وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ڈی آئی خان کے علاقے ٹکواڑہ میں آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈی آئی خان کے علاقے ٹکواڑہ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں اہم دہشت گرد شریں سمیت 9 خوارج کے جہنم واصل کیے جانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے شریں جیسے سفاک دہشت گرد جو معصوم شہریوں اور ہمارے جوانوں کے خون سے ہاتھ رنگتے ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانا پوری قوم کی آواز ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ کیپٹن حسنین اختر شہید کے قاتل کو انجام تک پہنچا کر سکیورٹی فورسز نے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ شہداء کے لہو کا حساب بھی چکا دیا ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور بہادری کی بدولت ملک میں امن قائم ہو رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست پاکستان ہر قیمت پر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی، اور بلوچستان حکومت مکمل طور پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے جاری سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران بھی فورسز کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے وزیر اعلی نے کہا کہ
پڑھیں:
افغانستان سے دراندازی پھر ناکام، 8 خوارج ہلاک، 4 گرفتار
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سکیورٹی فورسز نے خیبرپی کے کے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک-افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے گروپ نے گزشتہ رات شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی تھی۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا سکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش پھر ناکام بنادی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے موثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے کہتا رہا ہے۔ توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ ترجمان پاک فوج نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان خارجیوں کو پاکستان میں دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔ توقع ہے افغان حکومت پاکستان کے خلاف افغانستان سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔ فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے 8 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج ملکی سرحدوں کی ہمہ وقت حفاظت کیلئے پرعزم ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیرِاعظم نے 8 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے اور چار کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان ملکی سرحدوں سے کسی بھی قسم کی شر انگیزی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 8 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم دراندازی کرنے والے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