“امریکہ اقتصادی جوہری جنگ لڑ رہا ہے” ،امریکہ میں تمام حلقوں کا احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
واشنگٹن :گزشتہ چند دنوں سے ٹرمپ انتظامیہ کی ” ریسیپروکل ٹیرف ” پالیسی کو امریکہ میں تمام حلقوں کی جانب سے مخالفت کا سامناہے اور امریکہ کے کئی مقامات پر ٹیرف پالیسی مخالف مظاہرے بھی ہو ئے ہیں۔
منگل کے روز عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے پی مورگن چیز کے سی ای او جیمی ڈیمن نے 7 اپریل کو کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ٹیرف پالیسی امریکہ میں افراط زر کو بڑھائے گی اور امریکہ کی پہلے سے سست معاشی ترقی پر مزید دباؤ ڈالے گی۔ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی حمایت کرنے والے امریکی معروف ہیج فنڈ منیجر بل ایکرمین نے 6 تاریخ کو سوشل میڈیا پر کہا کہ امریکہ کی جانب سے عائد بھاری اور غیر متناسب محصولات دنیا کے خلاف معاشی جوہری جنگ شروع کرنے کے مترادف ہیں اور تجارتی شراکت دار، کاروبار اور سرمایہ کاری کے مقام کے طور پر امریکہ پر لوگوں کے اعتماد کو تباہ کر رہے ہیں۔ اس سے امریکی عوام اور ٹرمپ کی حمایت کرنے والوں، بلخصوص کم آمدنی والے صارفین پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جو پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔
دوسری جانب امریکا کی بڑی مقدار میں زرعی پیداوار کی برآمد کا انحصار بین الاقوامی منڈیوں پر ہے۔ نیشنل ایسوسی ایشن آف افریقن امریکن فارمرز کے صدر جان بوئڈ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی کی بدولت امریکی کسانوں کو اب مشکل وقت کا سامنا ہے اور بہت سے امریکی کسان بے روزگار ہوں گے۔ امریکن سویابین ایسوسی ایشن کے صدر کیلیب راگ لینڈکا ماننا ہے کہ پچھلی تجارتی جنگ امریکی سویابین کے کاشتکاروں کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی تھی۔ اب ہمیں نئے مواقع اور نئے گاہکوں کی تلاش کرنی پڑےگی، لیکن یہ مشکل ہے۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ٹرمپ کی دھمکیوں کے سائے میں ایران امریکا جوہری مذاکرات آج ہوں گے
واشنگٹن:ٹرمپ کی دھمکیوں کے سائے میں ایران امریکا جوہری مذاکرات آج عمان میں ہوں گے۔
مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے جبکہ امریکی وفد کی نمائندگی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف کریں گے، عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی ثالث کا کردار ادا کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران ان مذاکرات میں شدید شکوک و شبہات کے ساتھ شریک ہو رہا ہے خاص طور پر جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر امریکا پر زور دیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنے کے لیے فوجی حملے کیے جائیں دوسری جانب ٹرمپ نے بھی دھمکی دی ہے کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران پر شدید بمباری کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو ایک بار پھر ٹرمپ کی دھمکی دہرائی کہ اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام ختم نہ کیا تو "اسے بھاری قیمت چکانا ہوگی"۔
امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے وال اسٹریٹ جرنل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی "ریڈ لائن" یہ ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل نہ ہو اور جوہری پروگرام کا خاتمہ مذاکرات کی ابتدائی شرط ہے تاہم انہوں نے مفاہمت کے دوسرے راستوں کے لیے آمادگی کا بھی عندیہ دیا۔
دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ ہونے والے اعلیٰ سطحی جوہری مذاکرات کے ذریعے خلوص نیت کے ساتھ سفارتکاری کو ایک حقیقی موقع دے رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس پر کہا کہ امریکا کو ایران کے مذاکرات میں شامل ہونے کے فیصلے کی قدر کرنی چاہیے مگر واشنگٹن کا انداز اب بھی جارحانہ اور دھمکی آمیز ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ مجید تختِ روانچی نے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے دھمکیاں اور دباؤ نہ ہو تو معاہدے تک پہنچنے کے امکانات روشن ہیں تاہم ہم ہر قسم کی دھونس اور دھمکی کو مسترد کرتے ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے ایکس پر لکھا کہ ایران نے اہم اور عملی تجاویز تیار کی ہیں تاکہ منصفانہ معاہدہ ممکن ہو سکے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ یہ "بالواسطہ مذاکرات" ہوں گے جن میں عمان ثالثی کرے گا۔ ایران کے مطابق عراقچی "مکمل اختیارات" کے ساتھ مذاکرات کے لیے روانہ ہو رہے ہیں تاہم ٹرمپ کا کہنا کہ یہ "براہِ راست مذاکرات" ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان سابق صدر باراک اوباما کے دور میں جوہری معاہدہ ہوا تھا، جس سے 2018 میں صدر ٹرمپ نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
اس کے بعد ایران نے یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کیا، جس سے مغرب کو خدشہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کے قریب پہنچ سکتا ہے، حالانکہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا پروگرام مکمل طور پر پرامن توانائی کے حصول کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ حملے شروع ہو چکے ہیں جبکہ لبنان اور شام پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ کی جانب سے یمن میں حوثی اہداف پر حملے بھی جاری ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان مذاکرات سے کسی ممکنہ معاہدے کے آثار نظر آئے تو خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