گنڈاپورسے ملاقات اختلاف ختم کرنے پر گفتگو: امریکی قانون سازی کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں اپوزیشن اتحاد بنائیں گے : بیرسٹرگوہر
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امریکی قانون سازی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔ کسی امریکی وفد سے کوئی رابطہ نہیں۔ اتنے ہی باخبر ہیں جتنے آپ۔ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ الائنس بنائیں گے۔ آئندہ کا لائحہ عمل مشترکہ طے کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن 15 اپریل کو فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ بانی نے کسی پارٹی رہنما کو سازشی نہیں کہا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطوں سے اتنا ہی باخبر ہوں جتنا آپ لوگ ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نفرت نہیں بلکہ ہم بھائی ہیں، آپس میں یہ اختلاف ہوتا رہتا ہے‘ ہم جمہوری پارٹی ہیں کسی کو بولنے سے منع نہیں کرتے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بریک تھرو ہو لیکن فیصلہ عمران خان کا ہی مانا جائے گا جبکہ ماضی میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہوا، ڈائیلاگ نہیں۔ ملک اور جمہوریت کی خاطر‘ ڈائیلاگ ہر صورت ہونے چاہئے اور اس کے لئے عمران خان نے نیک نیتی سے ایک کمیٹی بھی بنائی تھی۔ دریں اثناء بیرسٹر گوہر کی وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور سے ملاقات ہوئی‘ جس میں معاملات پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اختلافات ختم کرنے کی بات پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر کے دیگر متعلقہ پارٹی رہنماؤں سے بھی مسلسل رابطے جاری ہیں۔ بیرسٹر گوہر کی متعلقہ رہنماؤں کو ایک ٹیبل پر لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جمہوری پارٹی میں وقتی اختلافات کوئی بڑی بات نہیں‘ پارٹی میں اختلافات نہیں بلکہ کچھ غلط فہمیاں ہیں‘ امید ہے بعض رہنماؤں میں غلط فہمیاں جلد دور ہو جائیں گی۔ ادھر تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین کے اسد قیصر‘ عاطف خان اور شہرام ترکئی سے متعلق بیان پر اظہار تشویش کیا گیا۔ متعدد ارکان نے علی امین کے بیان پر اظہار ناراضی کیا۔ ارکان نے کہا کہ اہم عہدے پر بیٹھ کر غیر ذمہ دارانہ بیان پارٹی کے نقصان کا سبب ہے۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اسد قیصر نے ٹیلی فون کے ذریعے ارکان کو معاملے سے آگاہ کیا۔ عاطف خان نے علی امین کے بیان پر تحفظات کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تفصیل پارلیمانی پارٹی کے سامنے پیش کی۔ زرتاج گل نے کہا کہ پارٹی کے کسی رکن کو معزز ممبر کیخلاف الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔ ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں جو بانی کی رہائی میں رکاوٹ بنیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بیرسٹر گوہر نے نے کہا کہ پی ٹی آئی علی امین
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر سمیت 5 وکلاء کی ملاقات، فیملی ممبران کو اجازت نہ ملی
بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں بیرسٹر گوہر سمیت 5 وکلا نے ملاقات کی جبکہ پارٹی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی اور فیملی ممبران کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا دن تھا اور پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت 5 وکلا نے ان سے ملاقات کی جبکہ فیصل چوہدری لسٹ میں نام نہ ہونے کے باوجود ملاقات کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی اور ذرائع کے مطابق 35 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال۔ پارٹی امور اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر مشاورت کی گئی۔ بانی سے فیملی کی ملاقات نہ کرانے سے متعلق بھی بات ہوئی۔
ملاقات کرنے والوں میں بیرسٹر گوہر ، فیصل چوہدری، سلمان صفدر، رائے سلمان کھرل اور علی عمران شہزاد شامل تھے۔
گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ کی جانب سے جیل سپرنٹینڈنٹ کو آج کی ملاقات کیلئے بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، سلمان صفدر، نیاز اللہ نیازی، نعیم پنجوتھہ اور ظہیر عباس کے نام شامل تھے تاہم لسٹ میں شامل صرف دو لوگوں بیرسٹر گوہر اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، نورین خانم، عظمیٰ خانم اور کزن قاسم نیازی کو جیل انتظامیہ نے ملنے کی اجازت نہ دی۔
بشریٰ بی بی سے ان کی بیٹی مہر النسا اور بھابھی کی ملاقات بھی جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی جو تقریباً40 منٹ تک جاری رہی۔