مصطفیٰ عامر قتل کیس؛ گرفتار ملزم ارمغان کے سہولت کار بے نقاب
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
کراچی:
مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم ارمغان کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے اور اس کے سہولت کار بھی بے نقاب ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ ملزم ارمغان کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے اور تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ارمغان کے دو روپوش ذاتی ملازمین رحیم بخش اور عبدالرحیم صرف ملازم ہی نہیں بلکہ ان کے مالیاتی پردہ پوشی کا اہم حصہ تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ دونوں افراد ارمغان کے ذاتی ملازم تھے جن کا آبائی تعلق بہاولپور سے ہے، مگر اب وہ ایف آئی اے کو تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔
ایکسپریس نیوز نے ان دونوں کی تصاویر بھی حاصل کر لی ہیں، جن سے ان کی شناخت مزید واضح ہو گئی ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کے نام پر مجموعی طور پر 6 سمیں رجسٹرڈ پائی گئیں، جن میں سے ایک سم ارمغان خود استعمال کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حیرت انگیز طور پر رحیم بخش کے نام پر موجود ایک نمبر پر "سپریم فنانشل ایسوسی ایٹس" کے نام سے واٹس ایپ اکاؤنٹ بنایا گیا، جس سے مشتبہ کاروباری رابطوں کا سراغ ملا ہے۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ ارمغان نے دونوں ملازمین کے نام پر نہ صرف بینک اکاؤنٹس کھلوائے بلکہ ان اکاؤنٹس کو ذاتی استعمال میں بھی رکھا، تفتیشی ادارے ارمغان اور اس کے مالیاتی نیٹ ورک کے مزید رازوں کی کھوج لگا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
8 سالہ بچی کو ورغلا کر زیادتی کی کوشش کرنے والا دکاندار گرفتار
لاہور:8 سالہ بچی کو ورغلا کر زیادتی کی کوشش کرنے والا دکاندار گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق نواب ٹاؤن کے علاقے میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کا مرتکب ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میرب نامی بچی گھر سے دکان پر چیز لینے گئی تھی ، جہاں ملزم نے دکان کے اندر بچی کو ورغلا کر زیادتی کرنے کی کوشش کی ۔
بچی کے شور کرنے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جسے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے تلاش کرکے اوکاڑہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم راجو کیخلاف مقدمہ درج کرکے جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کا استحصال کرنے والے کسی طرح کی رعایت کے مستحق نہیں۔