اڈیالہ کے باہر ممکنہ دھرنا، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان تحریک اںصاف کے بانی چیئرمین کی بہن علیمہ خان کے اڈیالہ جیل کے باہر ممکنہ دھرنے کے پیش نظر پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو اسلام آباد میں ہی رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق علیمہ خان کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر ممکنہ دھرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی نے ایم این ایز، ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کو اسلام آباد کے قریب رہنے کی ہدایت کی ہے۔
علیمہ خان نے کہا تھا کہ اگر منگل کوبانی چئیرمین سے ملاقات نہیں کروائی جاتی تو اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دوں گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد بچھڑ کی جانب سے بھی دھرنے میں شریک ہونے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی جانب سے دھرنے میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ عالیہ حمزہ نے بھی دھرنے میں شریک ہونے کی حامی بھر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی لیڈر شپ میں چند رہنما دھرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات نہ ہونے کی صورت میں دھرنا دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا اور گزشتہ روز کی بیٹھک میں اس حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا تھا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر ایم کیو ایم کا شدید ردعمل
کراچی:متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ شہر کا بڑا حصہ 16 گھنٹوں سے زائد وقت تک بجلی سے محروم ہے، کے الیکٹرک نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر شہر میں اجارہ داری قائم کر رکھی ہے جس کا مقصد صرف شہریوں کو لوٹنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد مرتبہ یقین دہانیاں کرانے کے باوجود کے الیکٹرک کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ادارہ مکمل بے حسی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے اراکینِ اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی معاشی شہ رگ پر ڈھائے جانے والے کے الیکٹرک کے مظالم کو بند کروانے میں فوری کردار ادا کریں۔
حق پرست اراکین نے سوال اٹھایا کہ کیا روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں دھکیلنا کسی باقاعدہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے؟۔ کے الیکٹرک کے بعض ملازمین کی سرپرستی میں کنڈا مافیا پورے شہر میں سرگرم ہے جس کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔
اراکین نے الزام عائد کیا کہ ترسیلی نظام پر قابض کے الیکٹرک شہریوں کو بنیادی سہولت دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