’’سندھ کے تحفظات جائز‘‘ وزیراعظم نے مراد علی شاہ کو سکھر موٹروے کی جلد تعمیر کی یقین دہانی کرا دی
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حیدرآباد - سکھر موٹروے پر وفاق اور سندھ کے درمیان جاری تنازع سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو جوابی خط لکھ دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مراد علی شاہ کو آگاہ کیا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے کو جلد پی ایس ڈی پی کا حصہ بنایا جائے گا۔ خط میں مزید کہا کہ ان کی ذاتی توجہ اور دلچسپی ہے کہ حیدرآباد موٹروے جلد تعمیر ہو، موٹروے پر سندھ کے تحفظات جائز ہیں۔ سکھر موٹروے کی تعمیر جلد شروع کریں گے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی نے حیدر آباد - سکھر موٹروے کو دیگر منصوبوں پر ترجیح نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک کراچی سکھر موٹروے شروع نہیں ہوتا، اس وقت تک تمام منصوبے روکیں۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کی چیئرپرسن سینیٹر قرۃ العین مری کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو تحلیل کر دیں اور ہائی ویز صوبوں کے حوالے کر دیں۔ کراچی سکھر موٹروے کے لیے پیسے نہیں تو لاہور ساہیوال موٹروے پر پیسے کیسے خرچ کر رہے ہیں؟
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سکھر موٹروے
پڑھیں:
وزیراعلیٰ سندھ کی دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایت
کراچی:سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر تیزی اور پیش رفت رپورٹ بروقت پیش کرنے کی ہدایت کردی جبکہ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ منصوبے پر بجلی اور پانی کی لائنوں کی تنصیب سمیت 12 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جہاں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور منصوبے کے تمام اہم پہلوؤں پر باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹس فراہم کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں تعمیراتی کام تقریباً 12 فیصد مکمل ہو چکا ہے، بجلی، 10 ایم جی ڈی واٹر پائپ لائن کی تنصیب اور گیس کے بنیادی ڈھانچے پر کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے نشان دہی کی کہ عالمی معیشتوں، خاص طور پر امریکا اور چین کے درمیان جاری ٹیرف کشیدگی کے بعد کئی چینی صنعت کار اپنی صنعتوں کو کم لاگت والے علاقوں میں منتقل یا وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ترجیحی منصوبہ ہے، جو 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا اور ایک لاکھ براہ راست و بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، اس کے علاوہ اس علاقے میں سماجی اور اقتصادی حالات بھی بہتر ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ غیر ملکی صنعتوں، خاص طور پر ان چینی کمپنیوں کو متوجہ کیا جا سکے جو مستحکم اور کاروبار دوست ماحول کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے۔