Express News:
2025-04-07@17:13:19 GMT

عید کی کچھ ضروری معلومات

اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT

 اگرچہ یہ نہایت غیرضروری ہے پھر بھی ہماری خواہش ہے کہ ہم آپ کو عیدالفطر کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کریں۔ عید پوری امت مسلمہ مناتی ہے، لیکن ہم پاکستانی خاص ’’ہیں‘‘ ترکیب میں، اس لیے دو دو عیدیں بھی منا لیتے ہیں۔

دراصل دو کا ہندسہ ہماری تاریخ کا حصہ اور قسمت میں لکھا ہے، اس ہندسے سے ہمارا تعلق دو قومی نظریے سے شروع ہوا، پھر مغربی پاکستان اور مشرقی پاکستان کی صورت میں دو پاکستان وجود میں آئے، جس کے بعد دو قومی زبانیں اردو اور بنگلا اپنائی گئیں، آخر ملک دو لخت ہوگیا اور یو دو پاکستانوں کو بڑی مشکل اور محنت سے ہم نے ایک کرلیا، مگر دو سے جان نہ چھوٹی، جن اچھے دنوں کی امید تھی۔

 ان میں سے دو آرزو میں کٹ گئے دو انتظار میں، انتہا تو یہ ہے کہ ہم جمہوریت اور آمریت کے بارے میں بھی دو دل ہونے کی کیفیت میں رہتے ہیں کہ ان میں سے کون ہمارے ساتھ زیادہ برا کرتی ہے، کبھی ہمیں ’’دو منہ کے‘‘ سیاست دانوں نے ڈسا تو کبھی صدر اور سالار کی دوہری ذمے داریاں سنبھالنے والوں نے کاٹ کھایا، اس سب کا نتیجہ یہ ہے کہ دو نمبری ہماری معیشت، سیاست اور صحافت سمیت ہر شعبے کا خاصا ہے اور ہمارے قومی نعرے حقوق۔۔۔دو۔۔۔جواب۔۔۔دو، حساب۔۔۔دو بن چکے ہیں۔ ایسے میں دو عیدوں پر حیرت کیسی، بلکہ ہمیں تو خوش ہونا چاہیے کہ چپڑیاں اور وہ بھی دو دو۔

عید چاند دیکھ کر منائی جاتی ہے، کبھی لوگ خود عید کا چاند دیکھتے تھے، اور اس بہانے اردگرد چھتوں پر اپنے اپنے طے شدہ اور مطلوبہ چاند بھی دیکھ لیتے تھے، لیکن برسوں سے یہ فریضہ رویت ہلال کمیٹی نبھارہی ہے، اس کمیٹی کی برکت سے ہمیں یہ گراں قدر اور ناگزیر آگاہی میسر آجاتی ہے کہ کس کس مولانا نے ہماری خاطر چاند دیکھنے کے لیے وقت لگاکر، کشٹ اٹھاکر، فلک بوس عمارت کی چھت پر جاکر، دوربین میں آنکھ جماکر کر آسمان پر چاند تلاش کیا، اور پھر یہ علماء کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے جس میں طے پایا کہ چاند نہیں ہوا۔

یوں ہم کمیٹیاں ڈال کر بڑے آرام سے عید کی تیاری کرلینے والے کم ازکم دقتیں اٹھا کر چاند ڈھونڈنے والے رویت ہلال کمیٹی کے شرکا کے ناموں سے واقف ہوجاتے ہیں تو یہ بھی کیا کم ہے! ’’ڈھونڈنے‘‘ کے لفظ سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ چاند لاپتا ہوتا ہے، ویسے یہ ہو بھی سکتا تھا اگر چاند آفاقی ہونے کے بجائے مقامی ہوتا تو ممکن تھا کسی حقیقت پر روشنی ڈالنے کی خطا پر غائب کردیا جاتا، اگر ایسا ہوتا تو ہزار کمیٹیاں بھی بنالی جاتیں رویت ہلال نہ ہوپاتی۔ ہماری سادگی دیکھیے کہ ہم برسوں یہ سوچتے رہے کہ چاند تلاش کرنے کے لیے بے چارے علماء کو کیوں زحمت دی جاتی ہے، یہ کام تو پولیس کا ہے! خیرگزری کہ حکم راں ہماری طرح سادہ مزاج نہیں، ورنہ اگر عید کا چاند تلاشنے کی ذمے داری پولیس کو دے دی جاتی تو پولیس حکام اعلان کرتے ’’چاند برآمد کرلیا گیا‘‘، پھر بہ طور ثبوت آسمان کا منظر دکھاتے، جہاں کوئی ڈراسہما ستارہ یا سیارہ خود کو ہلال بنانے کی کوشش میں کمر خم کیے ہوئے کہہ رہا ہوتا ’’ائی تاااا۔۔۔۔ میں عید کا چاند ہوں قسم سے۔‘‘

