے کہا کہ آج امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، لیکن مسلمانوں کا خون انہیں سستا نظر آتا ہے۔اگر سعودی عرب میں قصاص لیا جائے تو شور مچایا جاتا ہے. لیکن فلسطین میں بے گناہوں کے قتل پر خاموشی چھائی رہتی ہے۔”ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر افغانستان سے کچھ نہیں سیکھا، تو وہ وقت دور نہیں جب آپ کو ہمیں جواب دینا ہوگا۔انہوں نے اس اجتماع کو فلسطینی عوام کے عزاز میں ایک تاریخ ساز مظاہرہ قرار دیا اور کہا کہ دنیا بدل رہی ہے .معیشت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے اور مسلمانوں کو اب ایک نئی حکمت عملی کے تحت متحد ہونا ہو گا۔آخر میں مولانا فضل الرحمان نے عوامی بیداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلمان مذہبی، سیاسی اور معاشی میدانوں میں متحد ہوکر اپنا کردار ادا کریں اور مظلوم فلسطینیوں کا بھرپور ساتھ دیں۔

متعلقہ مضامین

  • بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی کو بطور ہیرو پسند کرتے ہیں، علی محمد
  • کینسر ہوگا یا نہیں، یہ بات لائف اسٹائل کیسے طے کرتا ہے؟
  • ’آپ دوسروں کے خاندان بیچ رہے ہیں‘، رجب بٹ کی ایک بار پھر فہد مصطفیٰ پر تنقید
  • حقوق کے حصول کی تحریک میں آخر تک کھڑے رہینگے، علامہ علی حسنین
  • پیپلز پارٹی اور نون لیگ حکومت کا حصہ، وہی فیصلہ کرتے ہیں جو ملکی مفاد میں ہو، احسن اقبال
  • “زیادہ تمباکو ٹیکس صحت نہیں، غیر قانونی مارکیٹ کو فروغ دیتا ہے” ، امین ورک
  • عوام خود کھڑے ہوں,حکمرانوں کی پروا کیے بغیر اسرائیلی ظلم و جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں:مولانا فضل الرحمن
  • سلمان اکرم راجہ پارٹی کو کسی رجمنٹ کی طرح چلارہے ہیں، فواد چوہدری کا الزام
  • مہرستان دہشتگردانہ حملے کے مرتکب افراد کو فی الفور شناخت کر کے قرار واقعی سزا دینگے، اسمعیل بقائی