UrduPoint:
2025-04-07@12:49:00 GMT

علم پر اجارہ داری کے نقصانات

اشاعت کی تاریخ: 6th, April 2025 GMT

علم پر اجارہ داری کے نقصانات

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 06 اپریل 2025ء) علم کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ یہ نئے خیالات اور افکار کے ذریعے معاشرے میں ترقی کا باعث بنتا ہے۔ تاریخ میں قدیم دور سے موجودہ زمانے تک ہم علم کو ایک دوسری شکل میں بھی دیکھتے ہیں۔ اگر کوئی ایک طبقہ اِس پر اپنی اجارہ داری قائم کر لے تو اُس کی کوشش ہوتی ہے کہ دوسرے طبقوں کو اس سے محروم رکھتے ہوئے اور اُن پر حکومت کر کے انہیں ماتحت بنا کر رکھا جائے۔

ہندوستان میں برہمن ذات کا علم پر تسلط تھا۔ وہ پیدائش سے لے کر موت تک تمام مذہبی رسومات ادا کرتی تھیں جبکہ باقی ذاتیں اُن کے زیرِ نگیں ہوتی تھیں۔ برہمن کے علاوہ دوسری ذاتوں کو ویدوں کا علم حاصل کرنا ممنوع تھا۔ برہمنوں کے علاوہ بَنیوں، مہاجن، سُود خور اور سرکاری عہدیداروں کا مذہبی علم پر تسلّط تھا۔

(جاری ہے)

وہ عام لوگوں کی جہالت سے فائدہ اُٹھا کر اپنے ہی کھاتوں میں قرض۔

سود پر دی ہوئی رقم کا غلط اندراج کر کے اُن سے سالہا سال ادائیگی کی رقم وصول کرتے تھے۔ سرکاری عہدیداراں لگان اور دوسرے ٹیکسوں سے عوام کی محنت سے کمائی ہوئی رقم کو اپنے بنائے ہوئے قوانین کے ذریعے وصول کرتے تھے۔

یورپی مُلکوں میں بھی فیوڈل لارڈز کسانوں کو دیے گئے ٹیکس اور لگان کی رقم کو رجسٹروں میں لکھتے تھے۔ جن کی ادائیگی کسانوں پر قانونی طور پر فرض تھی۔

تاہم جب بھی کسان بغاوت کرتے تھے تو وہ فیوڈل لارڈز کے محلوں پر حملہ کر کے قرض کے رجسٹروں کو جلا دیتے تھے۔ 1789ء کے فرانسیسی انقلاب میں جب دیہاتوں میں بغاوتیں ہوئیں تو باغیوں نے نہ صرف فیوڈل لارڈز کے محلات کو جلایا بلکہ اُن رجسٹروں کو بھی جلا دیا جن پر اُن کے قرضوں کی تفصیل درج تھی۔

حکمراں طبقہ اُس علم سے بھی خوفزدہ رہتا تھا جو اُن کے نظامِ اقتدار کو بدلنے کی بات کرتا تھا۔

ایسے مصنفوں کی کتابوں اور تحریروں کو مِٹا دیا گیا اور صرف اُس علم کی سرپرستی کی گئی جس نے ریاستی اداروں کو تحفظ دیا۔ اِن ریاستی دانشوروں میں مورخ فلسفی، شاعر، ادیب اور آرٹسٹ شامل تھے۔ یورپ میں اس علم کو روکنے کے لیے اُن کی اشاعت پر پابندیاں لگائی گئیں۔ پرنٹنگ پریس جو ایسے اِنقلابی مواد چھاپتی تھیں اُن کو بھی بند کر دیا گیا۔

1815ء میں نیپولین کی شکست کے بعد یورپ میں یہ قانون پاس ہوا کہ طالبعلم لائبریری سے جو کتابیں پڑھنے کے لیے حاصل کرے ان کی فہرست بنائی جائے۔

علم پر پابندی کا یہ ماڈل ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکی مُلکوں کے آمروں نے استعمال کیا اور صرف اُس علم کو قائم رکھا، جو اُن کے نظریات کی حمایت کرتا تھا۔ اس کے دو نتائج نکلے۔ ایک علم کی آزادی پر پابندی لگی اور معاشرے ذہنی طور پر پسماندہ ہوتے چلے گئے۔ جن مُلکوں میں علمی آزادی تھی۔ وہ آگے بڑھتے گئے اور تخلیقی علم کی وجہ سے دوسری قوموں پر اپنی ذہنی برتری کو برقرار رکھا۔

علم کے ساتھ ہی عام طور سے عقل اور دلیل کو اہمیت دی جاتی ہے۔ یعنی دلیل، عقل اور عقیدے کے درمیان فرق کو قائم کیا جاتا ہے اور اس پر زور دیا جاتا ہے کہ فیصلے عقل اور دلیل سے کرنے چاہییں، لیکن یورپی سامراج نے عقل اور دلیل کو نئے مفہوم کے ساتھ اُسے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ مثلاً جب امریکہ میں ریڈ انڈین کی زمینوں پر قبضہ کیا گیا تو یہ دلیل دی گئی کہ چونکہ وہ اس قابل نہیں کہ خالی زمینوں پر کاشتکاری کر سکیں اور اس لیے یورپی لوگوں کے لیے زمینوں پر قبضہ کرنا اور اُنہیں قابلِ کاشت بنانا، ترقی کے لیے ضروری ہے۔

