ٹیرف جنگ: آن لائن کاروبار کرنے والے مشکل میں، ’آرڈر کینسل ہو جائیں گے‘
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی صدر ٹرمپ کی حالیہ ٹیرف پالیسی نے دنیا بھر کی معیشت کو کسی نہ کسی طریقے سے متاثر کیا ہے۔ عالمی میڈیا میں اس صورت حال کو ’عالمی ٹیرف جنگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اگلے تین مہینوں کے لئے بیشتر ممالک پر عائد کئے گئے ٹیرف کو روک دیا ہے لیکن چین کے ساتھ یہ ٹیرف جنگ اب بھی عروج پر ہے جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں یہ معاشی جنگ کسی نہ کسی طریقے سے ہر ایک کو متاثر کرے گی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان ایک دوسرے پر امپورٹ ڈیوٹی بڑھانے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت ناممکن صورتحال کی طرف بڑھ رہی ہے۔حالات اس طرف جا رہے ہیں کہ چین کی مصنوعات امریکامیں بیچنا ناممکن ہو جائیں گی کیونکہ یہ اس نئے ٹیکس کی وجہ سے غیرمعمولی حد تک مہنگی ہو جائیں گی۔عالمی ٹیرف جنگ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آن لائن کرنے والے ایسے تاجر بھی متاثر ہوں گے جو تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرتے ہوئے چینی مصنوعات امریکی منڈی میں بیچ رہے ہیں۔
محمد باسط برسوں سے چینی مصنوعات متعدد امریکی پلیٹ فارمز پر آن لائن فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں تو کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ ہو کیا رہا ہے۔ میں ڈراپ شپنگ کا کام کئی سالوں سے کر رہا ہوں لیکن کسی ایسی صورتحال کے لئے تیار نہیں تھا۔ میں نے جتنی بھی مارکیٹنگ کر رکھی ہے وہ چینی مصنوعات کے گرد گھومتی ہے کیونکہ بہت اچھی طرح اندازہ ہو گیا کہ کم سرمایہ کاری سے زیادہ پیسہ کیسے کمایا جا سکتا ہے۔ آج کے دن تک تو میرا مال کہیں کسی جگہ پر نہیں رکا لیکن اب سننے میں آ رہا ہے کہ اگلے چند روز میں جو کھیپ امریکا پہنچے گی وہ ٹیرف لگنے کے بعد کسٹم سے نکلے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اب کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ اس سے آگے کیا ہو گا۔ میں نے اپنے چینی دوستوں سے بات کی کہ اگر سامان واپس آ جاتا ہے تو کیا صورتحال ہو گی لیکن ابھی کسی کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی جن لوگوں نے آرڈر دیے ہوئے تھے ظاہر ہے انہوں نے کم قیمت کے باعث یہ آرڈر کئے تھے وہ آرڈر کینسل کر دیں گے۔‘
یہ مخمصہ باقی ایسے تاجروں کا بھی ہے جو پاکستان میں بیٹھ کر امریکی منڈی میں چینی مصنوعات بیچ رہے ہیں۔ کئی لوگ تو ایمازون اور ای بے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں 35 لاکھ ایسے افراد ہیں جو کسی نہ کسی طرح آن لائن بزنس اور فری لانسنگ سے منسلک ہیں۔ای بزنس کے ماہر عثمان لطیف کہتے ہیں کہ ’ایک ہی وقت میں پاکستان میں کام کرنے والوں کے لئے فائدہ بھی ہے اور نقصان بھی۔ پہلے نقصان کی بات کرتے ہیں وہ تو یہ کہ اب پاکستان میں بیٹھ کر چینی مصنوعات امریکا میں بیچنا تقریب ناممکن ہو جائے گا۔ جس سے کافی زیادہ لوگ جو اس طرح سے کاروبار سے منسلک ہیں وہ متاثر ہوں گے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اگر حکومت پہلے سے ہی اس کا بندوبست کر لے تو چین سے مصنوعات پاکستان میں درآمد کر کے یہاں سے دوبارہ امریکی منڈی میں بھیجنے سے فائدہ ہو سکتا ہے۔‘
