پی ٹی آئی رہنماؤں کو تاحال بانی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
فوٹو: فائل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں بانی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ آج بانی پی ٹی آئی کے رفقاء کی ملاقات طے تھی، ملاقاتیوں کی فہرست پہلے ہی جیل انتظامیہ کو بھیجی گئی ہے۔
اس خط میں کہا گیا کہ ملاقات کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کے واضح احکامات ہیں۔
خط کے متن میں تحریر کیا گیا کہ لارجر بینچ کے احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے، بانی پی ٹی آئی سے رفقاء کو ملاقات نہیں کرنے دی جارہی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانا اور رہنماوں کو روکنا توہین عدالت ہے۔
اس میں یہ بھی کہا کہ جیل انتظامیہ اور اڈیالہ جیل چوکی عملے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے، جیل انتظامیہ نے اے ٹی سی راولپنڈی کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔
دوسری جانب عمر ایوب کا خط جیل عملے نے وصول کرنے سے ہی انکار کردیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پی ٹی آئی
پڑھیں:
اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے خصوصی سکیورٹی مانگ لی
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کرنے کیلئے خصوصی سکیورٹی مانگ لی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سکیورٹی کیلئے خط لکھا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو 15 اپریل کو ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی اقدام قتل، جعلی رسیدوں و دیگر کیسز میں ضمانتیں زیرسماعت ہیں۔
اڈیالہ جیل حکام نے خط میں بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کیلئے خصوصی سکیورٹی مانگ لی۔ عدالت کو خط میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کیلئے خصوصی گارڈز فراہم کیے جائیں۔
خیال رہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