سلامتی کونسل میں پاکستان کا مطالبہ: اسرائیلی جارحیت سے شامی خودمختاری کی خلاف ورزی روکی جائے؛ مؤثر اقدام کی ضرورت پر زور WhatsAppFacebookTwitter 0 11 April, 2025 سب نیوز

اقوام متحدہ، : پاکستان نے کہا ہے کہ حالیہ اسرائیلی فضائی حملے، جن میں شام کے کئی مقامات بشمول شہری بنیادی ڈھانچے اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، نہ صرف عام شہریوں کی ہلاکت کا سبب بنے بلکہ علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بھی ہیں۔

پاکستان نے کہا کہ ایسے اقدامات شام کی سیاسی استحکام اور قومی مفاہمت کی کوششوں کو مزید نقصان پہنچاتے ہیں، جو سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی حمایت یافتہ ترجیحات ہیں۔

سلامتی کونسل کے شام پر منعقدہ اجلاس میں قومی بیان دیتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کو غیر قانونی فوجی اقدامات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کیونکہ یہ خطرناک مثالیں قائم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو ایک واضح اور متحد پیغام دینا چاہیے کہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کو معمول نہیں بنایا جا سکتا، اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کا مکمل احترام ہونا چاہیے۔

سفیر عاصم نے کہا کہ پاکستان کو اسرائیلی اقدامات کے وسیع تر علاقائی اثرات پر بھی شدید تشویش ہے اور خبردار کیا کہ اس قسم کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی بڑے تصادم کو جنم دے سکتی ہے—جبکہ اس وقت ضرورت سفارت کاری، کشیدگی کے خاتمے اور تعمیر نو کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 مارچ 2025 کو جاری کردہ صدارتی بیان میں شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا اعادہ کیا گیا تھا اور تمام رکن ممالک سے ان اصولوں کی پاسداری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات اس متفقہ مؤقف کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

“کونسل کو فیصلہ کن اقدام کرنا چاہیے اور جواب دہی یقینی بنانی چاہیے،” انہوں نے زور دیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ہم ایک نہایت تشویشناک رجحان کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جو مسلسل اور بلا اشتعال اسرائیلی جارحیت، جنگ بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزی، علیحدگی کے علاقے میں غیر قانونی فوجی موجودگی، اور غیر معینہ مدت تک قبضے کے کھلے اعلانات سے ظاہر ہوتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اس صریحاََ نظر انداز کیے جانے کی واضح اور غیر مبہم مذمت ہونی چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے، اور واضح کیا کہ شام کے جولان علاقے پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے، جو سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کے مطابق “کالعدم اور بے اثر” ہے۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کو چاہیے کہ وہ اسرائیل سے مقبوضہ جولان کی مکمل واپسی کا مطالبہ کرے۔

سفیر عاصم نے شام کے لیے ایک شامی قیادت میں، شامی ملکیت پر مبنی سیاسی عمل کی پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا، جس کی بنیاد سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں پائیدار امن ایک جامع سیاسی منتقلی، قومی اتحاد اور مفاہمت سے مشروط ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ “حالیہ پیش رفت — عبوری حکومت کی تشکیل، عبوری آئین کی منظوری، اور سویلین و عسکری اداروں کا انضمام — کو بیرونی فوجی مداخلت سے پٹری سے نہ اتارا جائے۔”

انہوں نے اسرائیلی حملوں کے انسانی نتائج کو تباہ کن قرار دیا اور کونسل کو یاد دلایا کہ پہلے ہی 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد انسانی امداد کے محتاج ہیں، اور ایسے میں شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بحران کو مزید گہرا کرتا ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا: “ہم نے یو ایس جی لیکروا (USG Lacroix) اور اے ایس جی خیاری (ASG Khiari) کی بریفنگ کو بغور سنا۔ یہ نہایت سنجیدہ نکات ہیں جن پر سلامتی کونسل کو مؤقف اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ اس کی اپیلوں پر عمل نہیں ہو رہا۔ ہم اس حوالے سے کونسل کے ارکان اور متعلقہ فریقین کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔”

.

ذریعہ: Daily Sub News

کلیدی لفظ: سلامتی کونسل کی خلاف ورزی کا مطالبہ

پڑھیں:

جماعت اسلامی کے تحت غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے

احتجاجی مظاہروں سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ آج غزہ میں لاکھوں مسلمان فاقہ کشی، نسل کشی اور قحط کا شکار ہیں جبکہ مسلم حکمران امریکی سامراج کے خوف سے اتنے بڑے سانحے اور ظلم کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیل کے جنگی جنون میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور سندھ بھر میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس سلسلے میں صوبائی امیر کاشف سعید شیخ لاڑکانہ، نائب امیر حافظ نصراللہ چنا کندھکوٹ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری امداد اللہ بجارانی شہدادکوٹ، حافظ طاہر مجید حیدرآباد، علامہ حزب اللہ جکھرو نے سکھر میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے پوری امت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، آج غزہ میں لاکھوں مسلمان فاقہ کشی، نسل کشی اور قحط کا شکار ہیں جبکہ مسلم حکمران امریکی سامراج کے خوف سے اتنے بڑے سانحے اور ظلم کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیل کے جنگی جنون میں اضافہ ہورہا ہے، امریکا کی آشیرواد سے اسرائیل غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹادینے پر تلا ہوا ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے لاڑکانہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 مارچ کو جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے، اقوامِ متحدہ کی رپورٹس کے مطابق غزہ میں 65 ہزار سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور 190,000 سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں، مسلسل اسرائیلی بمباری کی وجہ سے صحت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے، 23 اسپتال بند ہو چکے ہیں، 600 سے زائد طبی کارکنان کو ہلاک کیا جاچکا ہے، غزہ میں خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت جاری ہے، المیہ یہ ہے کہ غزہ کے باشندوں کو امداد کی فراہمی کے لیے واحد گزرگاہ رفح کراسنگ حالیہ مہینوں میں کئی بار بند اور کھولی گئی، جس کی وجہ سے غزہ کے عوام کو امداد اور خوراک کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے، غزہ میں آتش و آہن کا کھیل جاری ہے، نہتے فلسطینی خاک و خون میں ملائے جارہے ہیں، غزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی و درندگی کی جو ویڈیوز اور تصاویر آرہی ہیں، اس نے انسانیت کا دل رکھنے والے افراد کو دھلا کر رکھ دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • پاک اردو مشاورتی اجلاس، اسرائیلی جارحیت کی مذمت
  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت، جماعت اسلامی کا سندھ بھر میں احتجاج
  • ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ، اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے اور ریلیاں، مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان
  • جماعت اسلامی کے تحت غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے
  • گریٹر اسرائیل منصوبے کی آخری منزل مدینہ اور مکہ ہے، طاہر اشرفی
  • سندھ میں مؤثر پالیسی کے باعث دہشتگردی کو کنٹرول کیا گیا، مراد علی شاہ
  • معاہدے کی خلاف ورزی، کوربن بوش پر پی ایس ایل کھیلنے پر پابندی
  • صہیونی جارحیت کیخلاف فلسطینیوں کا ساتھ دینا مسلمانوں پرفرض ہے، فضل الرحمان
  • ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کی پاکستان کے بائیکاٹ کی دھمکی، صارفین کا گرفتاری کا مطالبہ