مشکلات کے باوجود عوامی ریلیف اولین ترجیح، مشن جاری رکھیں گے، فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے ہوتے ہیں: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 6th, April 2025 GMT
لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں، اتحادی حکومت میں باہمی مثالی اعتماد سازی کی فضا خوش آئند ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے حکومت کے نہروں سے متعلق فیصلے پر بیان بازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا خاصا ہے کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں۔ اتحادی حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے مکمل یکسوئی سے کام کر رہی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے مثبت ثمرات براہ راست چھوٹے طبقے کو منتقل کیے ہیں۔ ملکی معیشت درست سمت میں چل پڑی، آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی اتحادی حکومت کی دن رات انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کی قومی فیڈریشنز میں شفافیت، جوابدہی اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔کھیل، قومی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں، قومی کھیل پالیسی نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش، صنفی مساوات اور ہمہ گیری کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ کھیلوں کے عالمی دن برائے ترقی و امن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ترقی اور امن کے لیے کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان، مثبت تبدیلی کے فروغ، رکاوٹوں کے خاتمے اور سرحدوں سے ماورا اتحاد کے لیے کھیلوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، بین الاقوامی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ملک گیر تربیتی کیمپوں کے انعقاد سے لے کر 2026ء میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاری تک، پاکستان خطے میں کھیلوں کی مہارت اور سیاحت کا مرکز بننے کے لیے پْرعزم ہے۔
اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹرسے + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔وزیرِ اعظم نے خیرمقدم کیا اور کہا کہ مشکلات کے باوجود عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی اور یہ مشن جاری رکھیں گے۔ انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری اور ظلم و ستم پر بین الاقوامی قوتوں کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھانے اور پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ صہیونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ علاوہ ازیں ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کی ابتدائی طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی لا کر عوام کو پورا ریلیف دیا جائے، حکومت کی جانب سے حالیہ کمی کے اعلان کے باوجود ابھی عوام کو مزید ریلیف دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے اور اس کے لیے تمام آئی پی پیز سے بات کرکے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔ غزہ کی صورتحال پر پاکستان زیادہ موثر آواز اٹھائے اور فعال کردار ادا کرے۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بجلی کی قیمتوں میں کمی اعظم شہباز شریف شہباز شریف نے نے کہا کے لیے کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایک لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور کرنے پراطمینان کا اظہار
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج ایک ہی دن میں 1800 پوائنٹس بڑھنے اور 120،000 کی نئی بلند ترین سطح عبور کرنے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کی مثبت سمت حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے۔
جمعہ کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی نرخوں میں بڑی کمی کی گئی ہے جس سے نہ صرف گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ یہ کاروباری برادری اور صنعتوں کے لئے بھی خوش آئند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران معاشی اشاریوں اور کاروباری ماحول میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے ،حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے مثبت ماحول فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔
Post Views: 1