دلی کا ایک مچھلی بازار ویڈیوز میں وائرل کیوں؟
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 اپریل 2025ء) بھارتی دارالحکومت دہلی کے جنوبی علاقے چترنجن پارک کا ایک مشہور مچھلی بازار فی الوقت ایک بڑے سیاسی تنازع کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس تنازعے کا آغاز اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ہوا، جس میں سخت گیر ہندو قوم پرست ایک مندر سے متصل دکان پر مچھلی فروخت کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
چترنجن پارک کی یہ مارکیٹ پوری دہلی میں مشہور ہے، جہاں پورے شہر سے لوگ مچھلی خریدنے آتے ہیں اور یہ دہائیوں قدیم ہے، جہاں کی تقریباﹰ تمام دکانیں ہندو برادری کی ہیں اور وہی انہیں چلاتے ہیں۔
اس بازار سے متصل ایک مندر ہے، اور اسی سبب سخت گیر ہندوؤں کا کہنا ہے اس علاقے میں مچھلی فروخت کرنے سے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔
(جاری ہے)
یہ ویڈیو ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا موئترا نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سخت گیر ہندوؤں کا ایک گروپ مچھلی فروشوں سے کہہ رہا ہے کہ "یہ ٹھیک نہیں ہے" اور مندر کے گرد و نواح کو "پاک" ہونا چاہیے۔
ترنمول کانگریس کی رکن اسمبلی مہوا موئترا نے بدھ کے روز ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ جماعت نہ صرف یہ حکم دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ بنگالی اپنا کاروبار کہاں چلائیں، بلکہ یہ بھی بتا رہی ہے کہ انہیں کیا کھانا چاہیے۔
انہوں نے ہندو قوم پرستوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا، اب ہر کوئی "ڈھوکلا کھائے اور دن میں تین بار جے شری رام کا نعرہ لگائے۔''
انہوں نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا: "آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح، دن کی روشنی میں، مکمل معافی اور ڈھٹائی کے ساتھ، بی جے پی کے غنڈے دکانداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور انہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ سی آر پارک میں اپنی دکانیں نہیں رکھ سکتے۔
"انہوں نے مزید کہا کہ "کیا بی جے پی ہمیں یہ بتانے والی ہے کہ ہم کیا کھائیں گے اور ہماری دکانیں کہاں ہونی چاہئیں؟ کیا بی جے پی ہمیں یہ بتائے گی کہ ہمیں ڈھوکلا کیسے کھانا ہے اور دن میں تین بار جے شری رام نعرہ لگانا ہے۔"
موئترا نے بی جے پی پر "ہندو، مسلم مخالف، اور آئین مخالف" ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا، ’’ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ بی جے پی ہندوؤں کے لیے نہیں ہے۔
یہ ہندو دکاندار ہیں جنہیں دہشت زدہ کیا جا رہا ہے۔"مہوا موئترا کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دہلی کے سابق وزیر اور عام ادمی پارٹی کے رہنما سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ڈی ڈی اے نے مچھلی کی دکانیں الاٹ کی ہیں اور وہ کسی غیر قانونی تجاوزات کا حصہ نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا، "اگر بی جے پی کو سی آر پارک کے بنگالیوں کے مچھلی کھانے سے مسئلہ تھا تو انہیں اپنے منشور میں ایسا کہنا چاہیے تھا۔
سی آر پارک میں رہنے والے بنگالی دہلی کی سب سے زیادہ پڑھی لکھی برادریوں میں سے ایک ہیں۔ ان کے جذبات اور کھانے کی عادات کا احترام کیا جانا چاہیے۔ میں ایک سبزی خور ہوں، اور مجھے ان کے کھانے کی عادات سے کبھی مسئلہ نہیں ہوا، کیوں بی جے پی اتنے پرامن علاقے میں مسائل پیدا کر رہی ہے؟" ویڈیو میں کیا ہے۔وائرل ہونے والے ویڈیو میں سخت گیر ہندوں کے ایک گروپ کو بازار میں گشت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں سے ایک شخص کہتا ہے، "یہ غلط ہے۔
