Daily Ausaf:
2025-04-13@15:27:31 GMT

دنیا کے امرا اور انسانی بقاء کا مسئلہ

اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT

کہا جاتا ہے کہ جنگل کی زندگی میں شیر خونخوار درندہ تب بنتا ہے جب وہ سخت بھوک سے نڈھال ہو جاتا ہے۔ اس دوران اس کے پاس دو ہی راستے ہوتے ہیں وہ کسی جانور کا شکار کر کے اپنے پیٹ کی آگ بجھائے اور یا پھر بھوک سے تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے دے۔ لیکن اس لمحہ وہ اپنی پوری قوت سے شکار کرنے کو ترجیح دیتا ہے۔ زندگی ہر جاندار کو عزیز ہوتی ہے اسی لئے وہ مرتے دم تک زندہ رہنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہاں تک کی کچھ انواع اپنی زندگی بچانے کے لئے اپنے بچوں کو بھی قربانی کر دیتی ہیں۔ جنگل کے شیر کی مثال ہی لے لیں کہ بعض دفعہ ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں کہ بھوک کی انتہائی حالت میں شیر کو اگر شکار نہیں ملتا تو وہ اپنی بھوک مٹانے کے لئے اپنے ہی بچوں کا گلہ دبا کر انہیں ہلاک کر دیتا ہے۔ یہ جنگلی زندگی کی ایک بہت عام اور معمولی سی مثال ہے جس کا تعلق زندگی کی بقا اور سلامتی سے جڑا ہوا ہے جس کو برطانوی محقق اور سائنس دان چارلس ڈاروان نے بھی اپنے ’’حیاتیاتی نظریہ ارتقاء‘‘ میں بیان کیا تھا۔ چارلس ڈاروان کے نظریہ ارتقاء میں ایک عنوان ’’موزوں ترین بقاء Survival Of The Fittest کا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ جانداروں کی دنیا میں وہی انواع باقی بچتی ہیں جو زمین کے ماحول میں زندہ رہنے کے لئے موزوں ترین ہوتی ہیں جبکہ باقی جاندار انواع کو ماحول کے ہاتھوں شکار ہونا پڑتا ہے۔ اس عنوان میں یہ نہیں کہا گیا ہے کہ زندگی کی بقا یا زندہ رہنے کے لئے بنیادی شرط طاقت ہے بلکہ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی اہم اور بنیادی ترین شرط ’’موافقت‘‘ یعنی Adoptibilty ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ماحول کے مطابق دنیا میں آپ خود کو تبدیل نہیں کرتے ہیں اور اس سے موافقت پیدا نہیں کر پاتے ہیں تو دنیا میں آپ کی بقاء خطرے میں پڑ جائے گی۔
یہ کلیہ عام انسانوں کی زندگیوں پر بھی صادق آتا ہے۔ البتہ ستم در ستم یہ ہے کہ موزونیت اور موافقت کے باوجود بھی اگر آپ کمزور نسل کی مخلوق ہیں تو تب بھی طاقتوروں کے ہاتھوں آپ کی بقاء اور سلامتی کو مسلسل خطرہ درپیش رہتا ہے حتیٰ کہ خود آپ کو جنم دینے والے بھی اپنی بھوک مٹانے کے لئے آپ کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔دنیا کا سرمایہ داری معاشی نظام بھی اب مسلسل جنگل کے قانون کی شکل اختیار کرتا چلا جا رہا ہے جہاں 2025ء میں دولت کا ارتکاز سکڑتے سکڑتے اپنی خطرناک ترین حد تک پہنچ گیا ہے کیونکہ دنیا کے ارب پتی افراد کی تعداد میں ایک تاریخی اضافہ ہوا ہے اور اس کا تناسب عدم برداشت، حسد، نفرت اور یہاں تک کہ بغاوت کی حد کو چھونے لگا ہے۔ امریکی میگزین فوربس 1987 ء سے دنیا بھر کے ارب پتی افراد کا ریکارڈ رکھ رہا ہے۔ تب دنیا بھر میں صرف 140ارب پتی تھے، لیکن یہ تعداد 2017ء میں 2,000تک پہنچ گئی۔ اب 2025 ء میں، یہ تعداد 3,028 تک پہنچ چکی ہے!گزشتہ سال کے مقابلے میں اس فہرست میں 247 نئے ارب پتی شامل ہوئے ہیں، اور نہ صرف ان کی تعداد بڑھ رہی ہے بلکہ ان کی مجموعی دولت میں بھی ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت ارب پتی افراد کی مجموعی دولت $16.

