WE News:
2025-04-13@03:06:27 GMT

تین سال پہلے کیا کسی نے سوچا تھا؟

اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT

آج سے ٹھیک تین سال پہلے ایک طویل،  تھکا دینے والے دن کے بعد عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد  کامیاب ہوئی۔ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیر اعظم بنے جنہیں ایک جمہوری آئینی طریقے سے وزارت عظمٰی سے سبکدوش کیا گیا۔ اس دن اور پھر رات کو بہت کچھ ہوا، اسمبلیاں توڑنے کی سازش کی گئی، مارشل لا کی فرمائش کی گئی، آئین توڑا گیا مگر نتیجہ وہی نکلا جو نوشتہ دیوار تھا۔

عمران خان ہاتھ میں ایک ڈائری تھامے وزیر اعظم ہاؤس سے رخصت ہوئے۔ یوں سیاست کا ایک نیا باب کھل گیا۔ اس تحریر میں صرف اس بات پر غور کرنا ہے کہ تین سال پہلے جو حالات تھے اور جو سوچ تھی، جو خیال تھا کیا ہم آج اسی مقام پر کھڑے ہیں یا پھر حالات، خیالات اور نظریات تبدیل ہو چکے ہیں۔

تین سال پہلے جب عمران خان کو اقتدار سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے الگ کیا گیا تو سب نے سمجھا کہ عمران خان کا سیاسی سفر اب ختم ہو گیا ہے۔ وہ ایک سیلیکٹڈ وزیر اعظم تھے جو طاقتوروں کے کاندھوں پر بیٹھ کر آئے تھے اور اقتدار چھن جانے کے بعد ان کا حشر  اب شوکت عزیز یا میر ظفر اللہ جمالی جیسا ہو گا۔ عمران خان نے ان سب خیالات کو غلط ثابت کیا۔ وہ سیاست میں بھی سرگرم رہے اور اس دن کے بعد انہیں حقیقی قبولیت عامہ بھی حاصل ہوئی۔

یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوتی تو عمران خان جلد ہی پاکستان کے سب سے ناکام، غیر مقبول وزیر اعظم بن جاتے لیکن تحریک عدم اعتماد نے انہیں ایک غیبی مدد فراہم کی جس کی شاید انہیں بھی توقع نہ تھی۔ عمران خان کو ان کی مدت پوری کرنے دی جاتی تو شاید وہ ختم ہو جاتے مگر تحریک عدم اعتماد کی کامیابی نے عمران خان کی سیاست کو ایک نیا جنم دیدیا۔

تین سال پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ عمران خان کے ماننے والے ایک سیاسی جماعت کے کارکن نہیں بلکہ ایک فین کلب ہیں۔ عام تاثر یہ تھا کہ یہ برگر کلاس کے بچے ہیں جو بس پارٹی کرنا جانتے ہیں۔ جدوجہد  اور جارحیت ان کے بس کی بات نہیں۔ تین برس میں یہ بات غلط ثابت ہوئی۔ عمران خان نے نہ صرف نوجوانوں کو  بھڑکایا، اکسایا  اور ان کو اس طرح اکٹھا کیا کہ انہی برگر بچوں نے نو مئی جیسا سانحہ کر دیا۔ اس میں وہ خواتین بھی شامل تھیں جنہوں نے کبھی لڑائی مار کٹائی نہیں دیکھی تھی، وہ بچے بھی شامل تھے جو انگریزی میڈیم میں پڑھے تھے اور وہ افسران بھی شامل تھے جن کا تعلق اسی ادارے سے تھا جس کے خلاف نو مئی کیا گیا تھا۔

یہ ایک بہت بڑی سماجی تبدیلی تھی جس کا تصور کسی نے بھی تین سال پہلے نہیں کیا تھا۔ عام خیال یہی تھا کہ برگر بچوں کی یہ جماعت اقتدار سے ہٹتے ہی فنا ہو جائے گی۔ اس کا شیرازہ خود ہی بکھر جائے گا اور چند دنوں میں اس کا کوئی نام لیوا نہیں ہو گا۔

تین سال پہلے عام خیال یہ تھا کہ شہباز شریف سے بہتر وزیر اعظم کا امیدوار کوئی نہیں ہو سکتا۔ شہباز سپیڈ سے زیادہ کسی اور چیز کی ضرورت پاکستان کو نہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے بعد شہباز شریف وزیر اعظم بنے اور ان کی سولہ ماہ کی کارکردگی سے ن لیگ اور پی ڈی ایم کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ بیانیہ، نظریہ، سوچ سب مہنگائی کے طوفان میں غارت ہو گئی۔

عوام کے لیے یہ سولہ ماہ اذیت کے مہینے تھے۔ ہر روز بڑھتی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں نے لوگوں کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا۔  شہباز شریف نے شیروانی تو ضرور پہن لی مگر عوام کے تن سے کپڑے تک  اتروا دیے۔ توقع تھی کہ حکومت اپنی کارکردگی سے اگلے انتخابات میں ن لیگ کی تاریخی فتح کے لیے راہ ہموار کرے گی مگر ایسا بھی نہ ہوسکا۔ ان سولہ ماہ میں ایک ایسی کالک تیار ہوئی جو شہباز شریف کے ہاتھ سے ساری جماعت کے منہ پر مل دی گئی۔ شہباز سپیڈ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی اور ووٹ کی عزت پر ایک چمکتی شیروانی ڈال دی گئی۔