دھرم کہتا ہے کہ ہم کسی کو مار نہیں سکتے۔" ایک شخص یہ بھی کہتا ہے کہ دیوی دیوتاؤں کو گوشت پیش کرنا ایک "افسانہ" ہے اور ہندو مذہبی کتابوں میں اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ایک دیگر شخص کہتا ہے: "کچھ لوگ اس بات پر یقین رکھتے ہیں۔ لیکن اس مندر کے آگے جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے ہم جیسے دھرم کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔
"اس پر ایک دکاندار جواب دیتا ہے کہ یہ مچھلی بازار قانونی طور پر دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے خود فراہم کیا ہے، اس کے جواب میں، ہندو گروپ کہتا ہے، "ہاں، میں جانتا ہوں، ڈی ڈی اے بھی اپنی ذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتی۔ ہم ان کی غلطیوں کو بھی ٹھیک کر دیں گے۔"
بی جے پی نے الزامات مسترد کر دیےہندو قوم پرست جماعت بی جے پی نے اپوزیشن رہنماؤں کے اس الزام کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ اس کا مقصد امن کو خراب کرنا ہے۔
بی جے پی کے سربراہ وریندر سچدیوا نے کہا ہے کہ چترنجن پارک میں مچھلی کے تاجروں نے ہمیشہ مندر کے تقدس کا احترام کیا ہے۔مچھلی منڈیوں کو قانونی طور پر الاٹ کیا گیا ہے اور علاقے کی ضرورت ہے۔ مچھلی کے تاجر علاقے میں اعلیٰ سطح کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھتے ہیں اور سی آر پارک کی سماجی مذہبی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتے ہیں۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ پوسٹ کیا گیا ویڈیو سیاسی مفاد کے حامل لوگوں نے سی آر پارک کی کمیونٹی میں پائی جانے والی ہم آہنگی کو بگاڑنے کے لیے تیار کیا ہے۔
ایک دوسرے بی جے پی رہنما کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو جھوٹی اور من گھڑت ہے۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے سخت گیر ہندو سی آر پارک کرتے ہوئے بی جے پی ہیں اور کہتا ہے کیا ہے رہی ہے
پڑھیں:
پی ایس ایل سیزن 10 کا آج سے آغاز، مگر اتنی خاموشی کیوں ہے؟
تو آج سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں سیزن کا باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، مگر شاید یہ پہلا سیزن ہے جس کے شروع ہونے سے پہلے ہی متعدد تنازعات نے جنم لیا اور اب تک لے رہے ہیں۔ مگر ان تمام تر تنازعات کے باوجود مجھے ایسا لگتا ہے کہ اس بار لیگ کا وہ ماحول نہیں بن سکا جو اس سے پہلے بنتا چلا جارہا تھا، حالانکہ تنازعات تو بنائے ہی اس لیے جاتے ہیں کہ خوب ماحول بنے۔
تو چلیے ایک ایک کرکے تنازعات پر بات کرتے ہیں۔ سب سے پہلے تو غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی پر باتیں بنیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ جن کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں منتخب نہیں کیا گیا وہ پاکستان آگئے۔
بالکل ایسا ہی ہوا ہے اور میرا خیال ہے کہ نہ اس میں شرمندہ ہونے کی ضرورت ہے اور نہ احساس کمتری کا شکار ہونے کی، کہ ہمارا جو سائز ہے، ہمارا جو بجٹ ہے اس کے مطابق ہی کھلاڑی اس لیگ کا انتخاب کریں گے۔ دوسری بات یہ کہ یہ باتیں اس لیے بھی ہوتی ہیں کہ ہم غیر ضروری طور پر آئی پی ایل سے متاثر ہیں اور ہر چیز کا اسی سے مقابلے کرتے ہیں، حالانکہ دنیا بھر کی دیگر لیگز دیکھ لیں آپ کو کہیں بھی صف اول کے کھلاڑی نظر نہیں آئیں گے مگر اس کے باوجود بگ بیش لیگ بھی چل رہی ہے اور دی ہنڈریڈ بھی۔
ہمارے لوگوں کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہمیشہ دوسروں سے مرعوب رہتے ہیں، حالانکہ یہ ایک عام فطرت ہے کہ جس کھلاڑی کو جہاں زیادہ پیسے ملیں گے وہ وہیں جائے گا، تو جب تک ہم آئی پی ایل سے زیادہ بجٹ نہیں بناسکتے تب تک یہ صورتحال رہے گی اور اسی کے مطابق ہمیں آگے بڑھنا پڑے گا۔ پھر ایک اور معاملہ بھی ہے جس پر ہم توجہ نہیں دیتے۔