1 ٹریلین ہو گئی ہے، جو کہ 2024ء کے مقابلے میں$2ٹریلین زیادہ ہے۔ فوربس کی اس فہرست کے مطابق امریکہ میں 902 ارب پتی، چین اور ہانگ کانگ میں 516 ارب پتی اور بھارت میں 205 ارب پتی افراد ہیں۔ دنیا کی معیشت میں یہ حیران کن تبدیلیاں ثابت کرتی ہیں کہ سرمایہ کاری، کاروبار اور وراثت کے ذریعے دولت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ جہاں دنیا میں ارب پتی افراد کی تعداد اور ان کی دولت میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے، وہیں غربت بھی ایک اہم مگر خوفناک ترین مسئلہ بنتی چلی جا رہی ہے۔ اب پوری دنیا تو ارب پتی بن نہیں سکتی ہے۔ لہٰذا عالمی معیشت میں دولت کی یہ غیر مساوی تقسیم ایک تلخ اور خطرناک ترین مسئلہ ہے۔ آکسفیم اور دیگر تحقیقاتی ادارے مسلسل یہ رپورٹ کرتے ہیں کہ امیر ترین طبقہ تیزی سے مزید امیر ہو رہا ہے، جبکہ غریبوں کے حالات میں وہ بہتری نہیں آ رہی جو آنی چاہیے تھی۔
2024ء میں آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے امیر ترین 1فیصد افراد کے پاس بقیہ 99 فیصد کی مجموعی دولت سے زیادہ دولت تھی۔ غربت کے خاتمے کی رفتار سست ہو گئی ہے اور مہنگائی، جنگوں، اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے غریب طبقے کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ کئی ترقی پذیر ممالک میں امیر اور غریب کے درمیان فرق شدید تر ہوتا جا رہا ہے، جسے ’’دولت کا ارتکاز‘‘ کہا جاتا ہے۔ان اعدادوشمار سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ جہاں سرمایہ داری نے کچھ افراد کو ناقابلِ یقین حد تک امیر بنا دیا ہے، وہیں کروڑوں لوگ بنیادی ضروریات کے لئے بھی ترس رہے ہیں۔ دولت کی غیر مساوی تقسیم کا یہ بڑھتا ہوا رجحان معاشرتی اور اقتصادی عدم استحکام کو مزید گہرا کر رہا ہے۔ اگر دولت کے ارتکاز کا یہ سلسلہ یونہی بڑھتا رہا تو اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ کمزور طاقتور کے مقابلے میں اتنا زیادہ کمزور ہو جائے گا کہ اس سے اجتماعی غربت بذات خود ایک طاقت کی شکل اختیار کر لے گی۔اس بنیاد پر کیا یہ دعوی کیا جا سکتا ہے کہ آئندہ ’’تہذیبی تصادم‘‘ کی بجائے جنگوں کی بنیاد دولت اور طاقت کا ارتکاز بنے گا؟ اس سوال کا سیدھا سا جواب یہ ہے کہ بھوک کی وجہ سے جب اپنی بقاء کا مسئلہ درپیش ہو تو پھر رشتے ناطوں اور سرحدوں کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہتی ہے۔ ویسے بھی کمزوری مرگ مفاجات کا پیغام رکھتی ہے۔ فرمان اقبال ہے کہ ’’اٹھو!مری دنیا کے غریبوں کو جگا دو، کاخِ امرا کے در و دیوار ہِلا دو۔‘‘ دنیا کے ارب پتیوں کو سوچنا چاہئے کہ امارت خود ان کے لئے خطرہ نہ بن جائے۔ کیونکہ شیر تبھی خوفناک درندہ بنتا ہے جب وہ حد درجہ بھوکا ہوتا ہے۔ امارت دوسروں میں حسد اور نفرت کو جنم دیتی ہے۔ اس سے پہلے کہ دولت، ذرائع اور طاقت کے ارتکاز کی بنیاد پر تیسری عالمی جنگ شروع ہو دنیا کی اسٹیبلشمنٹ اور مقتدرہ اقوام کو نیا معاشی نظام ڈھونڈنے کی اشد ضرورت ہے۔ ایک ایسا نظام جو جنگل اور طاقت کی فراوانی سے پاک ہو۔ اس بارے عالمی ماہرین اور معیشت دانوں کو سوچنا چایئے۔اس کا بہترین حل یہ ہے کہ دنیا کے یہ ارب پتی افراد اپنی دولت اور وسائل کا کثیر حصہ اس ناہموار سرمایہ داری نظام کو ختم کرنے پر صرف کریں تاکہ ایک دن اپنی بقا کے مسائل سے دوچار غرباء کے ہاتھوں خود ان کی بقاء خطرے میں پڑنے سے بچی رہے۔

