پانی کا مسئلہ تقریروں سے حل ہو گا نہ جلسے جلوس سے: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 12th, April 2025 GMT
---فائل فوٹو
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ دو بھائی ہیں، انہیں مل کر کام کرنا ہے، پانی کا مسئلہ تقریروں سے حل ہو گا نہ جلسے جلوس سے۔
عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا جلاؤ گھیراؤ اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانا قومی خدمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب قوم کا مفاد ہوتا ہے تو یہ ہڑتال پر چلے جاتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے مسلم لیگ ن کو قوم کے مفاد کا کام سونپا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دے دیا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کچھ سیاست دان دہشت گردوں کی لاشیں لینے کے لیے اسپتال پہنچ جاتے ہیں، دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے خود کو سیاست دان کیسے کہہ سکتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے تھیٹر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تھیٹر کو فعال بنانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، تھیٹر میں گانے کا لازمی ہونا ضروری نہیں ہوتا، جو لوگ فیملی تھیٹر چاہتے ہیں وہ میرا ہاتھ ضرور مضبوط کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعلی نے اسپورٹس بورڈ کو جتنا فنڈ دیا اس سے پہلے کبھی نہیں ملا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پنجاب میں 48 فیصد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا، عظمیٰ کاردار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نےکہا ہے کہ صوبے میں 48 فیصد ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا ہے۔
لاہور میں بریفنگ کے دوران عظمیٰ کاردار نے کہا کہ دنیا کے 99 فی صد ملکوں میں پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے،جلد ہی پاکستان اور افغانستان سے بھی ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی پولیو وائرس کےلیے سازگار ہے، زیادہ تر بچوں میں پولیو کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن نے مزید کہا کہ بچوں میں پولیو کا پتا وائرس کلچر ٹیسٹ سے لگایا جاتا ہے، پنجاب میں پولیو وائرس کی نگرانی کا نظام موثر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس سال ایک اور پاکستان بھر میں 6 پولیو کیس رپورٹ ہوئے، ہمیں پولیو کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے، والدین پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔
عظمیٰ کاردار نے یہ بھی کہا کہ لاہور، راولپنڈی، ڈی جی خان، ملتان، فیصل آباد میں تسلسل سے پولیو وائرس پایا گیا، پنجاب میں 48 فی صد ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا۔