پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ حیدر سعید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
اشاعت کی تاریخ: 12th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ حیدر سعید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔
حیدر سعید کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کا مزید 10 دن کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے تاکہ باقی ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔
وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ کل جب ریمانڈ لیا گیا تھا تو اس میں ایسی کوئی بات نہیں کی گئی، اگر اسی طرح ہوتا رہا تو پورے پاکستان سے لوگوں کو پوچھا جائے گا اور ریمانڈ کبھی ختم نہیں ہوگا۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ حیدر سعید کا موبائل قبضے میں لیا ہے؟ جس پر تفتیشی نے جواب دیا کہ موبائل ہمارے پاس نہیں، ایف آئی اے کے پاس ہوگا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے سے موبائل لیکر ملزم کے روابط کی تفتیش کی جائے۔
حیدر سعید کی جانب سے ایڈووکیٹ تابش فاروق اور اویس یونس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ حیدر سعید کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان تحریک انصاف کا مزاحمتی سیاست ترک کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مزاحمتی سیاست ترک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسٹبلشمنٹ کے خلاف کسی بھی قسم کی بات نہیں کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر گوہر علی خان کو حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کے اشتعام انگیز ویڈیو بیانات، سوشل میڈیا مہم آئندہ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ منفی باتیں کرنے والے سوشل میڈیا پر کمائی کیلئے پارٹی کا استعمال کر رہے ہیں قیادت اس کی حامی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید خود بھاگا ہوا ہے اور کارکنوں کو مسائل میں ڈال رہا ہے، وہ کس حیثیت میں یہ کر رہا ہے، علیمہ خان منع کرنے کے باوجود یوٹیوبر سے باتیں کرتی ہیں، اس وجہ سے نہیں مل رہا، ملک کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت طریقے سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