پائیدار ترقی کیلئے ماہرین معیشت اور پالیسی سازوں کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، احسن اقبال
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو جمود، غیر یقینی اور پالیسیوں کے عدم تسلسل سے نکال کر پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ماہرین معیشت، محققین اور پالیسی سازوں کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان سوسائٹی آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پی ایس ڈی ای ) کے 38ویں سالانہ اجلاسِ سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت حکومت کا ہدف 2035 تک پاکستان کو ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنانا ہے اور اس منزل تک رسائی تبھی ممکن ہے جب قومی پالیسیاں تحقیق، اعداد و شمار اور سائنسی بنیادوں پر استوار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین معیشت قوم کی معیشت کے معالج ہوتے ہیں جنہیں بیماری کی درست تشخیص کر کے علاج تجویز کرنا ہوتا ہے، پاکستان کی معیشت اس وقت جس بحران کا شکار ہے، وہ وقتی نہیں بلکہ نظامی اور ڈھانچہ جاتی نوعیت کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ترقیاتی ماڈل کو ازسرنو تشکیل دینا ہوگا اور ان ممالک سے سیکھنا ہوگا جنہوں نے ہمارے ساتھ سفر کا آغاز کیا مگر آج کہیں آگے نکل چکے ہیں، ان ممالک نے پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا، ادارہ جاتی استحکام کو یقینی بنایا اور اصلاحات کو سیاست سے بالاتر رکھا اور یہی چیزیں ہمیں بھی درکار ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ماہرینِ معیشت کا فرض ہے کہ وہ قومی ترجیحات پر اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ اہم پالیسی فیصلے ہر آنے والی حکومت میں برقرار رہیں اور قوم طویل المدتی ترقیاتی ہدف سے نہ ہٹے۔
وفاقی وزیر نے معاشی ماہرین پر زور دیا کہ وہ زرعی، آبی اور رہائشی منصوبوں میں موسمیاتی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسیاں مرتب کریں جو مستقبل کے خطرات سے بچاؤ کی ضمانت فراہم کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: احسن اقبال نے کہا
پڑھیں:
اڑان پاکستان کے تحت قومی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے: گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران ٹیسوری—فائل فوٹوگورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اڑان پاکستان کے تحت قومی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانی اس میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔
اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانی کنونشن میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 77 سالہ تاریخ میں اس سال سب سے زیادہ زرِمبادلہ بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی ون ونڈو آپریشن ہے، سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں ملک و قوم کے حالات بہت جلد بدلنے والے ہیں، پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز جلد شروع ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور آرمی چیف معیشت کے مزید استحکام کے لیے شب و روز محنت کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارا نظریاتی اور سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ریاست پر اختلاف نہیں ہو سکتا۔