عثمان لطیف کا کہنا ہے کہ ’چین پر اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ امریکی ٹیرف عائد ہے جو کہ 125 فیصد ہے جبکہ یہی مصنوعات اگر پاکستان سے ہو کر امریکا جائیں تو وہی ٹیرف 30 فیصد تک پڑے گا۔ یہ ایک متبادل خیال ہے لیکن ابھی صورتحال ہر کچھ گھنٹوں کے بعد بدل رہی ہے۔ اگلے چند دنوں میں اگر صورتحال واضح ہوئی تو پھر لوگ اس طرح کے نئے راستے نکالیں گے۔‘
پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہونے والے بابر اعظم اب کیسے ہیں ؟
مزید :.ذریعہ: Daily Pakistan
کلیدی لفظ: چینی مصنوعات پاکستان میں ٹیرف جنگ آن لائن رہے ہیں
پڑھیں:
ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی،پاکستان کے لئے امریکی منڈی میں نئے مواقع کھل گئے
واشنگٹن،اسلام آباد(راشدعباسی)موقرعالمی جریدے’’دی ڈپلومیٹ‘‘نے دعویٰ کیاہے کہ صدرٹرمپ کی ٹیرف پالیسی نے پاکستان کےلئےامریکہ کے ساتھ تجارت کے نئے مواقع کھول دیئے ہیں، دیکھنایہ ہے کہ آیا پاکستان اپنے علاقائی مسابقت کاروں کے مقابلے میں کم ٹیرف کی سہولت سے فائدہ اٹھا تاہے یا نہیں۔ دی ڈپلومیٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے پاکستان سے درآمدات پر 29فیصدجوابی ٹیرف عائد کیاہے، یہ فیصلہ بظاہر پاکستان کے ساتھ دواعشاریہ نوارب ڈالرکے تجارتی خسارے کوختم کرنے کے لئے کیاگیاہے،پاکستان کے لئے امریکہ کاشمار ان عالمی منڈیوں میں ہوتا ہے جہاں اس کی تجارت نمایاں طور پر سرپلس ہے،حالیہ برسوں میں امریکی منڈی کے لئے پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے،رپورٹ کے مطابق نئے عائد کردہ ٹیرف کے باوجودبعض وجوہات کی بناء پر امریکہ کے لئے پاکستان کی روایتی برآمدات میں اضافے کا رحجان برقراررہنے کاامکان ہے، اس میں سب سے بنیادی وجہ یہ ہے کہ پاکستان پر عائد کردہ ٹیرف کی شرح بنگلہ دیش،ویت نام اور چین جیسے براہ راست مسابقت کاروں کے مقابلے میں کم ہے ،رپورٹ کے مطابق بھارت اورترکیہ جیسے دیگرممالک پر ٹیرف کی شرح پاکستان سے کم ہوسکتی ہے لیکن پاکستان اپنے براہ راست مسابقت کاروں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم قیمت کے باعث فائدہ اٹھاسکتاہے،رپورٹ میں اس امرکی نشاندہی بھی کی گئی کہ اگرچہ پاکستان نے اپنی مصنوعات کی کم قیمت کے باعث حالیہ برسوں میں فائدہ ضرور اٹھایا ہے تاہم وہ اس موقع کو امریکہ میں بڑے مارکیٹ شیئر میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا ہے، کم قیمت کا یہ موقع اس وقت میں پاکستان کے لیے ایک ڈھال کا کام دے سکتا ہے اور بھارت کو حاصل تین فیصد فائدے کا توازن قائم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، رپورٹ کے مطابق دوسری وجہ یہ ہے کہ بنگلہ دیش اور ویتنام — جو کہ امریکی منڈی کے لیےملبوسات فراہم کرنے والے دوبڑے ممالک ہیں — انہیںان پربالترتیب 39 فیصد اور 46 فیصد کا بھاری جوابی ٹیرف لگایاگیاہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان ابھی بھی امریکی منڈی میں زیادہ حصّہ حاصل کر سکتا ہے اور وہ 29 فیصد ٹیرف کے باوجوداپنی مسابقتی حیثیت برقرار رکھ سکتا ہے،تیسری وجہ یہ ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی جنگ کے باعث ممکنہ کساد بازاری کی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتِ حال میں پاکستان ایک غیر متوقع فائدہ اٹھانے والا ملک بن