جب یورپی سامراج ایشیا اور افریقہ میں آئے تو یہاں یہ دلیل دی گئی کہ یہ مُلک تہذیبی لحاظ سے پسماندہ ہیں۔ یورپی سامراج اِنہیں مہذب بنائے گا۔ اس دلیل کے تحت اُنہوں نے اپنے سامراجی اقتدار کو جائز قرار دے دیا۔ سامراجی اقتدار میں مشنریز بھی آئے۔ مسیحی مذہب کی تبلیغ کرتے ہوئے اُن کی دلیل یہ تھی کہ اس مذہب نے یورپ کی اقوام کو مُہذب اور ترقی یافتہ بنایا۔

جبکہ ایشیا اور افریقہ کے مذاہب تعصّبات اور تہمات کا مجموعہ ہیں، اور اسی لیے یہ اُن کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ لہٰذا ان کے مذہب کو تبدیل کر کے اِنہیں مہذب قوم بنانے کی ضرورت ہے۔

عِلم اور عقل اور دلیل کے اِس تجزیے سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ اِن کی کوئی ایک جامع تاریخ ممکن نہیں ہے۔ طاقتور اقوام اِنہیں نئے معنی دے کر اپنے مُفادات کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

اس لیے سوال یہ ہے کہ کیا کوئی اخلاقی قدریں ہیں جو طاقتور قوموں کو کمزورں پر استحصال سے روک سکیں؟۔ اب تک تاریخ نے اخلاقیات میں نہ ناانصافی کو روکا ہے نہ ہی ظُلم و ستم کو، اور نہ قتل و غارت گری کو۔ اِن کو جائز ثابت کرنے کے لیے، عقل اور دلیل کو ایک نئے مفہوم میں پیش کیا جاتا ہے۔

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

.

ذریعہ: UrduPoint

کلیدی لفظ: تلاش کیجئے عقل اور دلیل کے لیے ا نہیں

پڑھیں:

آزادی اظہار فیض سے آج تک

پاکستان کی تاریخ آزادی اظہار پر قدغنوں کی ایک طویل داستان ہے۔ یہ کہانی صرف حکومتوں اور ریاستی اداروں کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں تک محدود نہیں بلکہ سماجی مذہبی اور نظریاتی جبرکی بھی عکاس ہے۔ فیض احمد فیض حبیب جالب اور دیگر اہلِ قلم نے ہمیشہ جبر کے خلاف آواز بلند کی مگر ہر دور میں سچ کہنے والوں کوکٹھن راستوں کا سامنا رہا۔ آج جب ہم اکیسویں صدی میں کھڑے ہیں تو آزادی اظہارکی صورتحال زیادہ پیچیدہ اور خوفناک ہو چکی ہے۔

 گزشتہ چند برسوں میں پاکستان میں صحافت اور آزادی رائے کو جس طرح سے نشانہ بنایا گیا، اس کی مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔ صحافیوں کے اغوا قتل اور دباؤ کے بڑھتے واقعات اس امر کی نشان دہی کرتے ہیں کہ حکومتی اور غیر ریاستی عناصر تنقیدی آوازوں کو دبانے کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔ ایک معروف صحافی کا قتل اور صحافیوں کی گمشدگی اور متعدد صحافیوں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات یہ ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان میں سچ بولنا خطرے سے خالی نہیں رہا۔

پاکستان میں کئی ایسے صحافی اور یوٹیوبرز ہیں جو ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ایسے میں ایک اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا آزادی اظہارکا یہ حق صرف آئین کی کتابوں میں قید ہو چکا ہے؟ پاکستان کا آئین دفعہ 19 کے تحت ہر شہری کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے لیکن یہی حق جب طاقتوروں کے خلاف استعمال ہوتا ہے تو اسے بغاوت، غداری اور ملک دشمنی کا لیبل دے دیا جاتا ہے۔

فیض احمد فیض کی شاعری آج بھی زندہ ہے اور اسی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے جیسے وہ کسی حالیہ صورتحال پر لکھی گئی ہو۔’’ ہم دیکھیں گے‘‘ جیسے انقلابی اشعار آج بھی گلیوں عدالتوں اور سڑکوں پر گونجتے ہیں مگر جن زبانوں پر یہ الفاظ آتے ہیں وہی زبانیں خاموش کروا دی جاتی ہیں۔ یہ صرف شاعری اور نغمے نہیں بلکہ جبرکے خلاف ایک مزاحمتی بیانیہ ہے جسے ہر دور میں دبانے کی کوشش کی گئی۔

