کسان تنظیمیں متحد ہو کر 15 اپریل کو پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں دھرنے دیں، حافظ نعیم الرحمن
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
منصورہ میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کسان دشمنی کی تمام حدیں عبور کر چکی ہے، گندم کی امدادی قیمت چار ہزار روپے فی من، ٹیوب ویلز کے لیے بجلی کے فلیٹ ریٹ کے ساتھ ساتھ حکومت زرعی ادویات بیج، کھادوں اور زرعی آلات کی قیمتوں میں بھی کمی کرے، کسانوں کو بلاسود قرضے دیے جائیں۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کسانوں سے چار ہزار فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے، روٹی کی قیمت دس روپے سے تجاوز نہ کرے، ٹیوب ویل کے لیے بجلی کا فلیٹ ریٹ مقرر کیا جائے، شوگر مافیا حکومت کا حصہ ہے اور کسان کا بدترین استحصال کر رہا ہے، مطالبات کے حق میں کسان تنظیمیں متحد ہو کر 15 اپریل کو پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں دھرنے دیں، کاشت کار ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت احتجاج میں شرکت کریں، 15 اپریل کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، دیہاتوں سے لاہور اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آپشن بھی استعمال کریں گے، کسانوں کو اپنے حق کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے زراعت اور کسان کو درپیش مسائل، گندم کی پیداوار، مناسب قیمت، خریداری پالیسی کے حوالے سے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کی میزبانی میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر پنجاب جنوبی سید ذیشان اختر، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، صدر کسان بورڈ پنجاب وسطی رشید منہالہ، پی پی رہنما حسن مرتضی، سابق آئی جی پنجاب ظفر عباس لک، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، حفیظ اللہ نیازی، میاں حبیب اللہ، کسان تنظیموں کے سربراہان، سیاسی ومذہبی پارٹیوں کے لیڈران اور وکلا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے شرکا نے کسانوں کی زبوں حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کسان دشمنی کی تمام حدیں عبور کر چکی ہے، گندم کی امدادی قیمت چار ہزار روپے فی من، ٹیوب ویلز کے لیے بجلی کے فلیٹ ریٹ کے ساتھ ساتھ حکومت زرعی ادویات بیج، کھادوں اور زرعی آلات کی قیمتوں میں بھی کمی کرے، کسانوں کو بلاسود قرضے دیے جائیں، گندم کی مارکیٹ کو اوپن کر کے اس کی نقل و حرکت پر پابندی ختم کی جائے، شوگر مالکان کسانوں کے اربوں روپے دبائے بیٹھے ہیں، گنے کی قیمت کا چینی کے ریٹ کے تناسب سے تعین کیا جائے۔
امیر جماعت نے آل پارٹیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمرانوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومت کی معیشت اشتہاروں پر چل رہی ہے، زمینی حقائق قطعی مختلف ہیں، زراعت سے 60فیصد آبادی وابستہ ہے، صرف چار سے پانچ فیصد بڑے جاگیردار بقیہ چھوٹے کاشت کار ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں، ان کے بچے سکولوں سے باہر ہیں، انھیں علاج معالجہ کی سہولیات اور بنیادی حقوق تک دستیاب نہیں، تمام کسان تنظیموں کو جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم آفر کرتے ہیں، یہ اپنے مطالبات کے لیے متحد ہو جائیں، ہمیں کریڈٹ کا کوئی مسئلہ نہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی کرتے ہوئے آل پارٹیز کی قیمت گندم کی کے لیے
پڑھیں:
غزہ جارحیت، جماعت اسلامی کا امریکی سفارت خانے کے گھیراؤ کا اعلان
جماعت اسلامی کی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر،جمعہ 11اپریل کو ملک بھر میں غزہ کی حمایت میں احتجاج ، 13اپریل کو کراچی میں فلسطین مارچ ہوگا،20اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ ہوگا
پوری دنیا میں فلسطین کے معاملہ پر قبرستان جیسی خاموشی ہے، پاکستان سے پارلیمنٹرین کا وفد ترکیہ، ایران، ملائیشیا سعودی عرب، مصر سمیت مسلم ممالک سے بات کرے کہ اسرائیلی گھیراؤ کو توڑا جائے ، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے آج سے جماعت اسلامی کی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر کرنے کا اعلان کردیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی آج سے اپنی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ 11 اپریل کو ملک بھر میں غزہ کی حمایت میں احتجاج کریں گے ، 13 اپریل کو کراچی میں فلسطین مارچ ہوگا، 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان سے پارلیمنٹرین کا وفد ترکیہ، ایران، ملائیشیا سعودی عرب، مصر سمیت مسلم ممالک سے بات کرے کہ اسرائیلی گھیراؤ کو توڑا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطین کے معاملہ پر قبرستان جیسی خاموشی ہے ، امریکا، برطانیہ اور یورپ کے چہرے کا نقاب اتر چکا ہے ، ثابت ہوگیا مغرب آج بھی اتنا ہی وحشی ہے جتنا ڈارک ایجز میں تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک نے بھی بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے ، مسلم ممالک غیرت کا مظاہرہ کرتے تو جو کچھ آج غزہ میں ہورہا ہے شاید ایسا نہ ہوتا۔حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے حکومت سے بات کریں گے ، جب وزیر اعظم سے بات ہوئی تب بھی غزہ میں قتل عام کی طرف انکو توجہ دلائی تھی۔