سکتا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے چین پر سخت ٹیرف عائد کرنے سے امریکی منڈی میں چینی ملبوسات اور کپڑوں کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ جائیں گی، یہ بات قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ امریکی منڈی میں چینی ملبوسات پہلے ہی پاکستانی مصنوعات کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہیں،حالیہ ٹیرف میں اضافے اور مستقبل میں ممکنہ مزید اضافے کے بعد پاکستانی مصنوعات اپنی کم قیمتوں کی وجہ سے امریکیوں کے لئے زیادہ پرکشش بن سکتی ہیں، اس سے امریکی خریداروں کی جانب سے پاکستانی اشیاء کے آرڈرز میں اضافہ، مناسب قیمت والی پاکستانی مصنوعات کی مانگ کوتقویت ملنے اور امریکی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ بڑھنے کا امکان ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کاروباری طبقے کابھی کہناہے کہ امریکی ٹیرف کی موجودہ صورتِ حال نے پاکستان کو امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کا ایک غیر متوقع موقع فراہم کیا ہے،رپورٹ میں کہاگیاکہ پاکستان موجودہ صورتحال کے تناظرمیںجامع حکمتِ عملی اپنانے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پُرعزم نظر آتا ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی ٹیرف کے حوالے سے کہاہے کہ ہم اس صورتحال کو ایک چیلنج کے ساتھ ساتھ ایک موقع کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ا یسا لگتا ہے کہ پاکستان اور امریکا نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں تاکہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت تجارتی تعاون کو فروغ دیا جا سکے اور اس ضمن میں ممکنہ طور پر اہم معدنیات ایک کلیدی شعبے کے طور پر سامنے آ سکتی ہیں،پاکستانی وزیرخارجہ کے ساتھ حالیہ ٹیلی فونک بات چیت میں امریکی اہم معدنیات سے متعلق ممکنہ تعاون کی بات کی اور امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں کاروباری مواقع کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایک بڑی تشویش یہ ہے کہ پاکستان کی معیشت کا بہت زیادہ انحصار ٹیکسٹائل کی برآمدات پر ہے، جو کہ امریکہ کو برآمدات کا 77 فیصد بنتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ محدود مصنوعات کی فراہمی امریکی منڈی کے اتار چڑھاؤ سے متاثر ہو سکتی ہے،اس لئے پاکستانی حکومت کو چمڑے، سرجیکل آلات، سیمنٹ اور اسٹیل مصنوعات برآمد کرنے والے دیگر شعبوں کو بھی فروغ دینا ہوگا۔مزید برآں پاکستانی کمپنیوں کے لیے کاروبار کی لاگت کم کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے توانائی کی قیمتوں میں کمی ضروری ہے، ٹرمپ دور کے محصولات کے دوران پاکستانی حکومت نے کمرشل صارفین کے لیے توانائی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے اور آئندہ ہفتوں میں مزید اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔ یہ اقدام کاروباری برادری کی جانب سے خوش آئند قرار دیا گیا ہے، پاکستانی پالیسی سازوں کو چاہیے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری اور نئی مراعات کے ذریعے برآمدکنندگان کی حوصلہ افزائی کریں، آنے والے ہفتوں میں واضح ہوگا کہ آیا پاکستان اپنے علاقائی حریفوں کے مقابلے میں معمولی ٹیرف برتری سے فائدہ اٹھا سکتا ہے یا نہیں۔
Post Views: 3