پاکستان میں آزادی اظہار پر پابندی کی ایک اور شکل خود ساختہ مذہبی اور سماجی جبر ہے۔ کسی بھی ناپسندیدہ رائے کو توہینِ مذہب ملک دشمنی یا اخلاقیات کے خلاف قرار دے کر خاموش کروا دیا جاتا ہے۔کئی ادیب ، صحافی اور طالب علم محض اپنے خیالات کے اظہارکی پاداش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں مشعال خان کا المیہ آج بھی تازہ ہے۔
ڈیجیٹل دور میں جہاں معلومات کی ترسیل پہلے سے زیادہ آسان ہوچکی ہے وہیں خرابیاں بھی پیدا ہوئی ہیں لیکن سنسر شپ کے ہتھکنڈے بھی پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر قدغنیں ویب سائٹس کی بندش اور بعض مخصوص الفاظ پر پابندی اس بات کی علامت ہیں کہ طاقتور قوتیں آزادی اظہار پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ کئی برسوں سے خاص طور پر سیاسی اتار چڑھاؤ کے دوران تنقیدی صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کے خلاف سخت کارروائیاں دیکھنے میں آئیں اور کچھ صحافی تو ملک چھوڑ گئے۔ یہ اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ پاکستان میں طاقتور طبقات کسی بھی قسم کی تنقید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔

صحافت کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کئی ایسے مقدمات دیکھنے میں آئے جہاں عدالتوں نے آزادی اظہار کے حق میں فیصلے دیے مگر ان پر عملدرآمد کرانے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ کیے گئے۔ دوسری طرف ایسے مقدمات بھی درج کیے گئے جن کا مقصد صرف تنقیدی آوازوں کو خاموش کروانا تھا۔

 اگر عالمی سطح پر نظر ڈالیں، تو رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ پاکستان میں صحافت کرنا ایک خطرناک پیشہ بن چکا ہے۔ میڈیا کی آزادی کے حوالے سے پاکستان کا عالمی درجہ مسلسل گرتا جا رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے ہر ممکن حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ صورتحال صرف صحافیوں تک محدود نہیں۔ عام شہریوں کی رائے بھی کنٹرول کرنے کی کوششیں ہوتی ہیں۔ مختلف قوانین کا سہارا لے کر لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے ان پر مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور انھیں ہراساں کیا جاتا ہے۔

یہ سب کچھ ایک ایسے ملک میں ہو رہا ہے جہاں جمہوریت کا دعویٰ کیا جاتا ہے مگر عملی طور پر آمرانہ ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں۔ آزادی اظہار کے بغیر کوئی بھی جمہوری نظام مکمل نہیں ہوتا کیونکہ یہی آزادی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھنے مسائل کو اجاگر کرنے اور عام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔

ضروری ہے کہ صحافی ادیب، دانشور اور عام شہری متحد ہوکر اپنی آواز بلند کریں۔ جبرکے خلاف مزاحمت صرف چند افراد کی ذمے داری نہیں بلکہ یہ پورے سماج کا فرض ہے، اگر آج ہم نے سچ بولنے والوں کے ساتھ کھڑے ہونے سے انکار کردیا توکل جب ہماری آواز دبائی جائے گی، تو کوئی سننے والا نہ ہوگا۔

فیض جالب اور دیگر مزاحمتی آوازیں ہمیں یہی سکھاتی ہیں کہ سچ کا سفرکبھی آسان نہیں ہوتا مگر یہی سفر تاریخ میں امر ہو جاتا ہے۔ آزادی اظہار پر قدغنیں وقتی ہو سکتی ہیں مگر سچ ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔

اسی تناظر میں فیض صاحب نے کیا خوب کہا تھا۔ 

ہم دیکھیں گے
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے
وہ دن کے جس کا وعدہ ہے
جو لوح ازل پہ لکھا ہے
جب ظلم و ستم کے کوہ گراں 
روئی کی طرح اڑ جائیں گے
ہم محکموں کے پائوں تلے
یہ دھرتی دھڑ دھڑ دھڑکے گی
اور اہل حکم کے سر اوپر 
جب بجلی کڑکڑ کڑکے گی
جب ارض خدا کے کعبے سے 
سب بت اٹھوانے جائیں گے 
ہم اہل صفا مردود حرم 
مسند پہ بٹھائے جائیں گے 
سب تاج اچھالے جائیں گے 
سب تخت گرائے جائیں گے 

یہی وہ امید ہے جس کو سینوں میں روشن کیے لوگ آگے بڑھتے جاتے ہیں جو ایک بہتر سماج کے لیے تمام تکلیفیں سہتے ہیں اور ایک بہترکل کا خواب آنکھوں میں سجائے رکھتے ہیں۔
 

متعلقہ مضامین

  • بلوچستان!مولانا کا درد دل
  • بلی سے مکالمہ
  • قرضوں سے نجات ؟
  • کوچۂ سخن
  • درپیش مسائل اور چیلنجز
  • زلزلے کیوں آتے ہیں
  • آزادی اظہار فیض سے آج تک
  • کرکٹ اور کوڑا کرکٹ
  • بانی پی ٹی آئی اول و آخر جیب کترا تھا، خواجہ آصف