یہ جو غیر ملکی کھلاڑی ہیں انہیں ایک ایسا ماحول بھی چاہیے ہوتا ہے جس میں وہ خود کو اجنبی محسوس نہ کریں، اگر آپ کا آئی پی ایل دیکھنے کا اتفاق ہوا ہے تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ وہاں ہر کھلاڑی انگریزی میں بات کرسکتا ہے اور غیر ملکی کھلاڑی خود کو ان سے الگ محسوس نہیں کرتے، مگر بدقسمتی سے پاکستان میں معاملہ مختلف ہے۔ حتیٰ کہ 5 ٹیموں کے کپتان بھی غیر ملکی کھلاڑیوں سے کمیونیکیشن نہیں کرپاتے بلکہ ٹیم میٹنگ بھی اردو زبان میں ہورہی ہوتی ہے، تو یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑی خود کو الگ الگ محسوس کرتے ہیں۔
جب میں یہ کہہ رہا ہوں کہ جس کھلاڑی کو جہاں زیادہ پیسے ملیں گے وہ وہیں جائے گا تو اس کو ثابت کرنے کے لیے میرے پاس مثالیں بھی ہیں۔ سب سے پہلے ہیری بروک کی مثال لے لیتے ہیں۔ ہیری بروک کو دہلی کیپیٹل نے خریدلیا مگر جب بروک کو یہ لگا کہ جن پیسوں میں انہیں خریدا گیا وہ کم ہیں تو انہوں نے آئی پی ایل نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس بات پر آئی پی ایل نے ایکشن لیتے ہوئے ہیری بروک پر 2 سال کی پابندی لگادی۔
بالکل اسی طرح جنوبی افریقی کھلاڑی کاربن بوش پر پی ایس ایل نے پابندی لگائی کیونکہ پشاور زلمی نے انہیں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، مگر بعد میں آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز نے ایک کھلاڑی کے انجرڈ ہونے کی صورت میں بوش کو پک کرلیا اور یوں انہوں نے پی ایس ایل چھوڑ کر آئی پی ایل کا انتخاب کرلیا۔
یہ دونوں مثالیں بتاتی ہیں کہ اب کھلاڑی کے لیے سب سے بڑھ کر اہمیت پیسوں کی ہے، جو زیادہ پیسے دے گا وہ کھلاڑی اسی کا ہوجائے گا پھر چاہے وہ لیگ چھوٹی ہو یا بڑی، یہ غیر اہم بات ہوگئی ہے۔
دوسرا تنازعہ علی ترین کے بیان کے بعد پیدا ہوا جس میں انہوں نے اس بات پر اعتراض اٹھایا کہ پی ایس ایل 10 کس طرح ماضی سے بڑی اور بہتر لیگ ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے کھوکھلے دعوؤں سے بچنا چاہیے کہ اس بار نہ ٹیموں میں اضافہ ہوا، نہ اسٹیڈیمز میں اور نہ کسی بھی دیگر پہلو میں کوئی بہتری دیکھنے میں نظر آئی۔
علی ترین کے اس بیان کے فوری بعد سلمان اقبال کا جوابی بیان آیا اور انہوں نے علی ترین کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی پہچان ہے اور اس بارے میں ایسے بیانات افسوسناک ہیں، حالانکہ میری نظر میں علی ترین کی بات بالکل ٹھیک ہی تھی۔
علی ترین نے تنقید سے زیادہ لیگ انتظامیہ کو جگانے کی کوشش کی کہ جناب بتدریج پی ایس ایل نیچے کی طرف آرہی ہے، اس میں وہ کلر اب نظر نہیں آرہا جو ماضی میں آتا تھا، اس میں عوام کی وہ دلچسپی بھی نظر نہیں آرہی جو پہلے آتی تھی، اور جب تک اس بات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا تب تک چیزیں بہتر بھی نہیں ہوسکیں گے۔
اب آپ خود دیکھیے کہ گزشتہ 9 سالوں میں ہم اب تک ہوم اور اوے میچز نہیں کروا سکے۔ پشاور اور کوئٹہ کے اسٹیڈیمز اب تک بحال نہیں ہوسکے، یعنی جب تک 2 صوبے اس پورے معاملے سے الگ رہیں گے تب تک عوامی مقبولیت میں اضافہ کیسے ہوگا؟
ان تمام تر حالات کی موجودگی میں لیگ بائیکاٹ کی مہم نے بھی پریشانی میں اضافہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اب لوگ دھڑلے سے کہہ رہے ہیں کہ جب تک غیر ملکی مصنوعات کے اشتہارات ختم نہیں کیے جائیں گے تب تک وہ لیگ نہیں دیکھیں گے۔
اس بائیکاٹ مہم کا اثر کتنا ہوتا ہے یہ تو آنے والے دنوں میں معلوم چلے گا مگر اس مہم کی وجہ سے لوگوں میں تقسیم واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔
یہ وہ سارے پہلو ہیں جس پر پی ایس ایل انتظامیہ کو غور کرنا چاہیے، ہم محض یہ بات کہہ کر لوگوں کو توجہ حاصل نہیں کرسکتے کہ پی ایس ایل پاکستان کی پہچان ہے، بلکہ اسے بہتر اور دلچسپ بنانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، اگر ایسا کچھ نہیں ہوا تو صورتحال مزید خراب بھی ہوسکتی ہے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
گزشتہ 15 سال سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں، اس وقت وی نیوز میں بطور نیوز ایڈیٹر منسلک ہیں۔