کراچی: اسٹیل مل ملازمین کا احتجاج، ریلوے ٹریک بند، وزیر ریلوے کا وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
کراچی میں اسٹیل مل کے ملازمین کے جاری احتجاج کے باعث ریلوے آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ اسٹیل مل ورکرز کی جانب سے ریلوے ٹریک پر احتجاج جاری ہے، جس کے باعث گزشتہ سات گھنٹوں سے ٹرین آپریشن معطل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں جس پر انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے تعاون کی درخواست کی ہے تاکہ ٹریک کلیئر کرایا جا سکے۔
وزیر ریلوے کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے مظاہرین سے بات چیت کرنے اور ٹریک کلیئر کروانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیل مل ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں ریلوے ٹریک پر احتجاج کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان ریلوے کے80 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا
پاکستان ریلوے کے ذیلی ادارے شعبہ پراکس سے 80 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فارغ کیے جانے والے ملازمین میں ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل، سپروائزر بکنگ آفس، بکنگ کلرک اور نائب قاصد ہیں۔
ان کے علاوہ ڈرائیور، اسسٹنٹ ریزرویشن کلرک، جونیئر کلرک، کمپیوٹر ٹیکنیکل سمیت دیگر کیٹیگری کے ملازم شامل ہیں۔
فارغ ہونے والوں ملازمین میں زیادہ تر تعداد بکنگ کلرکس کی ہے جس میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
ذرائع نے کہا کہ نوکریوں سے فارغ کیے جانے والے بیشتر ملازمین کئی سالوں سے پراکس میں کام کر رہے تھے، ملازمین کی بڑی تعداد نوکریوں سے فارغ ہونے سے دیگر ملازمین میں مایوسی پیدا ہو گئی ہے۔
نوکریوں سے فارغ ہونے والے ملازمین کا تعلق لاہور۔راولپنڈی اور کراچی سے ہے، ملازمین کا کہنا تھا کہ ہمیں نوٹس دیئے بغیر اچانک نوکریوں سے فارغ کر کے بیروز گار کر دیا گیا۔