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: ہو رہا ہے اضافہ ہو دنیا میں یہ ہے کہ دنیا کے ہیں کہ کے لئے

پڑھیں:

امدادی کارکن کیوں مارے جاتے ہیں؟

ایڈ ورکرز یا امدادی کارکن وہ افراد ہوتے ہیں جو انسانی بحرانوں میں مدد فراہم کرنے کےلیے اپنی جان خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ دنیا بھر میں مختلف علاقوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے یہ افراد جنگ، قدرتی آفات، یا دیگر خطرات میں متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کےلیے سرگرم ہوتے ہیں۔ تاہم بعض اوقات یہ امدادی کارکن خود بھی خطرات کا شکار ہوجاتے ہیں، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں تنازعات جاری رہتے ہیں۔

آج کل کی دنیا میں تنازعات کہاں نہیں ہیں۔ کہیں آزادی کی جنگ ہے، کہیں حدود اربعہ میں وسعت، کہیں پانی کےلیے لڑائی ہے، کہیں مذہبی آزادی کا جہاد ہے اور کہیں دوسروں کو اپنے زیر اثر لانے کی کوشش اور جدوجہد جاری ہے۔

یہاں امدادی کارکن انسانیت بچانے کےلیے سرگرم ہوتا ہے۔ ایسا ہی امدادی کارکن ’’منظر عابد‘‘ فلسطینی ریڈ کریسنٹ کے ساتھ منسلک ہے اور غزہ کے مظلوموں کی خدمت میں مصروف کار ہے۔ ایک رات اسرائیلی فائرنگ میں اس کے ساتھ والے 15 امدادی کارکن مار دیے جاتے ہیں۔ وہ بچ جاتا ہے اور اس کی آنکھوں کے سامنے ان کی گاڑیوں پر اندھا دھند فائر کیے گئے۔ ریڈ کریسنٹ اور اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 15 امدادی کارکن اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد زخمیوں کی مدد کےلیے بھیجے گئے تھے مگر انہیں فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا اور ان کی لاشیں ایک ہفتے بعد ایک کم گہری قبر سے برآمد ہوئیں، جب کہ ایک کارکن اب بھی لاپتا ہے۔

اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری تنازعہ کئی دہائیوں سے انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی پامالی کا باعث بنتا رہا ہے۔ فلسطین میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں خاص طور پر غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کے کارکنوں کےلیے خطرہ بن چکی ہیں۔ ابتدائی طور پر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اندھیرے میں بغیر لائٹس یا نشانات والی مشتبہ گاڑیوں پر فائرنگ کی تھی اور ان میں نو عسکریت پسند موجود تھے۔ تاہم فلسطینی ریڈ کریسنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو نے اسرائیلی جھوٹ کو بے نقاب کردیا ہے اس وڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایمبولینس، فائر ٹرک اور امدادی کارکنوں کی یونیفارمز واضح طور پر نظر آرہی ہیں، جن پر فائرنگ کی گئی۔ واقعے کے واحد زندہ بچ جانے والے ریڈ کریسنٹ کے پیرا میڈک منظر عابد نے اس ظالمانہ فعل کی تصدیق کی کہ فائرنگ واضح نشان والی ایمرجنسی گاڑیوں پر ہوئی ہے۔

