مظلوموں کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو روز محشر حضور پاک (ص) کو کیا منہ دکھائیں گے، سید ذیشان اختر
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومتی اوراپوزیشن پارٹیوں میں سے کوئی بھی امریکہ اور اسرائیل کی مذمت نہیں کررہا، سب ٹرمپ کی خوشنودی کا حصول چاہتے ہیں، اس موقع پر حماس کی حمایت نہ کرنا اور غزہ میں جاری ظلم پر خاموشی سب سے بڑی منافقت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال اور صہیونی افواج کی غزہ کی عوام پر سفاکیت کے تناظر میں جماعت اسلامی نے ملک گیر سطح پر بھرپور عوامی موبلائزیشن کے آغاز کر دیا ہے، پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی موبلائزیشن کا آغاز کررہی ہے، 18 اپریل کو ملتان میں غزہ یکجہتی مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ملتان خواجہ عاصم ریاض، نائب امیر جماعت اسلامی ملتان حافظ محمد اسلم، نائب امیر جماعت اسلامی ملتان اطہر عزیز اور راو اعجاز الحق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی جنوبی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا کہ پاکستانی قوم ڈالروں کے عوض بکنے والی نہیں اور پاکستانیوں اور فلسطینیوں کا رشتہ ایمان کا ہے مظلوموں کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو روز محشر حضور پاک(ص) کو کیا منہ دکھائیں گے، پاکستان کو مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے حکومتی اور اپوزیشن پارٹیوں میں سے کوئی بھی امریکہ اور اسرائیل کی مذمت نہیں کررہا، سب ٹرمپ کی خوشنودی کا حصول چاہتے ہیں، اس موقع پر حماس کی حمایت نہ کرنا اور غزہ میں جاری ظلم پر خاموشی سب سے بڑی منافقت ہے، ہمیں حکمرانوں کے معیشت کمزور کے بہانوں کی ضرورت نہیں معیشت انہوں نے ہی کمزور کی ہے جو برسہا برس سے عوام پر مسلط ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حکمران بے حمیتی چھوڑیں جو عرب ممالک اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ غزہ کے ملیا میٹ ہونے کے بعد ان کی باری نہیں آئے گی وہ بہت بڑی بھول میں مبتلا ہیں، یہ جان لیں اگر یہ خاموش رہے غزہ کے بعد ان کی بھی باری آئے گی، اسلامی ممالک کے پاس فوجیں، ہتھیار، وسائل موجود ہیں، اس سب کے باوجود یہ تماشا دیکھ رہے ہیں دنیا میں ٹرمپ، نیتن یاہو اور مودی کا شیطانی اتحاد وجود میں آچکا ہے، ہر جگہ پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مغرب کا انسانی حقوق کا پردہ بھی چاک ہوگیا ہے، امریکہ کی سرپرستی اور یورپی یونین اور برطانیہ کی حمایت سے عالمی سامراج اسرائیلی دہشت گردی کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے، پوری دنیا کا باضمیر طبقہ صہیونی مظالم پر سراپا احتجاج ہے، امت بے چین ہے، حکمران طبقہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم صرف اور صرف اسلام پر متحد ہوسکتی ہے اور اسی سے ہی قومی یگانگت پیدا ہوگی، جماعت اسلامی پہلے بھی مسئلہ فلسطین پر پوری یکسوئی سے کردا ادا کر رہی ہے، حالیہ انتہائی تشویشناک صورتحال میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ازسرنو عوام کو موبلائز کیا جائے تاکہ پوری دنیا اور خصوصی طور پر پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو جگایا جائے اور عالمی سطح پر پیغام دیا جائے کہ پوری پاکستانی قوم اہل غزہ کے ساتھ ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی جنوبی پنجاب جماعت اسلامی ملتان امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ
پڑھیں:
حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر آج ملک بھر میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے مارچ ہوگا
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد امت مسلمہ کے حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگانا ہے، موجودہ حالات میں حماس کا ساتھ نہ دینا منافقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 13 اپریل کو کراچی میں بہت بڑا مارچ کرے گی، 18 کو ملتان میں فلسطین مارچ ہو گا، جماعت اسلامی 20 اپریل کو اسلام آباد میں فلسطین مارچ کرے گی۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر آج ملک بھر میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی مارچ مال روڈ لاہور پر ہو گا جس کی قیادت حافظ نعیم الرحمان کریں گے، فلسطین مارچ میں بچوں، خواتین، فیملیز کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹرمپ کے غزہ کو خالی کرانے کے ناپاک منصوبے کی مذمت کے طور پر گھروں سے نکلیں، پاکستانی تمام چھوٹے بڑے شہروں میں فلسطین یکجہتی مارچز کا انعقاد کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ احتجاج کا مقصد امت مسلمہ کے حکمرانوں کو خواب غفلت جگانا ہے، موجودہ حالات میں حماس کا ساتھ نہ دینا منافقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 13 اپریل کو کراچی میں بہت بڑا مارچ کرے گی، 18 کو ملتان میں فلسطین مارچ ہو گا، جماعت اسلامی 20 اپریل کو اسلام آباد میں فلسطین مارچ کرے گی۔