 سِوَئیں عید کا خاص پکوان ہے۔ سِوَیّاں سیدھے سیدھے، لمبے لمبے تنکوں کی صورت میں بنائی جاتی ہیں، اگر یہ ٹھیک اسی شکل میں پکائی جائیں تو انھیں کھانے والے کے لیے اپنی شکل برقرار رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔ انھیں منہ میں سنبھالنا کئی جماعتوں پر مشتمل حکومت سنبھالنے سے زیادہ دوبھر ہے۔ انھیں ایسے ہی محتاط ہوکر، سنبھل سنبھل کے، بچ بچ کر کھانا پڑتا ہے جیسے ہمارے ہاں بہت سے خوف خدا رکھنے والے حیلوں بہانوں سے سود اور حرام کھاتے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ یہ یہ تار سی لٹکتی سویاں کھانے کی مشقت اٹھا کر ہی ہماری قوم میں یہ صلاحیت پیدا ہوگئی ہے کہ پورے کے پورے ادارے اور اربوں کھربوں روپے سالم نگل لیے جاتے ہیں۔ خیر منائیے کہ ٹیڑھی کھیر سی یہ سیدھی سویاں ہماری سلیقہ مند خواتین کے ہتھے چڑھ گئیں، جنھوں نے ان کا ’’سیدھاپن‘‘ ختم کرکے مختلف ترکیبوں میں ڈھال کر انھیں مزے لے لے کر اور آسانی سے کھانے کے قابل بنادیا۔ پس تو ثابت ہوا کہ اللّہ کی بندی کی سلیقہ مندی سیدھی سِوَیوں کو جو چاہے بناسکتی اور جلیبی جیسے شوہروں کو سِوَئیں کی طرح سیدھا کرسکتی ہے، اس کے بعد شوہر کا بھی جو چاہے بنادے۔

مغربی ممالک کے تاجر کرسمس پر ہر چیز کئی کئی گنا سستی کردیتے ہیں، کردیتے ہوں گے، لیکن ہم سے علامہ اقبال کہہ گئے ہیں ’’اپنی ملت پر قیاس اقوام مغرب سے نہ کر‘‘، چناں چہ اپنے ہاں عید پر اشیاء دگنے چوگنے داموں بکتی دیکھ کر ہم اس قسم کا کوئی قیاس یا موازنہ نہیں کرتے، بلکہ ہم تو سوچتے ہیں کہ منافع کے موقع پر ایسی سخاوت کا چلن ان مغربیوں کی تجارت وصنعت کو تباہ کرکے رہے گا، شاعرمشرق نے یہی تو کہا تھا،’’تمھاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خودکشی کرے گی‘‘، عقل مندی تو یہ تھی کہ تہواروں پر جم کے کمائی کی جاتی، پھر مستحقین کے لیے سڑکوں پر دسترخوان سجادیے جاتے، پہلے شتربے مہار بن کر منافع کمایا جاتا پھر غریبوں کو شترمرغ کھلاکر ثواب کمایا جاتا، لیکن دانش افرنگ، طب مشرق کے ان معجونوں کو کیا سمجھ پائے گی۔ ہمارے تاجر مغرب کی پیروی سے متنفر ہیں، مغربی ممالک جاتے بھی ہیں تو بس یہ دیکھنے کے لیے کہ وہاں کے اہل تجارت جو کر رہے ہیں وہ دیکھیں، تاکہ طے ہوجائے کہ بھائی میا! یہ ہرگز نہیں کرنا۔ پاکستانی تاجر عیدین اور رمضان کے مقدس مواقع پر قیمتیں گھٹانے کو للچانے کا شیطانی حربہ سمجھتے ہیں، اس لیے نرخوں میں اضافے کے ذریعے خریداروں کی لالچ گھٹاتے اور اپنا بینک بیلنس بڑھاتے ہیں۔