ریڈ کریسنٹ اور اقوام متحدہ نے اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امدادی ٹیموں کو یکے بعد دیگرے کئی گھنٹوں کے دوران نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے لاپتا ساتھیوں کو تلاش کر رہی تھیں۔ ایڈ ورکرز کی ہلاکت کے واقعات میں اسرائیلی فوج کی جانب سے ہونے والی بمباری، فائرنگ، اور دیگر فوجی کارروائیاں شامل ہیں۔ ایسے واقعات کی کئی مثالیں ہیں جہاں امدادی کارکنوں کو ہلاک کیا گیا یا انہیں حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ ہلاکتیں نہ صرف ان افراد کی زندگیوں کا نقصان ہیں بلکہ انسانی ہمدردی کی کوششوں کی مجموعی کامیابی کو بھی متاثر کرتی ہیں۔


2014 میں ہونے والی غزہ کی جنگ کے دوران، کئی امدادی کارکنوں کی ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔ عالمی تنظیموں نے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

مختلف اقوام متحدہ کی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسرائیلی فوج کے ساتھ مسلح جھڑپوں کے دوران بھی ایڈ ورکرز کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی افراد مارے گئے تھے۔

انسانی ہمدردی کے اصول کے تحت، ایڈ ورکرز کو جنگی حالات میں بھی محفوظ رہنا چاہیے اور انہیں باقی لوگوں کی طرح حفاظت فراہم کی جانی چاہیے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی تنظیمیں جنگ زدہ علاقوں میں فریق نہیں ہوتی ہیں اور انہیں محفوظ سمجھا جانا چاہیے۔ ایڈ ورکرز کے ہلاک ہونے کے واقعات پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں جیسے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے بھی ان ہلاکتوں کی تحقیقات اور متاثرین کےلیے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیل کے ہاتھوں ایڈ ورکرز کی ہلاکتیں ایک سنگین انسانی مسئلہ ہے جو نہ صرف ان افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی عکاسی کرتی ہیں بلکہ صحت، تعلیم، اور دیگر انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کو بھی متاثر کرتی ہیں۔

عالمی برادری کو اس مسئلے کا سنجیدگی سے سامنا کرنا چاہیے اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک محفوظ اور شائستہ دنیا کے لیے ضروری ہے کہ امدادی کارکنان کی خدمات کو تسلیم کریں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

متعلقہ مضامین

  • حماس کی جانب سے صہیونی قیدیوں کی رہائی کے لیے شرائط
  • امیر جماعت کا اسلامی ممالک کے سربراہان کے نام خط، غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 20اپریل کو عالمی یوم احتجاج منانے کی تجویز
  • کراچی کے مسائل پر ایم کیو ایم اور اے این پی ہم آواز، مسائل انتظامی مسئلہ قرار
  • پانی کا مسئلہ تقریروں سے حل ہو گا نہ جلسے جلوس سے: عظمیٰ بخاری
  • صدر ٹرمپ امریکہ کو دوبارہ دولت مند بنانے کے اپنے مشن میں غیرمتزلزل ہیں .وائٹ ہاﺅس
  • ٹیرف فیصلے کے بعد ایلون مسک نے سب سے زیادہ رقم کمائی
  • ٹیرف فیصلے کے بعد مسک نے سب سے زیادہ رقم کمائی
  • کشمیر کا مسئلہ ہویا فلسطین جماعت اسلامی نے ہمیشہ آواز بلند کی؛ لیاقت بلوچ
  • امدادی کارکن کیوں مارے جاتے ہیں؟
  • غزہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ، حافظ نعیم، آج ملک گیر مظاہروں، ریلیوں کا اعلان