چار روز سے سعودی عرب میں پھنسے 60 عمرہ زائرین وطن واپس پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 15th, April 2025 GMT
کراچی:
چار روز سے سعودی عرب میں پھنسے 60 کے لگ بھگ عمرہ زائرین وطن واپس پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق چار روز سے سعودی عرب کے ہوائی اڈے پر پھنسےعمرہ زائرین نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی ائیرپورٹ پہنچے، طویل انتظار کے بعد وطن واپسی پرعمرہ زائرین مسرور دکھائی دیے۔
زائرین کا کہنا تھا کہ انھیں دوبارہ فضائی سفرکے لیے نئے ٹکٹ کی مد میں 35ہزارروپے ادا کرنے پڑے جبکہ 20ہزار روپے ٹریول ایجنٹ نے بھرے، 4 روزکے دوران وہ ہوائی اڈے پر بے یار و مددگار رہے۔
واضح رہے کہ عمرہ زائرین کو خلیجی ملک کی ائیرلائن کی پرواز ائیرپورٹ پر چھوڑ گئی تھی، جس کے سبب عمرہ زائرین کو بیشتروقت ائیرپورٹ کے لاونج میں گذارنا پڑا،عمرہ زائرین کا تعلق دیہی سندھ کے علاقے سانگھڑسے ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سعودی ایوی ایشن نے عمرہ ویزہ ہولڈرز کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دیں
کراچی:سعودی ایوی ایشن حکام نے ایئرلائنز اور مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت عمرہ ویزہ رکھنے والے مسافروں پر 15 شوال کے بعد مملکت کا سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اب ہر سال 15 شوال کے بعد عمرہ ویزہ رکھنے والے مسافروں کو سعودی سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئرلاینز کو نئی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو کہا گیا ہے کہ شوال کی 15 تاریخ کے بعد ایسے مسافروں کو ایئرلائنز بورڈنگ نہ دیں،خلاف ورزی کرنے پر مسافروں اور ایئرلائنز کے خلاف سعودی ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