 عید کا ایک لازمہ عیدی ہے۔ یہ عیدی دینے کی رسم ہی ہے جس کے باعث بے خبر سے بے خبر اور بھلکڑ سے بھلکڑ حضرات کو بھی یکایک عید کے دن یاد آجاتا ہے کہ خاندان میں کس کے کتنے بچے ہیں، اس وقت وہ ہی رشتے دار اچھے لگتے ہیں جنھوں نے بچے دو ہی اچھے کے نعرے پر عمل کیا ہو۔ جن عزیزوں کے ہاں ’’زچگیاں ہوتی رہیں‘‘ اور قافلہ بنتا گیا۔۔۔۔کا معاملہ ہو، عید پر اُن کے آنے کا سن کر طبیعت بوجھل ہوجاتی ہے اور ان کے گھر جاتے ہوئے پاؤں من من بھر کے ہوجاتے ہیں۔ جیب دونوں صورتوں میں ہلکی ہوتی ہے۔ رہے ایک دو بچوں کے والدین تو وہ اس موقع پر چھے چھے آٹھ اٹھ بچوں والے گھروں میں عیدیاں بانٹنے کے بعد ایک دوسرے کو دیکھ کر آنکھوں ہی آنکھوں اور دل ہی دل میں کہہ رہے ہوتے ہیں ’’اگر دو اور بڑھ جاتے بگڑتا کیا زمانے کا‘‘ پھر ’’حسبِ حالات‘‘ فیصلہ ہوتا ہے کہ کم ازکم۔۔۔اک ’’جنم‘‘ اور مری جاں، ابھی جاں باقی ہے۔

اس سب گہماگہمی اور ساری سرگرمیوں کے درمیان عید کے تین دن گزر جاتے ہیں، اور یہ تہوار بچوں کے چہروں کی دمک، بیٹیوں کی سج دھج، بزرگوں کی شفقت سے مہکتی دعاؤں، بیویوں کی دل آویز مسکراہٹ اور چوڑیوں کی کھنک کے ساتھ مبارک باد، اپنوں کے ساتھ مل بیٹھنے اور پکوانوں کی خوشبو میں ڈھل کر ہمیں مسرت اور راحت کے ڈھیروں لمحات دے جاتا ہے۔ آپ سب کو یہ حسین لمحات اور عید مبارک۔

.

ذریعہ: Express News

پڑھیں:

پانی کے ضیاع پر کارروائی ضروری، حکومت واٹر ایمرجنسی نافذ کرے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر پاکستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) سے رپورٹ طلب کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پی ڈی ایم اے سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے چولستان میں واٹر کرائسس سیچویشن ہے۔ حکومت کو چاہیے واٹر ایمرجنسی نافذ کرے۔ اخبار میں اشتہار دینے سے صرف اخبار والوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ واٹر ویسٹیج کے حوالے سے کافی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ میں کورٹ سے نکلی ہوں یونیورسٹی روڈ پر ہائیڈریٹس ابل رہے تھے۔ پی ایچ اے واٹر کو منٹین نہیں کر رہے۔ شہروں میں ٹیوب ویل کے حوالے سے ٹائم ٹیبل بنانے کی ضرورت ہے۔ پی ایچ اے کی پانی کی وائیلیشن بہت ہے۔ ریس کورس کو نہری پانی سپلائی کرنے والے موگے بند ہیں۔ عدالت نے کہا کہ پانی کے ضیاع پر کریک ڈاؤن کرنا ضروری ہے۔ بڑی سوسائیٹیوں کو پانی کے حوالے سے فائنل نوٹیفکیشن دیں۔ جہاں پائپ سے گاڑی دھلتی نظر آئے اس سوسائٹی کو سیل کردیں۔ پی ایچ اے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آپ میرے پاس آئیں۔ لاہور کا پانی بہت تیزی سے نیچے جا رہا تھا۔ ہم نے بہت محنت سے اس کا لیول رکوایا ہے۔ اس محنت کو ضائع نہیں ہونے دینا۔ ایک عرصے بعد موسم بدل رہا ہے۔ بلڈنگ میں واٹر ریسائیکل پلانٹ لگائیں جائیں۔ بلڈنگز میں چھوٹا ریسائیکل پلانٹ لگے گا تاکہ پانی دوبارہ استعمال ہو۔

متعلقہ مضامین

  • ورزش کو معمول کا حصہ بنانا انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر عبدالسمیع
  • معاشی استحکام کا سفر جاری
  • یو اے ای میں عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان، پاکستان میں کب ہوگی؟
  • تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں،شہباز شریف
  • کوئٹہ کے مقامی بسکٹ کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟
  • 10 منزلہ عمارت جتنا سیارچہ چاند سے ٹکرانے کے قریب
  • ایسا کیوں ہے ہمیشہ ن لیگ کے دور میں چینی اور چکن کی قیمت کو پر لگ جاتے ہیں؟
  • متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان، پاکستان میں کب ہوگی؟
  • پانی کے ضیاع پر کارروائی ضروری، حکومت واٹر ایمرجنسی نافذ کرے: لاہور ہائیکورٹ