نریندر مودی ایک دن ملک بیچ دینگے، کانگریس
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ وہ لوگ مہاتما گاندھی کے شیشے اور لاٹھی چرا سکتے ہیں لیکن انکا اصل سرمایہ نظریاتی میراث ہے جو کانگریس پارٹی کے پاس ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد میں آج کانگریس کمیٹی کے 84ویں اجلاس کا دوسرا دن ہے۔ دو روزہ اجلاس منگل 8 اپریل کو شروع ہوا جس کے پہلے دن کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ دوسرے دن بدھ 9 اپریل کو سابرمتی ریور فرنٹ پر مرکزی کنونشن منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں شرکت کے لئے 1700 سے زیادہ کانگریس کمیٹی کے نمائندے ملک بھر سے پہنچے ہیں۔ کنونشن میں کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی موجود تھے۔ اس دوران کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے ریزرویشن، وقف بل، امریکہ کا ٹیرف پلان، مہنگائی اور بے روزگاری کو لے کر نریندر مودی اور بی جے پی پر سخت نکتہ چینی کی۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ وہ لوگ مہاتما گاندھی کے شیشے اور لاٹھی چرا سکتے ہیں، لیکن مہاتما گاندھی کا اصل سرمایہ نظریاتی میراث ہے جو کانگریس پارٹی کے پاس ہے۔
ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ملک کی معیشت میں اجارہ داری قائم ہو رہی ہے، سرکاری جائیدادیں آہستہ آہستہ پرائیویٹ ہاتھوں میں دی جارہی ہیں۔ PSUs کی فروخت اور لاکھوں سرکاری نوکریوں کو ختم کرنے سے، ST، SC، OBC زمروں کے لئے ریزرویشن متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور پسماندہ طبقے کے لوگوں کو ریزرویشن دینا بھول جائیں، اس کے برعکس مودی حکومت ایک ایک کرکے تمام PSUs کو اپنے دوستوں کے حوالے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو نریندر مودی ایک دن ملک بیچ دیں گے۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کانگریس کی 140 سالہ تاریخ میں 86 کنونشن منعقد ہوئے۔ ان میں سے 6 کنونشن گجرات کی سرزمین پر منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ احمد آباد گجرات ہمارے لئے ایک زیارت گاہ کی طرح ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
مہرستان دہشتگردانہ حملے کے مرتکب افراد کو فی الفور شناخت کر کے قرار واقعی سزا دینگے، اسمعیل بقائی
ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے مہرستان میں پاکستانی محنت کشوں پر ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے باصلاحیت سکیورٹی و عدالتی ادارے اس سنگین جرم کے مرتکب اور اسمیں سہولت فراہم کرنیوالوں کو فی الفور شناخت کرتے ہوئے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ چھوڑینگے! اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسمعیل بقائی نے آج صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر مہرستان میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری جاںبحق ہو گئے تھے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس دہشتگردانہ کارروائی اور معصوم لوگوں کے قتل عام کو ایسا سنگین و مجرمانہ فعل قرار دیا کہ جو تمام اسلامی اور قانونی و انسانی اصولوں سے متصادم ہے۔ اسمعیل بقائی نے مقتولین کے اہلخانہ اور پاکستانی حکومت و عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بااختیار سکیورٹی و عدالتی ادارے، اس گھناؤنے جرم کے مرتکب ہونے اور اس میں سہولت فراہم کرنے والوں کی فی الفور شناخت کرتے ہوئے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ چھوڑیں گے۔ انہوں نے دہشتگردی کی تمام شکلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس مذموم رجحان کا قومی و علاقائی سطح پر مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں باہمی تعاون و ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے ایران کے گہرے عزم کا بھی اعلان کیا!