کراچی سے دوحہ جانے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کے بعد منسوخ
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
کراچی:
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے والی قطر ایئر ویز کی پرواز منسوخ کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق قطر ایئر ویز کی پرواز کو جمعہ کی شب 3 بج کر 50 منٹ پر دوحہ کیلئے روانہ ہونا تھا تاہم ٹیکسی کے دوران طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث پرواز کئی گھنٹوں تک روانہ نہ ہو سکی۔
مسافروں کو پہلے طیارے میں بٹھا کر طویل انتظار کروایا گیا، پھر لاؤنج میں واپس بھیج دیا گیا۔ طویل انتظار اور غیر یقینی صورتحال کے بعد قطر ایئرویز نے پرواز کی منسوخی کا اعلان کر دیا۔
پرواز میں 325 مسافر سوار تھے جن میں سے متعدد کی دوحہ سے آگے کنیکٹنگ فلائٹس بھی تھیں۔ پرواز کی منسوخی سے بیرون شہر سے آئے مسافر شدید پریشان ہو گئے۔
پرواز منسوخ کرنے کے باوجود مسافروں کو ہوٹل نہیں بھیجا گیا، ایئرلائن کا مؤقف ہے کہ ہوٹلوں میں گنجائش موجود نہیں، اس لیے مسافروں کو گھر واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔
مسافروں نے الزام عائد کیا کہ پرواز منسوخ ہونے کے باوجود ہوٹل فراہم نہ کرنا بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔
متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی فوری نوٹس لے اور قطر ایئر ویز کو مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کا پابند بنائے۔
مسافروں کا شکوہ ہے کہ نہ صرف پرواز منسوخ کی گئی بلکہ اگلی فلائٹ کے بارے میں بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
قبل ازیں پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر پرمسافروں نے ایئرلائن کے خلاف شدید احتجاج کیا اور دیگر پروازوں کے مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا جس پر مسافروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔
قطر ایئرویز کے متاثرہ مسافروں کا مطالبہ تھا کہ پہلے ان کی پرواز سے متعلق واضح معلومات فراہم کی جائیں، تب ہی دیگر پروازوں کو روانہ ہونے دیا جائے گا، صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو طلب کیا گیا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قطر ایئر ویز پرواز منسوخ مسافروں کو کی پرواز
پڑھیں:
ایئر انڈیا کی پرواز میں پورا عملہ بزنس کلاس میں سوگیا، مسافر پریشان
نئی دہلی: بھارت کی مشہور ائیر لائن ائیر انڈیا ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی، جب دہلی سے شکاگو جانے والی طویل پرواز میں تمام کیبن کریو ایک ہی وقت میں سو گیا۔ اس حیران کن واقعے نے مسافروں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 12 ہزار کلومیٹر طویل اور 18 گھنٹے کے فضائی سفر کے دوران جب مسافروں کو کسی قسم کی سروس نہ ملی تو انہوں نے خود عملے کو تلاش کرنا شروع کیا۔ حیرت انگیز طور پر پورا کیبن کریو بزنس کلاس میں خراٹے لیتا پایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر انڈیا کی نجی ملکیت میں منتقلی کے بعد ایسے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ ہوابازی سے متعلق حکام کے مطابق، ائیر انڈیا جان بوجھ کر بزنس کلاس کی کچھ نشستیں خالی رکھتی ہے تاکہ عملہ آرام کر سکے، لیکن اس بار تمام عملے کا ایک ساتھ سونا حفاظتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ ائیر انڈیا کو حال ہی میں پرائیویٹائز کیا گیا ہے، اور اس کے بعد سے سروس میں کمی اور بدنظمی کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