تین سال پہلے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سمجھا گیا کہ اب تحریک انصاف کا ووٹر مایوس ہو جائے گا۔ پنجاب ہوا کا رخ پہچانے گا۔ خیبر پختونخوا پھر وہی تجربہ نہیں کرے گا۔ بلوچستان طاقتوروں کا ساتھ دے گا۔ سندھ روایت پسندی کا مظاہرہ کرے گا۔ آٹھ فروری کے انتخابات نے سب کچھ غلط ثابت کر دیا۔ اگرچہ تحریک انصاف عتاب کا شکار رہی، وہ اپنے انتخابی نشان پر الیکشن نہیں لڑ سکی، بے شمار لوگ روپوش رہے، بے شمار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے مگر اس استبداد کے باوجود تحریک انصاف کے ووٹر نے جس اکثریت سے ووٹ ڈالا اس سے عسکریت بھی حیران ہو گئی۔ خیبر پختونخوا میں کسی اور پارٹی کا وجود نہیں بچا۔ پنجاب میں ن لیگ بہ مشکل اکثریت حاصل کر سکی۔ وفاق میں تحریک انصاف اس سب کچھ کے باوجود ایک بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی۔ اس سب کچھ کا کسی نے تین برس پیشتر تصور بھی نہیں کیا تھا۔

ان تین برسوں میں بہت سے نظریات باطل ہوئے، بہت سی باتیں غلط ثابت ہوئیں۔ کوئی تین سال پہلے سوچ نہیں سکتا تھا کہ تحریک انصاف کا نیا جمہوری جنم ہو گا۔ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا اس ملک میں نو مئی ہو گا۔ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا شہباز شریف کی گورننس منہ کے بل گر پڑے گی۔ کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا کہ پنجاب میں ن لیگ کا ووٹر ووٹ ڈالنے نہیں نکلے گا۔ کسی کے گمان میں نہیں تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے باوجود ن لیگ سادہ اکثریت لینے میں ناکام رہے گی اور کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس ساری جدوجہد کا نتیجہ محسن نقوی کی حکمرانی کی صورت میں نکلے گا۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

عمار مسعود

عمار مسعود کالم نگار، سیاسی تجزیہ کار، افسانہ نگار اور صحافی۔ کبھی کبھی ملنے پر اچھے آدمی ہیں۔ جمہوریت ان کا محبوب موضوع ہے۔ عوامی مسائل پر گہری نظر اور لہجے میں جدت اور ندرت ہے۔ مزاج میں مزاح اتنا ہے کہ خود کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ تحریر اور لہجے میں بلا کی کاٹ ہے مگر دوست اچھے ہیں۔

اردو کالم پاکستان تحریک انصاف شہباز شریف عمار مسعود عمران خان مسلم لیگ ن.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: اردو کالم پاکستان تحریک انصاف شہباز شریف مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد تین سال پہلے تحریک انصاف شہباز شریف سکتا تھا تھا کہ کے بعد

پڑھیں:

پاکستان تحریک انصاف کا مزاحمتی سیاست ترک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مزاحمتی سیاست ترک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسٹبلشمنٹ کے خلاف کسی بھی قسم کی بات نہیں کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر گوہر علی خان کو حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کے اشتعام انگیز ویڈیو بیانات، سوشل میڈیا مہم آئندہ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ منفی باتیں کرنے والے سوشل میڈیا پر کمائی کیلئے پارٹی کا استعمال کر رہے ہیں قیادت اس کی حامی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید خود بھاگا ہوا ہے اور کارکنوں کو مسائل میں ڈال رہا ہے، وہ کس حیثیت میں یہ کر رہا ہے، علیمہ خان منع کرنے کے باوجود یوٹیوبر سے باتیں کرتی ہیں، اس وجہ سے نہیں مل رہا، ملک کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت طریقے سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔

Post Views: 1

متعلقہ مضامین

  • عمران خان جب بھی حکم کریں گے پہلے سے بڑی تعداد میں اسلام آباد جائیں گے، جنید اکبر
  • خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل عمران خان کی اجازت کے بعد ہی منظور کیا جائے گا، تحریک انصاف
  • پی ٹی آئی کسان اتحاد کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے، شیخ وقاص اکرم
  • اسد عمر نے عمران خان کے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنانے کے فیصلے کا تمسخر اڑا دیا
  • پاکستان تحریک انصاف کا مزاحمتی سیاست ترک کرنے کا فیصلہ
  • علحیدگی پسند اور مزاحمتی تحریکیں کیا ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں یا ایک دوسرے سے قطعی الگ؟
  • پارٹی رہنماوں کے ایک دوسرے پر الزامات، عمران خان نے وارننگ دیدی
  • پارٹی رہنماؤں کے ایک دوسرے پر الزامات، عمران خان نے وارننگ دیدی
  • تحریک انصاف کی گروپ بندیوں اور مخالف دھڑوں نے معدنیات بل کو متنازع بنا دیا، اسد عاطف اور شہرام کو سازشی نہیں کہا، عمران خان