امریکا نے پاکستان کیلئے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم کردیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
علامتی فوٹو
امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کےلیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم کردیا گیا ہے۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (USEFP) نے ایک اہم اعلان میں تصدیق کی ہے کہ امریکی حکومت نے پاکستان کےلیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (Global UGRAD) کو بند کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اسے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ اب یہ پروگرام مزید جاری نہیں رہے گا۔
فاؤنڈیشن کا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ ان ہزاروں طلباء کےلیے مایوسی کا باعث بن سکتا ہے جنہوں نے اس سال درخواست دی تھی اور اس موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
گزشتہ 15 برسوں کے دوران گلوبل UGRAD پروگرام نے پاکستانی طلباء کو امریکہ میں تعلیمی تجربات، ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی کے مواقع فراہم کیے۔
اس پروگرام نے طلباء کی شخصی و پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ساتھ مختلف برادریوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے۔
ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی اور اپنی تعلیمی ترقی کےلیے عزم کا مظاہرہ کیا۔
ادارے نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ دیگر بین الاقوامی تعلیمی اور اسکالرشپ مواقع تلاش کریں جو اُن کے مقاصد سے ہم آہنگ ہوں۔
اعلامیے کے آخر میں یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان نے تمام خواہشمند طلباء کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اُن کے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کےلیے کامیابی کی دعا کی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: نے پاکستان
پڑھیں:
پی ایس ایل جیتنے کیلئے پہلا قدم کل کا میچ ہے، ڈیوڈ وارنر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ ٹرافی جیتنے کےلیے پہلا قدم کل کا میچ ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کےلیے کافی پرجوش ہوں، عزم یہی ہے کہ یہاں اچھا پرفارم کریں اور ٹرافی حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرافی جیتنے کےلیے پراسس سے گزرنا ہوگا، پہلا قدم کل کا میچ جیتنا ہے، کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے لیے کافی محنت کی ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان نے مزید کہا کہ پہلے انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل نہیں کھیل سکا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کل پریکٹس کو ترجیح دی اس لیےپری ایونٹ پریس کانفرنس میں نہیں گیا، فائنل الیون کا فیصلہ وکٹ اور کنڈیشن دیکھ کر کریں گے۔