دھاندلی سے مسلط’ سلیکٹڈ‘ کو گھر بھیجنےکے تاریخی دن کو 3 سال مکمل، بلال اظہر کیانی
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے پاکستان تحریک انصاف اور اس کے بانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس اپریل 2022 کے تاریخی دِن کو آج تین سال مکمل ہوگئے جب دھاندلی سے مسلط کردہ ’ سلیکٹڈ وزیراعظم ‘کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا گیا جسے ناکام بنانے کے لئے پی ٹی آئی نے ہر غیر آئینی ہتھکنڈا استعمال کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ جھوٹ بول کر غیر آئینی طور پر قومی اسمبلی تحلیل کی، 2018 میں نوازشریف کا مینڈیٹ چھیننے والے ٹولے نے ملک میں کھل کر لوٹ مار کی، معیشت کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچایا، عوام کو تاریخی مہنگائی، بے روزگای اور غربت کی چکی میں پیسا، پاکستان کو دنیا میں تنہا کیا، دہشت گردی واپس آگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اِن عذابوں میں مبتلا کرنے والے بدقسمتی سے آج بھی نہیں بدلے، نہ اُن کی سوچ اور ارادے، آئی ایم ایف کو خطوط لکھ کر پاکستان کی مالی امداد رکوانے کی مذموم کوشش کی، 9 مئی کیا۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ شہدا اور افواج کے خلاف مذموم مہم آج بھی جاری ہے، انتشار اور فساد کی آگ بھڑکائی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ قائد نواز شریف، وزیراعظم شہبازشریف، اور پی ڈی ایم کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کو دوبارہ آئین،جمہوریت، امن و ترقی اور عوامی ریلیف کی راہ پر گامزن کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایس آئی یو ٹی کا تاریخی اقدام؛ پاکستان کا پہلا بچوں کا جدید ترین طبی مرکز کا افتتاح
کراچی:سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے بچوں کے دل اور گردے کے علاج میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے “مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال” کا افتتاح کر دیا ہے، جو پاکستان کا پہلا سرکاری سطح پر بچوں کا جدید ترین طبی مرکز بن گیا ہے۔
ایس آئی یوٹی کے زیرانتظام یہ نیا اسپتال مرکزی عمارت کے قریب واقع ہے اور اس کی تعمیر میں معروف مخیر شخصیت بشیر داؤد کے خاندان نے 7 ارب روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کی صوبائی حکومت کی جانب سے بھی مزید فنڈنگ متوقع ہے تاکہ اس منصوبے کو مزید وسعت دی جا سکے۔
کراچی میں قائم 14 منزلوں پر مشتمل اس جدید اسپتال میں بچوں کے لیے دل کے آپریشن، ڈائیلاسز، یورولوجی اور دیگر پیچیدہ سرجری کی جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اسی طرح ماڈیولر آپریٹنگ تھیٹرز، ہائبرڈ کارڈیک کیتھ لیب اور جدید آئی سی یوز جیسی سہولیات کے ساتھ یہ اسپتال بچوں کو عالمی معیار کی نگہداشت فراہم کرے گا۔
ایس آئی یو ٹی کے بانی پروفیسر ادیب رضوی کے فلسفے کے مطابق اس اسپتال میں تمام طبی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔
ان کا ماننا ہے کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی طبقے کی میراث نہیں ہونی چاہیے،”مریم بشیر داؤد چلڈرن اسپتال” صرف ایک طبی ادارہ نہیں بلکہ یہ اس عزم کی علامت ہے کہ پاکستان کے ہر بچے کو معیاری اور مفت طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
ایس آئی یو ٹی کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 80 ہزار سے ایک لاکھ بچے دل اور گردے کی پیدائشی بیماریوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماریاں نہ صرف جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ بچوں کو معذوری کی طرف بھی لے جا سکتی ہیں۔